• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

عمران خان کو اب شکست تسلیم کرکے استعفیٰ دے دینا چاہیے، بلاول بھٹو زرداری

شائع March 3, 2021
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ پاکستان کی تمام جمہوری قوتوں اور سیاسی جماعتوں کی جیت ہے — فوٹو: ڈان نیوز
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ پاکستان کی تمام جمہوری قوتوں اور سیاسی جماعتوں کی جیت ہے — فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلال بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سینیٹ انتخابات کے نتائج کے بعد وزیر اعظم عمران خان کو اب شکست تسلیم کر لینی چاہیے اور استعفیٰ دے دینا چاہیے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 'یوسف رضا گیلانی کی جیت پی ڈی ایم کی تاریخی کامیابی ہے، ہم نے حکومت کو ہر میدان میں شکست دی ہے، یہ اس وزیر خزانہ کی ناکامی ہے جو حکومت چلا رہا ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'یوسف رضا گیلانی پہلے وزیر اعظم منتخب ہوئے تھے اور اب چیئرمین سینیٹ بھی منتخب ہوں گے'۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کی تمام جمہوری قوتوں اور سیاسی جماعتوں کی جیت ہے اور پاکستان کے جمہوری سفر میں ایک نیا دور شروع ہونے والا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 'کہتے ہیں خان صاحب اسپورٹس مین ہیں، اب انہیں شکست تسلیم کر لینی چاہیے اور استعفیٰ دے دینا چاہیے، یہ صرف اب اپوزیشن کا نہیں بلکہ حکومتی اراکین کا بھی مطالبہ ہے'۔

مزید پڑھیں: یوسف رضا گیلانی اسلام آباد سے سینیٹ کی نشست جیت گئے، عبدالحفیظ شیخ کو شکست

انہوں نے کہا کہ جہاں بھی ظلم ہو جمہوریت ہی بہترین انتقام ہے جبکہ پی ڈی ایم نے سینیٹ انتخابات سے پہلے طے کر لیا تھا کہ عدم اعتماد بھی ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات کے بعد اپوزیشن کا اگلا قدم لانگ مارچ یا عدم اعتماد ہوگا یہ فیصلہ پی ڈی ایم کرے گی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم جمہوریت کی بحالی اور اداروں کی مداخلت کو روکنا چاہتے ہیں، عمران خان کی حکومت کی 3 سالہ کارکردگی سب کے سامنے ہے، عوام سمجھ چکے ہیں کہ وہ بجلی کے بلوں اور مہنگائی کا بوجھ ان کی نالائقی کی وجہ سے اٹھا رہے ہیں۔

اس موقع پر سینیٹ کی اسلام آباد سے جنرل نشست پر کامیابی حاصل کرنے والے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کا شکر گزار ہوں، یہ جمہوریت کی فتح ہے، ضمنی انتخابات میں پی ڈی ایم کی کامیابی کے بعد سب کی نظریں اس نشست پر تھی اور اس میں بھی پی ڈی ایم کو کامیابی ملی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے بھی انہیں فون کرکے اس کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمٰن اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

واضح رہے کہ سینیٹ (ایوان بالا) کی 37 نشستوں پر ہونے والے انتخابات کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج میں اسلام آباد سے یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ کی جنرل نشست جیت لی۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو شکست دی۔

یوسف رضا گیلانی نے 169 جبکہ عبدالحفیظ شیخ نے 164 ووٹ حاصل کیے۔

غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 18، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے 8، مسلم لیگ (ن) نے 5، بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) نے 6، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے 2، جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے 3، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے 2، بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل نے 2 اور آزاد امیدوار نے ایک نشست پر کامیابی حاصل کی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024