• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

یوسف رضا گیلانی کی کامیابی پر اپوزیشن میں خوشی، حکمران جماعت کا نتیجے پر اعتراض

شائع March 3, 2021
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

سینیٹ (ایوان بالا) کی اسلام آباد سے جنرل نشست پر عبدالحفیظ شیخ کے مقابلے میں یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کے اعلان سے ایک جانب جہاں اپوزیشن میں خوشی کی لہر دوڑ گئی وہیں حکمران جماعت کی جانب سے اس نتیجے کو چیلنج کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گِل نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں کہا کہ غیر حتمی طور پر 7 ووٹ مسترد ہوئے ہیں، پانچ ووٹ کا فرق ہے، ابھی اس نتیجہ کو چیلنج کریں گے۔

تاہم انہوں نے ساتھ ہی اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ یہ ابتدائی رد عمل ہے۔

علاوہ ازیں پی ٹی آئی کے رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید خان نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ہارس ٹریڈنگ اپنی بلندی پر، لازمی تحقیقات ہونی چاہیے اور انصاف ہونا چاہیے، کاش اللہ عمران خان کو ملک سے بد عنوانی کو ختم کرنے میں مدد کرے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں عمران خان، آپ کرپشن کے خلاف لڑ رہے ہیں اور انشا اللہ آپ کو کامیابی حاصل ہوگی۔

مزید پڑھیں: یوسف رضا گیلانی اسلام آباد سے سینیٹ کی نشست جیت گئے، عبدالحفیظ شیخ کو شکست

علاوہ ازیں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین بلاول بھٹو زرادی نے ٹوئٹ کی کہ جہموریت بہترین بدلہ ہے۔

بعد ازاں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ٹوئٹ کیا کہ اللّہ تعالی کا شکر جس نے پی ڈی ایم کو فتح دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جعلی مینڈیٹ عوام کے نمائندوں نے واپس چھین لیا، اپنے ہی لوگوں نے دباؤ کے باوجود آٹا چور، چینی چور، بجلی چور، ووٹ چور عوام کے مجرم عمران خان کو ووٹ دینے سے انکار کر دیا، تمہارے پاس اب وزیر اعظم ہاؤس پر قابض رہنے کا کوئی جواز نہیں، ووٹ چور کرسی چھوڑو۔

ایک اور ٹوئٹ میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی صاحب اور پی ڈی ایم کو دلی مبارکباد، مسلم لیگ (ن) کے ممبران، قومی اسمبلی کو بھی مبارکباد اور شاباش کہ نواز شریف کے فیصلے اور بیانیے کا مان رکھا اور جھکنے اور بکنے سے انکار کر دیا۔

خیال رہے کہ سینیٹ (ایوان بالا) کی 37 نشستوں پر آج انتخاب کے لیے خفیہ رائے دہی کے ذریعے پولنگ ہوئی جس کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہوا۔

غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے جنرل نشست پر کامیابی حاصل کی جبکہ حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کی فوزیہ ارشد نے خواتین کی نشست پر مسلم لیگ (ن) کی امیدوار فرزانہ کوثر کو شکست دی۔

ریٹرننگ افسر نے اعلان کیا کہ قومی اسمبلی میں 341 میں سے 340 ووٹ ڈالے گئے، یوسف رضا گیلانی نے 169 جبکہ عبدالحفیظ شیخ نے 164 ووٹ حاصل کیے، پی ٹی آئی کی فوزیہ ارشد نے 174 جبکہ فرزانہ کوثر نے 161 ووٹ لیے، 7 ووٹ مسترد ہوئے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024