• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

ویڈیو میں پیسوں کی کوئی بات نہیں کی، ان ایم این ایز سے کئی بار مل چکا ہوں، علی حیدر گیلانی

شائع March 2, 2021 اپ ڈیٹ March 3, 2021
علی حیدر گیلانی نے کہا کہ کبھی ووٹوں کی خرید و فروخت میں حصہ نہیں ڈالا — فوٹو: ڈان نیوز
علی حیدر گیلانی نے کہا کہ کبھی ووٹوں کی خرید و فروخت میں حصہ نہیں ڈالا — فوٹو: ڈان نیوز

سابق وزیر اعظم و سینیٹ انتخابات میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے اسلام آباد سے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی نے اپنی ویڈیو سے متعلق کہا ہے کہ اراکین قومی اسمبلی سے پیسوں کی کوئی بات نہیں کی اور ان سے کئی بار مل چکا ہوں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی حیدر گیلانی نے کہا کہ 'منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں نظر آنے والی رکن قومی اسمبلی کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے اور وہ میرے دوست ہیں، انہوں نے مجھے بلایا اور کہا کہ ہم یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دینا چاہتے ہیں اور عبدالحفیظ شیخ، جن سے ہماری آج تک کوئی ملاقات بھی نہیں ہوئی، انہیں ووٹ نہیں دینا چاہتے۔'

انہوں نے کہا کہ 'پھر انہوں نے پوچھا کہ اگر ہماری جماعت ہم پر شک کرے اور ہمارا ووٹ ہاتھ میں لینا چاہے تو ہم کیا کریں، میں نے انہیں بتایا کہ اگر آپ کو نشان لگا ہوا بیلٹ پیپر دیں تو آپ یوسف رضا گیلانی پر نمبر لگائیں اور ووٹ فولڈ کرکے بیلٹ باکس میں ڈال دیں جس سے ووٹ ضائع ہوجائے گا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا، میرا ضمیر مطمئن ہے، میں نے پیسوں کی کوئی بات نہیں کی، میں ان ایم این ایز سے کئی بار ملاقات کر چکا ہوں جو میرا حق ہے، ووٹ مانگنا میرا حق ہے اور ایک بار نہیں سو بار ووٹ مانگوں گا، ہم ضمیر کا ووٹ مانگتے ہیں اور کبھی ووٹوں کی خرید و فروخت میں حصہ نہیں ڈالا۔'

مزید پڑھیں: سینیٹ انتخابات: بیٹے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد یوسف گیلانی کو نااہل کیا جانا چاہیے، شہباز گل

علی حیدر گیلانی نے کہا کہ عمران خان نے جس طرح ووٹ خریدا وہ سب کے سامنے ہے، انہوں نے اراکین قومی اسمبلی کو 50، 50 کروڑ روپے فنڈز دیے، کیا یہ ووٹ خریدنا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں، ووٹ کسی بھی رکن کا بنیادی حق ہے، جو اراکین پیپلز پارٹی کو اپنے ضمیر کا ووٹ دینا چاہتے ہیں آج سب نے دیکھا کہ سندھ اسمبلی میں ان کے ساتھ کس طرح کا سلوک کیا گیا، یہ پی ٹی آئی کی روایت ہے کہ وہ اپنے اراکین کو جانور سمجھتی ہے۔

مبینہ ویڈیو

واضح رہے کہ سینیٹ انتخابات میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے اسلام آباد سے جنرل نشست پر امیدوار یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی مبینہ ویڈیو منظر عام پر آئی تھی۔

اس ویڈیو میں وہ مبینہ طور پر پی ٹی آئی کے ایک رکن قومی اسمبلی کو ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتا رہے ہیں۔

تاہم ویڈیو میں موجود افراد کی شناخت واضح نہیں ہوسکی۔

ویڈیو میں علی حیدر گیلانی دوسرے شخص کو بیلٹ پیپر پر دو جگہ نشان لگانے کا طریقہ بتاتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ نمبرز یاد رکھنے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024