• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

سینیٹ انتخابات: بیٹے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد یوسف گیلانی کو نااہل کیا جانا چاہیے، شہباز گل

شائع March 2, 2021 اپ ڈیٹ March 3, 2021
شہباز گل نے کہا کہ یہ مافیا سینیٹ انتخابات صاف و شفاف نہیں ہونے دے گی — فوٹو: ڈان نیوز
شہباز گل نے کہا کہ یہ مافیا سینیٹ انتخابات صاف و شفاف نہیں ہونے دے گی — فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گِل کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو ان کے بیٹے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کے لیے نااہل قرار دیا جانا چاہیے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز گِل نے کہا کہ 'وزیر اعظم عمران خان نے بہت پہلے کہہ دیا تھا کہ جس دن وہ میدان میں آئیں گے یہ تمام چور اکٹھے ہوجائیں گے کیونکہ یہ لوگ ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، پھر تاریخ نے دیکھا کہ ایک دوسرے کے پیٹ پھاڑنے کی باتیں کرنے والوں نے مل کر عمران خان کی حکومت تباہ کرنے کی کوشش کی۔'

انہوں نے کہا کہ 'ایک سامنے آنے والی ویڈیو میں واضح نظر آرہا ہے کہ سپریم کورٹ سے نااہل ہونے والے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کا بیٹا خرید و فروخت کر رہا ہے اور رکن اسمبلی کو بتا رہا ہے کہ آپ نے یا ہمیں ووٹ دینا ہے یا ووٹ ضائع کرنا ہے اور ووٹ ضائع کرنے کے طریقے بتا رہا ہے، ہمیں معلوم ہے کہ ان خاندانوں کا ہر چھوٹا بڑا شخص اس کام میں باہر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'یہ مافیا ہے جس سے ان اراکین اسمبلی کی جانوں کو خطرہ ہے، سندھ میں آج جو کچھ ہوا وہ بھی سب نے دیکھا، ایک رکن سندھ اسمبلی کی ویڈیو میں جو پس منظر تھا وہی پس منظر آج ٹوئٹر پر گردش کرنے والی تصاویر میں بھی نظر آیا جس میں پیپلز پارٹی کی سینیئر قیادت بیٹھی نظر آرہی ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ ان اراکین کو کون اغوا کرکے لے کر گیا ہے اور ویڈیوز کہاں بنائی گئیں۔'

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی، اتحادی جماعتوں کے بعض ارکان نے حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے، بلاول کا دعویٰ

شہباز گل نے کہا کہ 'یوسف رضا گیلانی کے بیٹے نے جو آج گُل کھلایا ہے اور کرپشن کی ویڈیو سامنے آئی ہے اس سے عمران خان کی یہ بات ثابت ہوگئی کہ یہ مافیا سینیٹ انتخابات صاف و شفاف نہیں ہونے دے گی۔'

سینیٹ انتخابات سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کی رائے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ 'عدالت عظمیٰ نے واضح احکامات دیے کہ ٹیکنالوجی استعمال کی جائے اور اس لوٹ مار کو روکا جائے لیکن بدقسمتی سے الیکشن کمیشن کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ اس کے لیے بہت وقت درکار ہے اور ابھی یہ نہیں کیا جاسکتا، حالانکہ وہاں پیش ہونے والے حکومتی وفد نے یہ یقین دہانی کروائی تھی کہ اگر الیکشن کمیشن ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا فیصلہ کرتا ہے تو ہم چند گھنٹوں میں انہیں تمام سہولت فراہم کردیں گے۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'تاہم بدقسمتی سے الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر اس طرح عمل نہیں کیا جس طرح کیا جانا چاہیے تھا، اگر فیصلے پر مکمل عملدرآمد ہوتا تو اس چوری چکاری کو روکنے کا بھی کوئی بندوبست ہوتا۔'

معاون خصوصی نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ اس ویڈیو پر فوری ایکشن لے، یوسف رضا گیلانی کو نااہل کیا جائے کیونکہ ویڈیو میں ان کے اپنے بیٹے ووٹ کی خرید و فروخت کر رہے ہیں، کچھ دیر میں ہمارا وفد الیکشن کمیشن پہنچے گا اور سابق وزیر اعظم کو نااہل کرنے اور فوری ایسے انتظامات کا مطالبہ کرے گا جن سے سینیٹ انتخابات میں شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔'

انہوں نے کہا کہ 'ہمیں اس تمام معاملے پر شدید تحفظات ہیں، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اس مافیا کو نکیل ڈالی جائے، ہم الیکشن کمیشن کو مکمل معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں، یوسف رضا گیلانی کو کل کے انتخابات میں حصہ لینے سے روکا جائے کیونکہ وہ اخلاقی اٹھارٹی کھو چکے ہیں، ان کے بیٹے کو بلا کر پوچھا جائے کہ انہوں نے کس کی ایما پر یہ سودے بازی ہے، سابق وزیر اعظم اور ان کے بیٹے کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور سپریم کورٹ کی رائے پر مکمل عمل کیا جائے۔'

مبینہ ویڈیو

واضح رہے کہ سینیٹ انتخابات میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے اسلام آباد سے جنرل نشست پر امیدوار یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی مبینہ ویڈیو منظر عام پر آئی تھی۔

اس ویڈیو میں وہ مبینہ طور پر پی ٹی آئی کے ایک رکن قومی اسمبلی کو ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتا رہے ہیں۔

تاہم ویڈیو میں موجود افراد کی شناخت واضح نہیں ہوسکی۔

ویڈیو میں علی حیدر گیلانی دوسرے شخص کو بیلٹ پیپر پر دو جگہ نشان لگانے کا طریقہ بتاتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ نمبرز یاد رکھنے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024