• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پی ایس ایل 2021: گلیڈی ایٹرز کی شکستوں کا سلسلہ دراز، یونائیٹڈ کی 6 وکٹوں سے فتح

شائع March 2, 2021 اپ ڈیٹ March 3, 2021
حسن علی نے گلیڈی ایٹرز کی ابتدائی وکٹیں حاصل کیں—فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
حسن علی نے گلیڈی ایٹرز کی ابتدائی وکٹیں حاصل کیں—فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
اسلام آباد یونائیٹڈ کےباؤلرزنے بہتر کارکردگی دکھائی—فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
اسلام آباد یونائیٹڈ کےباؤلرزنے بہتر کارکردگی دکھائی—فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
پال اسٹرلنگ نے 21 گیندوں پر نصف سنچری بنائی—فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
پال اسٹرلنگ نے 21 گیندوں پر نصف سنچری بنائی—فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز رواں سیزن میں پہلی دفعہ مد مقابل ہوں گے—فوٹو: اسلام آباد یونائیٹڈ ٹوئٹر
اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز رواں سیزن میں پہلی دفعہ مد مقابل ہوں گے—فوٹو: اسلام آباد یونائیٹڈ ٹوئٹر
سرفراز احمد نے نصف سنچری بنائی—فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
سرفراز احمد نے نصف سنچری بنائی—فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021 کے 12ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیے گئے 157 رنز کے ہدف کو پال اسٹرلنگ کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت 4 وکٹوں کے نقصان پر 17 اوورز میں حاصل کر کے ایونٹ میں تیسری فتح حاصل کرلی۔

قبل ازیں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کپتان سرفراز احمد کی نصف سنچری کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 156 رنز بنائے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو باؤلرز نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو حسن علی کے پہلے اوور میں صائم ایوب نے ایک چوکے کی مدد سے 5 رنز بنائے لیکن پانچویں گیند پر پال اسٹرلنگ کو کیچ دے دیا۔

کیمرون ڈیلپورٹ اور فاف ڈیوپلیسی نے جارحانہ انداز میں کھیلنے کی کوشش کی لیکن 21 کے مجموعے پر فہیم اشرف نے ڈیلپورٹ کو آؤٹ کردیا۔

گلیڈی ایٹرز کو تیسرا اور بڑا دھچکا حسن علی نے پہنچایا جب ڈیوپلیسی 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

فہیم اشرف نے 41 کے اسکور پر اعظم خان کو بھی آؤٹ کیا جنہوں نے صرف 4 رنز بنائے۔

بین کٹنگ نے کریز پر آتے ہی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن محمد وسیم کی گیند پر ان کا کیچ بھی گرایا گیا، جس کے بعد انہوں نے ایک چھکا بھی لگایا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان نے 10ویں اوور کی پانچویں گیند پر خطرناک ثابت ہونے والے کٹنگ کی وکٹ حاصل کی، کٹنگ نے دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 23 رنز بنائے۔

کپتان سرفراز احمد نے ٹیم کو بڑے اسکور کی طرف لے جانے کی جدوجہد جاری رکھی اور 4 چھکوں کی مدد سے نصف سنچری مکمل کی۔

سرفراز احمد نے محمد نواز کے ساتھ مل ٹیم کا اسکور 71 رنز سے 134 رنز تک پہنچایا۔

فہیم اشرف نے 54 رنز پر کھیلنے والے گلیڈی ایٹرز کے کپتان کو آؤٹ کردیا، ان کی اننگز میں 3 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔

زاہد محمود آخری اوور میں 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

محمد نواز نے 29 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 31 رنز بنائے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 156 رنز بنائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں۔

پال اسٹرلنگ نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے پہلے اوور میں ایک چھکے اور 2 چوکوں کی مدد سے 14 رنز بٹورے۔

انہوں نے برق رفتاری سے بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور چوتھے اوور میں ہی ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی۔

زاہد محمود نے گلیڈی ایٹرز کو پہلی کامیابی دلائی اور الیکس ہیلز کی وکٹیں اڑا دیں، جنہوں نے 13 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 23 رنز بنائے تھے۔

پال اسٹرلنگ بھی زاہد محمود کا شکار بنے لیکن وہ برق رفتار 56 رنز بنا چکے تھے اور ٹیم کا اسکور 93 رنز تھا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی تیسری وکٹ 130 رنز پر گری، روحیل نذیر نے شاداب خان کے ساتھ مل کر تسری وکٹ پر 37 رنز کا اضافہ کیا۔

روحیل نذیر 34 رنز بنا کر ڈیل اسٹین کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

شاداب خان کو فاسٹ باؤلر محمد حسنین نے آؤٹ کیا، جنہوں نے 21 رنز بنائے تھے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے 17 اوورز میں 4 وکٹوں پر 157 رنز بنا کر میچ 6 وکٹوں سے جیت لیا اور 2 قیمتی پوائنٹس حاصل کر لیے۔

آصف علی 16 اور حسین طلعت ایک رن بنا کر ناقابل شکست رہے۔

فہیم اشرف کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

خیال رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ کل شیڈول تھا لیکن اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی فواد احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد میچ ملتوی کردیا گیا تھا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم تاحال کسی میچ میں فتح کے حصول میں ناکام رہی ہے اور کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کرپائی۔

پی ایس ایل کی جانب سے ٹوئٹر میں کہا گیا کہ میچ سے قبل ٹیکنیکل کمیٹی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو اس میچ میں کم از کم دو غیر ملکی کھلاڑیوں کو شامل کرنے کی اجازت دی تھی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے پاس اس وقت صرف تین غیر ملکی کھلاڑی موجود ہیں۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں:

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز: سرفراز احمد (کپتان)، فاف ڈیوپلیسی، کیمرون ڈیلپورٹ، اعظم خان، صائم ایوب، بین کٹنگ، محمد نواز، زاہد محمود، ڈیل اسٹین، محمد حسنین، نسیم شاہ

اسلام آباد یونائیٹڈ: شاداب خان (کپتان)، پال اسٹرلنگ، روحیل نذیر (وکٹ کیپر)، ایلکس ہیلز، حسین طلعت، آصف علی، افتخار احمد، فہیم اشرف، حسن علی، موسیٰ خان، محمد وسیم

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024