• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

آئی سی سی کی شاہد آفریدی کو سالگرہ کی مبارکباد

شائع March 1, 2021
سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی 44 برس کے ہوگئے ہیں— فائل فوٹو: کرک انفو
سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی 44 برس کے ہوگئے ہیں— فائل فوٹو: کرک انفو

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی 44 برس کے ہوگئے ہیں اور ان کے جنم دن پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور کرکٹرز کی جانب سے سالگرہ کی مبارکباد دی گئی ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ٹوئٹ میں بوم بوم آفریدی کو سالگرہ کی مبارکباد دی گئی۔

ٹوئٹ میں آئی سی سی نے لکھا کہ شاہد آفریدی نے اپنی پہلی ون ڈے اننگز میں 37 گیندوں پر سنچری بنائی تھی اور اب تک ایک روزہ میچز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ بھی بوم بوم آفریدی کو حاصل ہے۔

ای ایس پی این کرک انفو نے لارڈز میں 2009 میں سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے میچ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے شاہد آفریدی کو سالگرہ کی مبارکباد دی اور ساتھ میں 'بوم بوم' بھی لکھا۔

فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے شاہد آفریدی کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں جنم دن کی مبارکباد پیش کی اور لکھا کہ آپ ہمیشہ ایسے ہی ہنستے رہیں۔

عماد وسیم نے لکھا کہ 'سالگرہ مبارک لالہ شاہد آفریدی، اللہ ہمیشہ آپ کو خوش اور صحت مند رکھے، آمین'۔

بابر اعظم نے لکھا کہ صرف چند لوگ ہی کھیل پر گہرا اثر چھوڑتے ہیں اور وہ ان میں سے ایک ہیں، کرکٹ کے سپر اسٹار صاحبزادہ محمد شاہد خان آفریدی کو سالگرہ کی مبارکباد۔

انہوں نے مزید لکھا کہ دعا ہے آپ انسانیت کے لیے امید اور محبت کا پیغام پھیلاتے رہیں۔

شعیب ملک نے بھی شاہد آفریدی کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔

لارڈز کرکٹ گراؤنڈ کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شاہد آفریدی کو ان کی سالگرہ کے موقع پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا گیا کہ یہ پرفارمنس پی سی بی کے مداح ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

علاوہ ازیں شاہد آفریدی نے خود بھی ٹوئٹ کی اور لکھا کہ سالگرہ کے موقع پر نیک خواہشات کا شکریہ، میں 44 برس کا ہوگیا ہوں، میرے اہلخانہ اور مداح میرا سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔

شاہد آفریدی نے اکتوبر 1996 میں کینیا کے خلاف ایک روزہ میچ میں ڈیبیو کیا تھا اور انہوں نے پاکستان کی جانب سے آخری ایک روزہ میچ مارچ 2015 میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلا تھا۔

انہوں نے 398 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز کھیلے جن میں انہوں نے 23 اعشاریہ 57 کی اوسط سے 8 ہزار 54 رنز بنائے اور 351 چھکے لگائے۔

وہ ان دنوں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 6 میں ملتان سلطانز کا حصہ ہیں اور ان کی پرفارمنس کو بہت پسند کیا جارہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024