لولی وڈ کے ’رانجھا‘ اعجاز درانی انتقال کر گئے
پاکستانی فلموں کے رومانوی ہیرو کہلائے جانے والے اور 1970 کی مقبول فلم ’ہیر رانجھا‘ میں ’رانجھا‘ کا کردار ادا کرنے والے اداکار اعجاز درانی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔
اعجاز درانی نے اپنی زندگی کا نصف سے زائد حصہ فلم انڈسٹری کو دیا اور انہیں پاکستانی فلم انڈسٹری کے سنہرے دور کے چند مقبول اداکاروں میں شمار کیا جاتا ہے۔
اعجاز درانی متحدہ ہندوستان میں حالیہ پاکستان کے صوبے پنجاب کے ضلع گجرات کے گاؤں میں پیدا ہوئے اور نوجوانی میں 1956 میں ہی اداکاری کا آغاز کردیا۔
اعجاز درانی نے ’حمیدہ‘ فلم سے اداکاری کا آغاز کیا تاہم انہیں 1960 کے بعد شہرت ملنا شروع ہوئی۔
اعجاز درانی نے شاندار فلمی کیریئر کے دوران 150 سے زائد فلموں میں کام کیا، ان کی مقبول فلموں میں ’ڈاکو کی لڑکی، گلبدن، عزت، وطن، فرشتہ، شہید، دوشیزہ، بدنام، سرحد، دوست دشمن، گناہ گار، بیٹی، بیٹا، دھوپ اور سائے، جوانی مستانی، ظال، دلبر، دلدار، ناجو، پاک دامن، ہیر رانجھا، زرقا، سلطان، ضدی اور شعلے‘ سمیت دیگر شامل ہیں۔
اعجاز درانی نے جہاں فلمی کیریئر میں رومانوی ہیرو کے طور پر اپنی شناخت بنائی، وہیں حقیقی زندگی میں بھی انہوں نے ملکہ ترنم نورجہاں اور مقبول اداکارہ فردوس بیگم سے شادی کرکے خود کو حقیقی رومانوی شخص کے طور پر منوایا۔
اعجاز درانی کو ملکہ ترنم نورجہاں سے تین بیٹیاں ہیں اور دونوں کی شادی محض ایک دہائی تک ہی چل سکی تھی۔
اعجاز درانی نے ملکہ ترنم نور جہاں سے طلاق کے بعد اداکارہ فردوس بیگم سے شادی کی تھی مگر یہ شادی بھی کامیاب نہ ہوسکی، انہوں نے مجموعی طور پر تین شادیاں کیں۔
اعجاز درانی طویل العمری کے باعث گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے اور وہ ہسپتال میں بھی زیر علاج رہے تھے تاہم یکم مارچ کو وہ انتقال کر گئے۔
ڈان نیوز کے مطابق اعجاز درانی یکم مارچ کو طویل عرصے تک بیمار رہنے کے بعد اپنی رہائش گاہ پر انتقال کر گئے۔
اعجاز درانی کی وفات پر شوبز شخصیات سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کیا اور اداکار کی موت کو فلم انڈسٹری کے لیے نقصان قرار دیا۔