• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

علی گل پیر کا 'ٹی اِز فنٹاسٹک' کے ذریعے '4 درختوں' کو خراج تحسین

شائع February 27, 2021
27 فروری 2019 کو پاک فضائیہ نے بھارتی طیاروں کو مار گرایا تھا— فوٹو: اسکرین شاٹ
27 فروری 2019 کو پاک فضائیہ نے بھارتی طیاروں کو مار گرایا تھا— فوٹو: اسکرین شاٹ

27 فروری 2019 کو پاک فضائیہ نے ملک کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی طیاروں کو مار گرایا تھا اور ان کے پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کرلیا تھا جبکہ اس سے قبل 26 فروری کو بالاکوٹ میں بھارتی دراندازی کی کوشش کے نتیجے میں 4 درختوں کو نقصان پہنچا تھا۔

بعد ازاں بھارتی فضائیہ کے گرائے گئے طیارے کے گرفتار پائلٹ کی ویڈیو جاری کی گئی تھی، جس میں بھارتی پائلٹ نے اپنے بارے میں بتاتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں ونگ کمانڈر ابھی نندن بھارتی فضائیہ کا افسر ہوں‘ اور ان کا سروس نمبر 27981 ہے تاہم ویڈیو میں انہوں نے مزید معلومات فراہم کرنے سے انکار کیا تھا۔

اس کے بعد گرفتار بھارتی پائلٹ کی ایک اور ویڈیو منظر عام پر آئی تھی جس میں ابھی نندن نے مشتعل ہجوم سے بچانے پر پاک فوج کے کیپٹن اور جوانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے رویے کی تعریف کی تھی۔

مزید پڑھیں: پاک فضائیہ نے 'آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ' کو 2 برس مکمل ہونے پر نغمہ جاری کردیا

گرفتار بھارتی پائلٹ کی میڈیا کو جاری کی جانے والی ویڈیو میں ابھی نندن کے ہاتھ میں چائے کا کپ تھا اور انہوں نے پاک فوج کے رویے کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاک فوج کے جوانوں اور افسران کا رویہ متاثر کن ہے۔

بھارتی فضائیہ کی پاکستانی حدود کی خلاف ورزی اور ان کے پائلٹ کی گرفتاری کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ ہم امن کے لیے بھارت کے گرفتار پائلٹ ابھی نندن کو رہا کردیں گے۔

جس کے بعد یکم مارچ 2019 کو پاکستان کی جانب سے بھارتی طیاروں کو گرانے کے بعد گرفتار کیے گئے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو تمام کاغذی کارروائی کے بعد واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کردیا گیا اور وہ واپس اپنے ملک پہنچ گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: 27 فروری: جب پاکستانی شاہینوں نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا

اس واقعے کو اب 2 سال مکمل ہوگئے ہیں اور گلوکار اور کامیڈین علی گل پیر نے مزاحیہ گانے کے ذریعے بالاکوٹ واقعے میں متاثر ہونے والے 4 درختوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

علی گل پیر نے کہا کہ دو سال قبل ہم نے 4 درختوں کو ایک دہشت گرد حملے میں کھودیا تھا یہ میری طرف سے ان کو خراج تحسین ہے۔

انہوں نے جنگل میں بنائی گئی ویڈیو میں فنٹاسٹک چائے اور 26 فروری کو پاکستان میں بھارتی دراندازی کے نتیجے میں گرنے والے درختوں سے متعلق گانا گایا ہے۔

گانے سے متعلق علی گل پیر نے کہا کہ یہ گانا پاکستان کے پُرامن ہونے، ملک کی سفارتکاری اور جذبہ خیرسگالی کا جشن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس دن کو فنٹاسٹک ٹی ڈے کے طور پر منائیں جہاں ہم بھارتی ونگ کمانڈر ابھی نندن کی واپسی اور جوہری تصادم کو روکنے کے اپنے فیصلے پر قائم ہیں۔

علی گل پیر نے یہ بھی کہا کہ وہ یونیفارم میں ملبوس افراد کا بہت زیادہ احترام کرتے ہیں اس سے قطع نظر کہ ان کا تعلق سرحد کی کس جانب سے ہے۔

گلوکار نے کہا کہ ہم کسی بھی ملک کے فوجی اہلکاروں کا بہت احترام کرتے ہیں، جو اپنی اقوام کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں خواہ وہ پاکستان سے ہوں یا نہیں۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک پائلٹ کو واپس کرنا اور امن کی حوصلہ افزائی کرنا ہمارے ملک کی بہادری اور فتح کی علامت ہے۔

مزید پڑھیں: پاک فضائیہ نے 2 بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے، پاک فوج

علی گل پیر کا کہنا تھا کہ اگر چہ جنگ کے حامی میڈیا ادارے اسے ہماری کمزوری سمجھیں، ہم اسے اپنی قوت سمجھتے ہیں اور اب 27 فرروی کو 'فنٹاسٹک ٹی ڈے' کے طور پر مناتے ہیں

ان کے اس گانے کو مداحوں کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے اور مختلف تبصرے کیے جارہے ہیں۔

محمد احمد سہیل نے کہا کہ یہ بہت مزاحیہ ہے۔

انچینٹریس نامی ٹوئٹر ہینڈل نے کہا کہ یہ بندہ مکمل انٹرٹینمنٹ ہے۔

عماد خان نامی صارف نے کہا کہ یہ گانا فنٹاسٹک ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024