• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 2 سال: کسی بھی مہم جوئی پر ہمارا جواب مؤثر ہوگا، سربراہ پاک فضائیہ

شائع February 27, 2021
پاک فضائیہ کے سربراہ نے تقریب سے خطاب کیا—تصویر: پی اے ایف
پاک فضائیہ کے سربراہ نے تقریب سے خطاب کیا—تصویر: پی اے ایف

پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے اور کسی بھی مس ایڈوینچر کی صورت میں ہمارا جواب فوری اور مؤثر ہوگا۔

آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 2 سال مکمل ہونے پر ایئرہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ایک تقریب منعقد ہوئی جہاں پاک فضائیہ کے طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا جبکہ طلبہ نے ملی نغمے بھی پیش کیے۔

اس موقع پر پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرمارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ 27 فروری نہ صرف پاک فضائیہ کی تاریخ کا اہم ترین دن ہے بلکہ یہ ملک کی تاریخ کے لیے بھی اہم ہے، اس تاریخی دن پاک فضائیہ نے ایک بار پھر اپنی شاندار صلاحیت کو منوایا اور ان حملہ آوروں کو ناکام بنایا جنہوں نے غلط اندازہ لگا کر ہماری خودمختاری کو للکارا تھا۔

مزید پڑھیں: پاکستان امن کیلئے کھڑا ہے، للکارا گیا تو پوری قوت سے جواب دیں گے، ترجمان پاک فوج

پاک فضائیہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے اس طرح جواب دیا جس پر ہماری قوم کو فخر ہے، ہم نے فضا میں اپنی بالادستی قائم کی، میں آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ میں پاک فضائیہ کے تمام جوانوں کی جانب سے دکھائی جانے والی پیشہ وارانہ مہارت، بہادری اور عزم کی تعریف کرتا ہوں۔

تقریب میں پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے بھی شریک تھے—تصویر: پی اے ایف
تقریب میں پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے بھی شریک تھے—تصویر: پی اے ایف

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ملک ہے اور اس کی مسلح افواج ہر قیمت پر اپنے ملک کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ عالمی و علاقائی امن خاص طور پر افغانستان، مشرق وسطیٰ کے لیے ہماری کوششیں اور اقوام متحدہ کے امن مشنز کو عالمی برادری کی جانب سے تسلیم کیا جارہا ہے۔

ایئر چیف کا کہنا تھا کہ امن کا ایسا ہی مظہر دنیا نے تب دیکھا جب حکومت پاکستان نے پکڑے گئے بھارتی پائلٹ کی غیرمشروط واپسی کی، تاہم میں یہاں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ہماری امن کی کوشش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں ہمارا جواب فوری، پختہ اور غیرمتزلزل ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: 27 فروری: جب پاکستانی شاہینوں نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کووڈ 19 وبا کے چیلنجز کے باوجود پاک فضائیہ امن برقرار رکھنے اور جارحیت کو ناکام بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، وبا کے دوران پاک فضائیہ کا عزم قابل دید تھا، ہماری بہتر حکمت عملی، کامیابی عملداری اور ٹیم ورک فائدہ مند ثابت ہوا۔

دوران خطاب پاک فضائیہ کے سربراہ نے جوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو قومی دفاع کا مقدس فرض ادا کرنے پر فخر کرنا چاہیے، ہمیں ہمیشہ تیار رہنا چاہیے، یاد رکھیں پاکستان مختلف چیلنجز کا مقابلہ کر رہا ہے جو برقت جواب کی ہماری صلاحیت کا مطالبہ کرتے ہیں، ہمیں زمین اور فضا پر دفاع کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ اپنی تمام صلاحیتوں کو عملی جامہ پہنانے اور مقامی سطح پر کوششوں کے ذریعے جدیدیت کے حصول کے لیے مستقل کوششیں کر رہی ہے۔

اپنے خطاب میں پاک فضائیہ کے سربراہ کا کہنا تھا ہم اپنے مقدس وطن کی حفاظت اور اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر حاصل ہونے والی آزادی کے دفاع کا عہد کرتے ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اس موقع پر میں یہ اعادہ کرتا ہوں کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور حق خود ارادیت کے لیے ان کی جدوجہد کے ساتھ کھڑے ہیں، وقت آگیا ہے کہ وہاں ڈیڑھ سال سے زائد عرصے سے جاری پابندیوں اور لاک ڈاؤن کا خاتمہ ہو۔

واضح رہے کہ27 فروری 2019 تاریخ کا وہ دن ہے جب پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر دنیا کو یہ بتایا تھا کہ مملکت خداداد کے دفاع کے لیے ہم ہمہ وقت تیار ہیں۔

سال 2019 میں 27 فروری کو پاک فضائیہ نے ملک کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی طیاروں کو مار گرایا تھا اور ان کا پائلٹ ابھی نندن بھی گرفتار کرلیا تھا۔

فضائی معرکے میں نئی تاریخ رقم کرنے سے متعلق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل نے بتایا تھا کہ پاک فضائیہ نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی فورسز کے 2 لڑاکا طیاروں کو مار گرایا۔

انہوں نے بتایا تھا کہ ایک بھارتی لڑاکا طیارہ مقبوضہ کشمیر میں گر کر تباہ ہوا جبکہ دوسرا طیارہ پاکستان کے علاقے آزاد کشمیر میں گرا اور ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا تھا کہ پاک فوج نے ایک بھارتی پائلٹ کو گرفتار بھی کرلیا تھا۔

بعد ازاں حکومتِ پاکستان نے بھارتی فضائیہ کے گرائے گئے طیارے کے گرفتار پائلٹ کی ویڈیو جاری کی تھی، جس میں بھارتی پائلٹ نے اپنے بارے میں بتاتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں ونگ کمانڈر ابھی نندن بھارتی فضائیہ کا افسر ہوں‘ اور ان کا سروس نمبر 27981 ہے تاہم ویڈیو میں انہوں نے مزید معلومات فراہم کرنے سے انکار کیا تھا۔

اس کے بعد گرفتار بھارتی پائلٹ کی ایک اور ویڈیو منظر عام پر آئی تھی جس میں ابھی نندن نے مشتعل ہجوم سے بچانے پر پاک فوج کے کیپٹن اور جوانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے رویے کی تعریف کی تھی۔

مزید پڑھیں: بھارتی طیاروں کو مارگرانے کے 2 سال: ہم نے بااعتماد قوم کے طور پر جواب دیا، وزیراعظم

بھارتی فضائیہ کی پاکستانی حدود کی خلاف ورزی اور ان کے پائلٹ کی گرفتاری کے بعد پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ ہم امن کے لیے بھارت کے گرفتار پائلٹ ابھی نندن کو رہا کردیں گے۔

جس کے بعد یکم مارچ 2019 کو پاکستان کی جانب سے بھارتی طیاروں کو گرانے کے بعد گرفتار کیے گئے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو تمام کاغذی کارروائی کے بعد واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کردیا گیا اور وہ واپس اپنے ملک پہنچ گئے تھے۔

بعد ازاں مئی میں ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا تھا کہ 27 فروی کو بھارتی دراندازی پر پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کا جواب تاریخ میں ’آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ‘ کے نام سے یاد رکھا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024