• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

خواتین کے ہراساں کرنے سے متعلق بیان پر اظفر رحمٰن کی وضاحت

شائع February 26, 2021
اداکار کے مطابق انہوں نے جنسی ہراسانی کا لفظ استعمال نہیں کیا تھا— فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکار کے مطابق انہوں نے جنسی ہراسانی کا لفظ استعمال نہیں کیا تھا— فائل فوٹو: انسٹاگرام

حال ہی میں اداکار اظفر رحمٰن نے انکشاف کیا تھا کہ ماضی میں انہیں متعدد ساتھی اداکاراؤں و شوبز سے تعلق رکھنے والی خواتین نے ہراساں کیا۔

اظفر رحمٰن نے ناشپاتی پرائم کے شو ’بائی دی وے‘ میں بات کرتے ہوئے شوبز انڈسٹری میں ’می ٹو‘ مہم سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی تھی اور بتایا تھا کہ کس طرح انہیں ماضی میں خواتین کی جانب سے ہراساں کیا گیا۔

اظفر رحمٰن نے بتایا تھا کہ ہمیشہ خواتین صحیح نہیں ہوتیں اور کبھی بھی کسی کو ہراساں نہیں کیا جانا چاہیے۔

مزید پڑھیں: ماضی میں متعدد خواتین نے ہراساں کیا، اظفر رحمٰن کا انکشاف

اداکار نے ملک میں ’می ٹو‘ مہم پر بات کرتے ہوئے مزید کہا تھا کہ کسی کے ساتھ زبردستی کرنا غلط ہے اور زبردستی کی حمایت نہیں کی جا سکتی، البتہ رضامندی کے ساتھ کچھ بھی کیا جا سکتا ہے۔

اظفر رحمٰن کا کہنا تھا کہ ’می ٹو مہم‘ ایک حساس مسئلہ ہے اور وہ کسی ایسے عمل کی توثیق نہیں کرتے جس میں کسی کو ہراساں کیا جاتا ہو، وہ مکمل طور پر ’می ٹو‘ مہم کی حمایت کرتے ہیں۔

انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ ماضی میں انہیں بھی متعدد ساتھی خواتین نے ہراساں کیا مگر وہ ان کا نام نہیں لینا چاہتے۔

اور اب اظفر رحمٰن نے شو میں دیے گئے مذکورہ بیان سے متعلق ایک وضاحتی پوسٹ جاری کی ہے۔

انسٹاگرام پر جاری پوسٹ میں اداکار نے کہا کہ ' میں نے بہت سی متاثر کن چیزوں پر بات کی لیکن افسوس کہ صرف اُس بات کو لے کر سنسنی پھیلائی گئی'۔

اظفر رحمٰن نے لکھا کہ 3 سال پرانے انٹرویو میں، میں نے جنسی ہراسانی پر بات نہیں کی تھی بلکہ ہراسانی پر مختصر بات کی تھی جس کا مجھے 15 سال پہلے شوبز انڈسٹری میں آنے پر سامنا ہوا تھا۔

— فائل فوٹو: انسٹاگرام
— فائل فوٹو: انسٹاگرام

انہوں نے کہا کہ 'جس ہراسانی کو مجھے سامنا ہوا کو وہ پاور پلے، گروہ بندی اور تضحیک سے متعلق تھی، اس میں کوئی جنسی پہلو نہیں تھا'۔

اداکار نے مزید لکھا کہ انہوں نے جنسی ہراسانی کا لفظ استعمال بھی نہیں کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سوہائے ابڑو اور اظفر رحمٰن کی ‘ایک چانس پیار کا’

اظفر رحمٰن نے لکھا کہ 'میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ مین نے اس اصطلاح کا استعمال نہیں کیا تھا، ہمارے سوشل پلیٹ فارمز کو یہ سمجھنا چاہیے اور لوگوں کو یہ تعلیم دینی چاہیے کہ ہراسانی ہمیشہ جنسی نہیں ہوتی، یہ دو مختلف چیزیں ہیں'۔

علاوہ ازیں ہمیشہ خواتین صحیح نہیں ہوتیں کے بیان پر بھی انہوں نے وضاحت دی اور کہا کہ 'میں خواتین کا بہت احترام کرتا ہوں اور یہ مانتا ہوں کہ اچھے اور برے لوگ ہر جگہ ہوتے ہیں'۔

اداکار نے مزید لکھا کہ اگر کسی کے جذبات مجروح ہوئے تو میں معذرت خواہ ہوں، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ انٹرویو دیکھیں وہ اچھا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024