• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کامیابیوں پر غرور نہ کرنا، عدنان صدیقی کا بیٹی کو سالگرہ پر پیغام

شائع February 25, 2021
بیٹی کو منفرد انداز میں سالگرہ کی مبارک باد دیے جانے پر لوگ اداکار کی تعریفیں کر رہے ہیں — فائل فوٹو: انسٹاگرام
بیٹی کو منفرد انداز میں سالگرہ کی مبارک باد دیے جانے پر لوگ اداکار کی تعریفیں کر رہے ہیں — فائل فوٹو: انسٹاگرام

سینئر اداکار عدنان صدیقی نے اپنی سب سے بڑی صاحبزادی کو ان کی سولہویں سالگرہ پر خوبصورت پیغام دیتے ہوئے انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ پوری زندگی عاجزی اور محبت کا دامن نہ چھوڑیں۔

عدنان صدیقی نے انسٹاگرام پر سب سے بڑی صاحبزادی مریم کی 16 ویں سالگرہ کے موقع پر ان کے لیے جہاں مختصر ویڈیو پیغام جاری کیا، وہیں ان کے لیے لمبی چوڑی پوسٹ بھی لکھ ڈالی۔

اداکار نے ویڈیو میں بیٹی کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ انہیں افسوس ہے کہ وہ ان کی سولہویں سالگرہ کے موقع پر حقیقی معنوں میں ان کے ساتھ موجود نہیں ہیں تاہم وہ ہمیشہ ان کے ساتھ رہیں گے۔

عدنان صدیقی نے بیٹی کو ان کی سولہویں سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے انہیں کہا کہ اب وہ ایک سمجھدار خاتون بن چکی ہیں۔

انہوں نے بیٹی کی سالگرہ کے موقع پر اپنی پوسٹ میں بیٹی کو زندگی میں پیش آنے والے مسائل کے حوالے سے سمجھاتے ہوئے انہیں بتایا کہ زندگی کیا ہے اور انہیں مستقبل میں کن چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

عدنان صدیقی نے بیٹی کے نام پیغام میں لکھا کہ زندگی میں بہت سارے مواقع ایسے آئیں گے جب وہ پریشان ہوجائیں گی کہ زندگی ان کے ساتھ کیا کر رہی ہے تاہم اسی زندگی میں ایسے لمحات بھی آئیں گے وہ سمجھ نہیں پائیں گی کہ زندگی انہیں اتنے اچھے مواقع کیوں دے رہی ہے۔

اداکار نے بڑی صاحبزادی کے لیے لکھا کہ وہ زندگی میں جہاں کتابوں سے بہت کچھ سیکھیں گی، وہیں وہ بہت ساری باتیں انسانوں اور تجربات سے بھی سیکھیں گی۔

عدنان صدیقی نے بیٹی کو بتایا کہ زندگی میں انہیں کبھی کسی سے پیار بھی ہوگا، انہیں کسی سے نفرت بھی ہوگی اور کوئی انہیں دھوکا بھی دے گا اور وہ ایسے ہی بہت سارے مسائل سے زندگی کی حقیقی معنی سیکھیں گی۔

سینئر اداکار نے بیٹی کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ زندگی ایک رولر کوسٹر کی طرح ہے اور انہیں یہ سمجھ کر آگے بڑھنا ہوگا کہ اس میں دکھ اور سکھ شامل ہیں۔

عدنان صدیقی نے بیٹی کے لیے لکھی گئی پوسٹ میں بیٹی کو پیغام دیا کہ وہ زندگی کی ناکامیوں پر کبھی مایوس نہ ہوں اور کامیابیوں اور خوشیوں پر کبھی غرور نہ کریں اور زندگی میں عاجزی اور محبت کو نہ بھولیں۔

انہوں نے بیٹی کو مشورہ دیا کہ وہ آزادی سے سوچے اور آگے بڑھیں اور اپنے لیے تمام فیصلے سوچ سمجھ کر کریں اور زندگی کے مسائل اور ناکامیوں پر کبھی مایوس نہ ہو۔

خیال رہے کہ عدنان صدیقی کے تین بچے ہیں، ان کی سب سے بڑی صاحبزادی مریم 16 برس جب کہ دوسری بیٹی 13 برس کی ہیں، ان کے بیٹے زید سب سے چھوٹے ہیں۔

عدنان صدیقی اپنے بچوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے رہتے ہیں جب کہ وہ سالگرہ کے موقع پر سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے انہیں مبارک باد بھی دیتے آئے ہیں۔

عدنان صدیقی کی جانب سے بڑی صاحبزادی کو سولہویں سالگرہ پر منفرد انداز میں مبارک باد پیش کرنے اور اسے زندگی سے متعلق درس دینے پر بھی اداکار کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024