• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ڈیزائنر علی ذیشان کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش

شائع February 25, 2021
جوڑے نے 24 فروری کو اپنے ہاں بیٹے کی پیدائش کی تصویر شیئر کی—فوٹو: انسٹاگرام
جوڑے نے 24 فروری کو اپنے ہاں بیٹے کی پیدائش کی تصویر شیئر کی—فوٹو: انسٹاگرام

حال ہی میں جہیز جیسی لعنت کے خلاف ’نمائش قبول نہیں ہے‘ مہم کے تحت تعریفیں بٹورنے والے ڈیزائنر علی ذیشان کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش ہوگئی۔

علی ذیشان نے رواں ماہ کے آغاز میں ’نمائش‘ نامی عروسی لباس متعارف کرایا تھا، جس کے تحت انہوں نے ’جہیز خوری‘ کے خلاف شعور اجاگر کرنے کی کوشش بھی کی تھی۔

’نمائش‘ کو متعارف کراتے ہوئے انہوں نے اشتہارات اور ویڈیو میں ایک دلہن کو جہیز سے لدے ریڑھے کو کھینچتے ہوئے دکھایا تھا، ساتھ ہی جہیز سے لدے ریڑھے پر دولہے کو بھی بیٹھے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: علی ذیشان کی جہیز خوری کے خلاف منفرد مہم

جہیز کے خلاف ان کی مہم کو کافی سراہا گیا تھا جب کہ وہ فروری کے آغاز میں ہی لاہور میں ہونے والے برائیڈل فیشن ویک میں حاملہ اہلیہ کے ساتھ ریمپ پر واک کرتے دکھائی دیے تھے۔

بچے کی پیدائش سے کچھ دن قبل ہی ڈیزائنر کی اہلیہ کیٹ واک کرتی دکھائی دی تھیں—فوٹو: انسٹاگرام
بچے کی پیدائش سے کچھ دن قبل ہی ڈیزائنر کی اہلیہ کیٹ واک کرتی دکھائی دی تھیں—فوٹو: انسٹاگرام

لاہور میں 4 سے 6 فروری تک جاری رہنے والے برائیڈل کوچیور فیشن ویک میں وہ اہلیہ مائرہ خان کے ساتھ ریمپ پر دکھائی دیے تھے اور حاملہ اہلیہ کے ساتھ واک کرنے پر ان کی تعریف بھی کی گئی تھیں۔

اور اب علی ذیشان نے انسٹاگرام پوسٹ میں تصدیق کی ہے کہ ان کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش ہوگئی۔

علی ذیشان اور ان کی اہلیہ مائرہ خان نے انسٹاگرام پوسٹ میں نوزائیدہ بچے کے ساتھ کھچوائی گئی تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنے ہاں پہلے بیٹے کی پیدائش پر خدا کے شکر ادا کیا۔

علی ذیشان اسٹوڈیو کے انسٹاگرام پیج پر ڈیزائنر اور ان کی اہلیہ مائرہ خان کی نوزائیدہ بیٹے کو پیار کرنے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے 24 فروری کو بتایا گیا کہ جوڑے کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوگئی۔

ساتھ ہی پوسٹ میں قرآن مجید کی سورہ رحمٰن کی آیت کا ترجمہ بھی لکھا گیا اور بچے کی پیدائش پر خدا کے شکرانے بھی ادا کیے گئے۔

مزید پڑھیں: ڈیزائنر علی ذیشان نے اچانک شادی کرلی

مائرہ خان نے بھی مذکورہ تصویر انسٹاگرام پر شیئر کی، جس پر صدف کنول سمیت دیگر شوبز شخصیات نے انہیں مبارک باد بھی پیش کی۔

تصویر میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ جوڑے کے ہاں بچے کی پیدائش کب ہوئی اور نہ ہی تصویر میں بچے کا چہرہ دکھایا گیا تاہم پوسٹ میں تصدیق کی گئی کہ بچے کا نام جان شیر علی رکھا گیا ہے۔

علی ذیشان اور مائرہ خان نے نومبر 2019 میں اسلام آباد میں کم مہمانوں کی موجودگی میں شادی کی تھی، شادی سے قبل دونوں کے درمیان تعلقات رہے تھے۔

مائرہ خان کا تعلق بھی میڈیا انڈسٹری سے ہے اور وہ فیشن و لائف اسٹائل پر صحافت کرتی رہی ہیں۔

علی ذیشان اور مائرہ خان نے نومبر 2019 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
علی ذیشان اور مائرہ خان نے نومبر 2019 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024