• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

شوبز انڈسٹری میں اقربا پروری موجود ہے، یاسر حسین

شائع February 24, 2021
بعض داکاروں کو کئی سال تک اچھا کام نہیں ملتا، اداکار—فائل فوٹو: انسٹاگرام
بعض داکاروں کو کئی سال تک اچھا کام نہیں ملتا، اداکار—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اداکار و لکھاری یاسر حسین نے اعتراف کیا ہے کہ شوبز انڈسٹری میں اقربا پروری موجود ہے اور بعض اداکاروں کو کئی سال تک کام کرنے کے باوجود اچھے منصوبے نہیں ملتے۔

واسع چوہدری کے شو ’گھبرانا نہیں ہے‘ میں بات کرتے ہوئے یاسر حسین نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ماضی میں ان کا بھی یہی خیال تھا کہ جب ایک ڈاکٹر کا بیٹا ڈاکٹر بن سکتا ہے تو اداکار کا بیٹا اداکار کیوں نہیں؟

یاسر حسین کے مطابق پھر انہیں کسی نے سمجھایا کہ ڈاکٹر کے بیٹے کو ڈاکٹر بننے کے لیے ایم بی بی ایس کی ڈگری درکار ہوتی ہے جب کہ اداکار کے بیٹے کو اداکار بننے کے لیے بس تھوڑا سا اچھے طریقے سے بولنے کی ضرورت ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے خیال میں شوبز انڈسٹری میں اچھا کام کرنے والے بعض اداکاروں کو کافی عرصے تک اچھے منصوبے نہیں ملتے اور سینئر اداکاروں کو ہی مرکزی کرداروں میں کاسٹ کیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اقرا عزیز اور یاسر حسین شادی کے بندھن میں بندھ گئے

ان کے مطابق گوہر رشید، عمران اشرف اور علی عباس جیسے اداکار کافی عرصے سے کام کر رہے ہیں مگر انہیں اب جاکر اچھے منصوبے مل رہے ہیں۔

یاسر حسین نے بتایا کہ بڑے اداکاروں کو لیڈ رول دے کر، اچھا کام کرنے والے چھوٹے اداکاروں کو سیکنڈ لیڈ رول دے کر انہیں پیچھے دھکیل دیا جاتا ہے۔

پروگرام میں انہوں نے بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہوں نے دسمبر 2019 میں اپنی شادی میں صرف 170 افراد کو مدعو کیا تھا مگر ان کی شادی میں 200 افراد آگئے تھے اور بعض افراد بغیر دعوت کے ہی آگئے تھے۔

یاسر حسین کے مطابق اداکارہ نوشین شاہ بن بلائے ان کی شادی میں آگئی تھیں اور حیران کن طور پر شادی میں سب سے زیادہ اور اچھی تصاویر بھی ان کی ہی آئیں۔

مزید پڑھیں: یاسر حسین سے جلد شادی کیوں کی؟ اقرا عزیز نے راز بتادیا

انہوں نے بتایا کہ اقرا عزیز کو ایوارڈ شو میں شادی کی پیش کش کرنے سے قبل صرف اور صرف فریحہ الطاف اور فیفی ہارون کو ہی اس بات کا علم تھا اور انہیں فریحھ الطاف نے پہلے ڈرایا بھی کہ اگر اقرا عزیز نے انکار کیا تو کیا کروگے؟

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے تصدیق کی کہ ان کا ٹوئٹر اور فیس بک پر کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے، ان کا صرف انسٹاگرام پر اکاؤنٹ ہے۔

یاسر حسین و اقرا عزیز نے دسمبر 2019 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
یاسر حسین و اقرا عزیز نے دسمبر 2019 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

یاسر حسین کے مطابق انہیں ٹوئٹر چلانا نہیں آتا، کیوں کہ ٹوئٹر چلاتے ہوئے انہیں بوریت محسوس ہوتی ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ انسٹاگرام پر وہ صرف ان ہی شوبز شخصیات کو فالو کرتے ہیں، جو انہیں بھی فولو کرتے ہیں تاہم کچھ ایسی شخصیات بھی ہیں، جو انہیں فالو نہیں کرتیں مگر وہ انہیں فالو کرتے ہیں۔

انہوں نے شکوہ کیا کہ حال ہی میں اداکارہ زارا نور عباس نے انہیں ان فالو کیا اور بدلے میں انہوں نے بھی انہیں ان فالو کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: کیا اقرا عزیز اُمید سے ہیں؟

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ وہ ہر سماجی مسئلے پر سوشل میڈیا پر بات نہیں کرتے، وہ صرف ان مسائل یا موضوعات پر بات کرتے ہیں، جن کا انہیں اچھی طرح سے علم ہوتا ہے۔

’ارطغرل غازی‘ پر تنقید کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں یاسر حسین نے واضح کیا کہ وہ ترک ڈرامے کے خلاف نہیں ہیں بلکہ ان کا غصہ پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ پی ٹی وی پاکستان کے سینئر اداکاروں و ہدایت کاروں کے ساتھ خود اپنا ‘ارطغرل غازی‘ کیوں نہیں بناتی؟ کیوں کہ مذکورہ ڈراما اسلامی کہانی پر مبنی ہے اور اس پر پاکستانی لوگ اچھا ڈراما بنا سکتے ہیں اور پھر اسے پوری دنیا میں بھیج بھی سکتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024