• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

کووڈ 19 سے متاثر پھیپھڑوں کی پیوندکاری کے نتیجے میں خاتون ہلاک

شائع February 23, 2021
— شٹر اسٹاک فوٹو
— شٹر اسٹاک فوٹو

امریکا میں ایک خاتون اس وقت کووڈ 19 کے نتیجے میں ہلاک ہوگئی جب انکشاف ہوا کہ 2 ماہ قبل جب اس کے دونوں پھیپھڑوں کی پیوندکاری کی گئی، وہ درحقیقت اس نئے کورونا وائرس سے متاثر تھے۔

یونیورسٹی آف مشی گن میڈیکل اسکول کے حکام کے مطابق یہ امریکا میں کووڈ 19 کا ممکنہ طور پہلا مصدقہ کیس ہے جس میں وائرس کسی عضو کی پیوندکاری کے نتیجے میں منتقل ہوا۔

اس خاتون کو جس فرد کے پھیپھڑے لگائے گئے، اس میں بیماری کی کوئی علامات سامنے نہیں آئی تھیں اور ٹیسٹ بھی نیگیٹو رہا تھا۔

مگر اب جاکر انکشاف ہوا کہ وہ کورونا وائرس سے متاثر تھا اور جس سرجن نے ڈونر کے پھیپھڑوں کو خاتون میں لگایا تھا وہ بھی کووڈ 19 کا شکار ہوا تاہم بعد میں صحتیاب ہوگیا۔

امریکا میں 2020 میں 40 ہزار افراد میں اعضا کی پیوندکاری ہوئی اور یہ اب تک کووڈ سے متاثر ہونے کا پہلا کیسس ہے۔

مگر ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ پھیپھڑوں کا عطیہ دینے والے افراد کی زیادہ گہرائی میں جاکر ٹیسٹنگ کی جانی چاہیے۔

امریکن جرنل آف ٹرانسپلانٹیشن میں اس کیس کی تفصیلات جاری کی گئی تھیں، جن میں بتایا گیا کہ اگر کسی فرد میں کووڈ 19 کی تصدیق ہو تو اس کے پھیپھڑوں کو ٹرانسپلانٹ کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔

یہ پھیپھڑے ایک ایسی خاتون کے تھے جو گاڑی کے ایک حادثے میں پلاک ہوئی تھی اور پھر اسے پھیپھڑوں کے امراض کی شکار خاتون میں ٹرانسپلانٹ کیا گیا۔

دونوں خواتین کے ناک اور حلق کے نمونے معمول کے مطابق اکٹھے کیے گئے اور دونوں میں اس وقت کورونا وائرس کا ٹیسٹ نیگیٹو رہا تھا۔

مگر آپریشن کے 3 دن بعد ٹرانسپلانٹ کے عمل سے گزرنے والی خاتون کو بخار کا سامنا ہوا، بلڈ پریشر کی سطح گر گئی اور سانس لینے میں مشکلات کا سامنا ہوا۔

ٹیسٹوں میں پھیپھڑوں کے انفیکشن کی علامات کا علم ہوا۔

خاتون کی حالت بدتر ہونے لگی اور دل کے افعال میں مسائل بھی سامنے آئے اور اس وقت ڈاکٹروں نے کووڈ ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا۔

اس وقت نئے پھیپھڑوں کے نمونوں میں کووڈ 19 کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔

کووڈ کے آغاز کے حوالے سے تحقیقات کے لیے ڈاکٹروں نے ڈونر کے ناک اور حلق کے نمونوں کا مالیکیولر ٹیسٹ کیا۔

ڈونر کے خاندان نے ڈاکٹروں کو بتایا کہ اس خاتون نے حال ہی میں کوئی سفر نہیں کیا تھا جبکہ کووڈ علامات ظاہر نہیں ہوئی تھیں اور نہ ہی اس کے ملنے والوں میں یہ بیماری سامنے آئی تھی۔

مگر ڈاکٹروں نے ڈونر کے پھیپھڑوں کے گہرائی میں موجود سیال کے نمونہ اپنے پاس رکھا ہوا تھا اور جب اس کا ٹیسٹ کیا گیا تو وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

ٹرانسپلانٹ کے 4 دن بعد جس سرجن نے آپریشن کیا تھا، اس میں بھی کووڈ 19 کی تشخیص ہوئی اور جینیاتی اسکریننگ سے انکشاف ہوا کہ جس خاتون کو پھیپھڑے لگائے گئے اور سرجن دونوں ڈونر سے اس وائرس کا شکار ہوئے۔

ٹرانسپلانٹ کے عمل سے گزرنے والی خاتون کی حالت دن بدن بگڑتی رہی اور ہر طرح کے علاج کے باوجود حالت میں بہتری نہیں آسکی، جس کے باعث آپریشن کے 61 دن بعد اس کا انتقال ہوگیا۔

ڈاکٹروں نے اس واقعے کو 'ایک المناک کیس' قرار دیا۔

اس کیس سے قبل یہ واضح نہیں تھا کہ یہ وائرس اعضا کی پیوندکاری کے ذریعے بھی ایک سے دوسرے میں منتقل ہوسکتا ہے یا نہیں۔

یہ وائرس پھیپھڑوں کو سب سے پہلے شکار بناتا ہے مگر یہ واضح نہیں کہ یہ دیگر اعضا جیسے دل، جگر اور گردوں کی پیوندکاری سے بھی ایک سے دوسرے میں منتقل ہوسکتا ہے یا نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024