پیمرا کی ڈراما سیریل 'دل ناامید تو نہیں' کا مواد ضابطہ اخلاق کے مطابق بنانے کی ہدایت
پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے ڈراما سیریل 'دل ناامید تو نہیں' میں نشر کیا جانے والا مواد ضابطہ اخلاق کے مطابق بنانے کی ہدایت کردی۔
اس حوالے سے پیمرا سے جاری مختصر اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے نجی چینل ٹی وی کو ڈراما سیریل 'دل ناامید تو نہیں' میں نشر کیا جانے والے مواد کے حوالے سے مراسلہ جاری کردیا۔
پیمرا نے کہا کہ نجی ٹی وی چینل کو سینسر کا معیار پیمرا قوانین کے عین مطابق کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: انسانی اسمگلنگ جیسے موضوع پر بنا ڈراما 'دل نا امید تو نہیں'
اعلامیے میں کہا گیا کہ ٹی وی ون کی انتظامیہ کو 5 دن میں ڈراما سیریل کا مواد ضابطہ اخلاق کے مطابق بنانے اور ایڈیٹوریل بورڈ سے متعلق تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
یہ ڈراما انسانی اسمگلنگ، جسم فروشی اور بچوں کے استحصال سمیت خواتین پر ڈھائے جانے والے ناروا سلوک جیسے موضوعات پر مبنی ہے۔
'دل نا امید تو نہیں' میں یاسرہ رضوی اور یمنیٰ زیدی سمیت سامعہ ممتاز، نعمان اعجاز، وہاج علی اور عمیر رانا جیسے اداکار بھی ایکشن میں دکھائی دے رہے ہیں۔
اس ڈرامے کی کہانی آمنہ مفتی نے لکھی ہے جسے کشف فاؤنڈیشن کے اشتراک سے ٹی وی ون پر نشر کیا جارہا ہے جبکہ اس ڈرامے کی ہدایات کاشف ناصر دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پیمرا کی 'فطرت ' ڈرامے میں نازیبا مواد نشر نہ کرنے کی ہدایت
'دل نا امید تو نہیں' کے حوالے سے ڈرامے کی مرکزی اداکارہ یاسر رضوی نے قبل ازیں ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ اور یمنیٰ زیدی اعلیٰ درجے پر جسم فروشی کا کام کرنے والی خواتین کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔
یاسرہ رضوی نے بتایا تھا کہ وہ اور یمنیٰ زیدی پیسوں کے عوض پرتعیش پارٹیوں کی رونق بڑھانے کا کام سر انجام دیتی دکھائی دیں گی، تاہم اس کے علاوہ بھی ان کے کرداروں کے ذریعے سماجی مسائل کو اجاگر کیا جائے گا۔
انہوں نے جہاں ڈرامے کی کہانی کو منفرد قرار دیا، وہیں انہوں نے یمنیٰ زیدی کی بھی تعریف کی اور ساتھ ہی 'دل نا امید تو نہیں' کے ہدایت کار کاشف نثار اور دوسری ٹیم کو بھی سراہا۔