راکھی ساونت نے 14 لاکھ روپے لے کر بگ باس کا فائنل چھوڑنے کی وجہ بتادی
بھارت کے متنازع ترین ریئلٹی شو 'بگ باس' کے سیزن 14 کا حصہ بننے والی اداکارہ راکھی ساونت نے 14 لاکھ روپے لے کر گرینڈ فنالے چھوڑنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے والدہ کے علاج کے لیے ایسا کیا۔
بگ باس کے 14ویں سیزن کے دوران راکھی ساونت کی انٹری کی وجہ سے نہ صرف شو کی ٹی آر پی میں اضافہ ہوا بلکہ انہوں نے اپنی نجی زندگی کی باتیں بھی بتائیں اور وہ اس دوران خبروں میں رہیں۔
بھارت کا متنازع ترین ریئلٹی شو 21 فروری کو اپنے اختتام کو پہنچا جس کی فاتح بھارتی اداکارہ روبینہ دلیک قرار پائیں جبکہ گلوکار راہول ویدیا دوسرے نمبر پر رہے۔
مزید پڑھیں: ماں کے علاج کیلئے پیسے مانگنے پر 'دوست نے جنسی ہراساں' کیا، راکھی ساونت
سیزن 14 کے فائنل میں پہنچنے والوں میں 5 اُمیدواروں میں راکھی ساونت بھی شامل تھیں لیکن وہ 14 لاکھ روپے کی پیشکش قبول کرکے گرینڈ فنالے چھوڑ گئی تھیں۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق راکھی ساونت کے مطابق انہیں فائنل چھوڑنے پر کوئی افسوس نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے شو میں اپنے سفر پر فخر ہے اور مجھے اس بات کا کوئی افسوس نہیں کہ میں آخر تک نہیں رکی اور 14 لاکھ روپے لے کر باہر آگئی۔
راکھی ساونت کا کہنا تھا کہ لوگ مجھے کہہ رہے ہیں کہ مجھے وہیں رکنا چاہیے تھا، کہ میں شو جیت سکتی تھی یا دوسرے نمبر پر آجاتی لیکن میں چانس نہیں لینا چاہتی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: بولی وڈ اداکارہ راکھی ساونت نے آخر کار شادی کرلی
انہوں نے کہا کہ میری والدہ کی سرجری ہونے کا امکان ہے، مجھے پیسوں کی اشد ضرورت ہے اور میرا بینک بیلنس صفر ہے۔
راکھی ساونت کا کہنا تھا کہ انہیں والدہ کے علاج، کیموتھراپی کے لیے رقم کی ضرورت تھی، میرے لیے اپنی ماں سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں، یہاں تک کے ٹرافی بھی نہیں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ میرے لیے مداحوں کی محبت اور سلمان خان کی طرف سے دیا گیا بریسلیٹ ٹرافی کی طرح ہے۔
راکھی ساونت کا کہنا تھا کہ میں کیش لے کر چلی گئی کیونکہ دوسرے یا تیسرے رنر اپ کو کچھ نہیں ملتا اور میں کوئی خطرہ مول لینا نہیں چاہتی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ میرا بگ باس 14 میں آنا درست فیصلہ تھا اور مجھے اُمید ہے کہ میری بولی وڈ میں واپسی اب آسان ہوگی۔
بگ باس گھر میں رہتے ہوئے راکھی ساونت نے نجی زندگی کے حوالے سے بھی بتایا تھا کہ ان کا شوہر رتیش پہلے سے شادی شدہ ہے اور وہ ان سے شادی سے پہلے یہ نہیں جانتی تھیں۔
اب اس حوالے سے بات کرتے ہوئے راکھی ساونت نے کہا کہ جو کچھ بھی انہوں نے بگ باس میں جو بھی کہا ان کے شوہر کا اس پر کیا ردعمل ہے۔
راکھی ساونت کا کہنا تھا کہ بگ باس سے باہر آنے کے بعد سے شوہر سے بات نہیں ہوسکی، ان سے بات کرنا اور جاننا چاہتی ہوں کہ اس سب پر ان کی کیا رائے ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کی شادی حقیقت میں ہوئی ہے اور یہ بات پبلسٹی کے لیے نہیں کی تھی بلکہ انہوں نے اپنے قریبی دوستوں جیسا کہ بھارتی سنگھ کو ان کی تصویر دکھائی تھی۔