• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

غیر سرکاری اور غیر حتمی نتیجہ، پیپلز پارٹی واضح اکثریت کے ساتھ تھر کے ضمنی انتخاب میں کامیاب

شائع February 22, 2021
پی پی پی کے امیر علی شاہ جیلانی —تصویر بشکریہ رپورٹر
پی پی پی کے امیر علی شاہ جیلانی —تصویر بشکریہ رپورٹر

تھرپارکر: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-221 میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو شکست دے دی، پی پی پی نے اس نشست پر مسلسل تیسری مرتبہ کامیابی حاصل کی ہے۔

ضلعی ریٹرننگ افسر (ڈی آر او) میاں محمد شاہد کے اعلان کردہ غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پی پی پی کے امیر علی شاہ جیلانی نے پی ٹی آئی کے ناظم الدین راہموں کو 52 ہزار 522 کے مقابلے ایک لاکھ 2 ہزار 232 ووٹوں سے شکست دی۔

قومی اسمبلی کی یہ نشست پی پی پی کے رکن قومی اسمبلی پیر نور محمد شاہ کے دسمبر میں کورونا وائرس کے باعث انتقال کے سبب خالی ہوئی تھی اور ان کی جگہ ان کے بیٹے امیر علی شاہ جیلانی نے اس نشست پر انتخاب میں حصہ لیا۔

یہ بھی پڑھیں: تھرپارکر: حلقہ این اے-221 میں ضمنی انتخاب کے دوران پولنگ اسٹیشن میں آگ لگ گئی

اتوار کے روز ہونے والے ضمنی انتخاب میں ضلع چھاچھرو میں ایک پولنگ اسٹیشن میں آگ لگنے کی وجہ سے پولنگ کا عمل متاثر ہوا تھا۔

تھرپارکر کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) حسن سردار نیازی کے مطابق 'حادثاتی طور پر' آگ لگنے کا واقعہ چھاچھرو ٹاؤن کے نزدیک گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول میں قائم پولنگ اسٹیشن نمبر 126 میں پیش آیا جس سے کچھ بیلٹ پیپرز اور دیگر مواد متاثر ہوا۔

چھاچھڑو کے جیلانی ہاؤس میں اکٹھا ہونے والے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنان کا کہنا تھا کہ تھرپارکر کے عوام نے صوبے کے دیگر اضلاع کی طرح پی ٹی آئی کو مسترد کردیا ہے۔

صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ، رکن صوبائی اسمبلی لطیف اللہ، قاسم سراج سومرو، ڈاکٹر مہیش ملانی، ارباب امیر امان اللہ، دوست علی راہموں، غلام حیدر سمیجو اور دیگر نے کہا کہ 'مخالفین کی 'غیر جمہوری' حرکت کے باوجود تھر پارکر کے عوام نے امیر علی شاہ جیلانی پر اعتماد کا اظہار کیا اور انہیں یہ نشست جیتنے میں مدد دی۔

مزید پڑھیں: ضمنی انتخابات، سانگھڑ میں پی پی پی امیدوار کامیاب، غیر حتمی نتیجہ

دوسری جانب پی ٹی آئی اُمیدوار، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالرزاق راہموں، پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی جے پرکاش لوہانہ اور دیگر نے پیپلز پارٹی پر پولنگ کے عمل کے دوران ووٹرز کو ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا۔

ایک پیغام میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے این اے-221 سے پیپلز پارٹی امیدوار کی کامیابی پر امیر علی شاہ کو مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام جمہوری قوتیں ایک پیج پر ہیں، سینیٹ الیکشن میں بھی جیت عوام کی ہوگی، سلیکٹڈ وزیراعظم کے لیے مناسب ہے، اب عزت سے مستعفی ہوکر گھر چلا جائے۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے ساتھ دینے پر تھر کے عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ امیر علی شاہ جیلانی کی جیت جانثار جیالوں کی محنت کا ثمر ہے۔

اپنے پیغام میں سابق صدر کا کہنا تھا کہ صحت اجازت دیتی تو پارٹی کارکنوں کے ساتھ فتح کا جشن مناتا، انشااللہ تھر ترقی یافتہ علاقہ بنے گا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کی جیت پر پورے تھر کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تھر کے عوام نے تیر پر ووٹ لگا کر پیپلز پارٹی کے ساتھ اپنی محبت کا ثبوت دیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024