پاک-ترک فوجی مشقیں اختتام پذیر
اسلام آباد: : پاکستان-ترکی انسداد دہشت گردی مشقیں، جن کا کوڈ نیم 'اتاترک-الیون' تھا، ہفتے کو اختتام پذیر ہوگئیں۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطاق 3 ہفتوں تک جاری رہنے والی مشقیں تربیلہ میں منعقد کی گئی تھیں جس میں پاکستان اور ترکی کی اسپیشل فورسز نے حصہ لیا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ان مشقوں میں گھیراؤ اور تلاش کی تکنیک، کومبیٹ ایوی ایشن کی معاونت کے ذریعے علاقے کی کلیئرنس اور مغویوں کو بازیاب کروانا شامل تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پاک-ترک مشترکہ فوجی مشق اتاترک الیون کا آغاز
علاوہ ازیں مشقوں میں شریک اہلکاروں نے فری فال کی مشق بھی کی تھی۔
انسپکٹر جنرل برائے ٹریننگ اینڈ ایویلوایشن لیفٹیننٹ جنرل سید محمد عدنان اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
اس موقع پر میجر جنرل امیر تیانک کی سربراہی میں ترکی کا ایک اعلیٰ سطح کا فوجی وفد بھی موجود تھا۔
خیال رہے کہ پاک فوج اپنے دوست ممالک کے ساتھ اس طرح کی مشقیں کرتی رہتی ہے۔
مزید پڑھیں: پاک-چین مشترکہ فضائی مشقیں جنگی تیاریوں کے فروغ کیلئے اہم ہیں، آرمی چیف
حال ہی میں پاک فضائیہ اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی ایئرفورس کی مشترکہ شاہین-9 مشقیں پاکستان میں منعقد ہوئی تھیں۔
یہ مشقیں سال 2011 سے باری باری دونوں ممالک میں باقاعدگی سے ہوتی ہیں۔