• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کراچی کنگز کا پی ایس ایل-6 میں فاتحانہ آغاز، گلیڈی ایٹرز کو شکست

شائع February 20, 2021
کراچی کنگز نے یکطرفہ مقابلے کے بعد 7 وکٹوں سے فتح حاصل کر لی— فوٹو بشکریہ پی ایس ایل
کراچی کنگز نے یکطرفہ مقابلے کے بعد 7 وکٹوں سے فتح حاصل کر لی— فوٹو بشکریہ پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپیئن کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ انداز میں آغاز کیا ہے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

گلیڈی ایٹرز نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلے ہی اوور میں ٹام بینٹن حریف کپتان عماد کی وکٹ بن گئے۔

گلیڈٰ ایٹرز کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب بطور اوپنر بیٹنگ کے لیے آنے والے کپتان سرفراز احمد صرف 7 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

کرس گیل نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی لیکن دوسرے اینڈ سے صائم ایوب جدوجہد کرتے نطر آئے اور 14 گیندوں پر 8 رنز بنانے کے بعد وقاص مقصود کو وکٹ دے بیٹھے۔

کرس گیل نے دو چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 39 رنز بنائے لیکن اس سے قبل کہ وہ مزید خطرناک ثابت ہوتے، ڈینیئل کرسچن نے ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم ابھی ان نقصانات سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں نواز رن آؤٹ ہو کر چلتے بنے۔

اعظم خان جارحانہ موڈ میں نظر آئے لیکن 17 رنز بنانے کے بعد ٹیم بیچ منجدھار میں چھوڑ کر مڈوکٹ فیلڈر کو کیچ دے بیٹھے۔

ڈینیئل کرسچن بھی مشکل میں ٹیم کے کام نہ آ سکے اور ارشد اقبال نے 11 رنز بنانے والے بلے باز کی وکٹیں بکھیر کر اپنی ٹیم کو ساتویں کامیابی دلائی۔

کراچی کنگز کو آٹھویں وکٹ کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور محمد عامر نے عثمان شنواری کو نشانہ بنا کر میچ میں پہلی وکٹ حاصل کی جبکہ حسنین بھی زیادہ رنز بنانے میں ناکام رہے۔

121 کے مجموعی اسکور پر وقاص مقصود نے قیس احمد کو آؤٹ کر کے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

کراچی کنگز کی جانب سے ارشد اقبال 3 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ وقاص مقصود نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

کراچی میں کھیلے جا رہے میچ میں کراچی کنگز نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو شرجیل خان نے اننگز کی پہلی ہی گیند پر چوکا لگایا لیکن حسنین کے اسی اوور کی چوتھی گیند پر وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں آؤٹ قرار پائے۔

انگلینڈ سے آئے جو کلارک ابتدائی طور پر جدوجہد کرتے نظر آئے لیکن نسیم شاہ اور قیس احمد کے اوور میں جارحانہ بیٹنگ سے انہوں نے میلہ لوٹ لیا اور ان دو اوورز میں کراچی نے 46 رنز بنائے۔

تاہم اگلے اوور میں عثمان شنواری کی گیند پر ایک اور چھکا لگانے کی کوشش میں وہ اعظم خان کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 23 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنائے۔

بابر اعظم نے کولن انگرام کے ساتھ مل کر اسکور کو 87 تک پہنچایا لیکن اس مرحلے پر سرفراز اپنے ٹرمپ کارڈ حسنین کو واپس باؤلنگ پر لائے اور انہوں نے کپتان کی امیدوں پر پورا اترتے ہوئے بابر کو چلتا کردیا جنہوں نے 20 گیندوں پر 24رنز بنائے۔

اس کے بعد محمد نبی اور انگرام نے مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور اپنی ٹیم کو 37 گیندوں قبل ہی میچ میں فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

نبی نے 14 گیندوں پر 30 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ انگرام نے 17 رنز بنائے۔

اس سے قبل کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

ٹاس جیتنے کے بعد کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ یہ ایک اچھی وکٹ لگ رہی ہے جو میچ میں ہر گزرتے لمحے بہتر ہوتی جائے گی۔

عماد کا کہنا تھا ہم نے کرس گیل ایک سپر اسٹار ہیں لیکن ہم نے ان کے خلاف منصوبہ بنایا ہے، وہ ایک خطرناک کھلاڑی ہیں لیکن ہمارے پاس بھی ایسے کھلاڑی ہیں جو انہیں آؤٹ کر سکیں۔

سرفراز احمد نے کہا کہ یہ ایک اچھا ٹریک ہے، کوشش کریں گے کہ رنز کر کے ان کا دفاع کریں اور کراچی کنگز کے خلاف اپنا عمدہ ریکارڈ برقرار رکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس اچھے فاسٹ باؤلرز ہیں جو کسی بھی ٹیم کو مشکل میں ڈال سکتے ہیں۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

کراچی کنگز: عماد وسیم(کپتان)، شرجیل خان، بابر اعظم، کولن انگرام، جو کلارک، محمد نبی، ڈین کرسچن، عامر یامین، وقاص مقصود، محمد عامر اور ارشد اقبال۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز: سرفراز احمد(کپتان)، کرس گیل، ٹام بینٹن، اعظم، صائم ایوب، سرفراز احمد، بین کٹنگ، محمد نواز، محمد حسنین، نسیم شاہ، قیس احمد اور عثمان شنواری۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024