جوش و جذبے سے بھرپور رنگارنگ افتتاحی تقریب سے پی ایس ایل-6 کا افتتاح
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کا جوش و جذبے سے بھرپور رنگارنگ افتتاحی تقریب کے ذریعے افتتاح ہو گیا ہے۔
پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب اس مرتبہ ترکی میں منعقد کی گئی اور اس سال یہ تقریب براہ راست نشر کرنے کے بجائے ریکارڈ کر کے نشر کی گئی۔
تقریب کا آغاز پاکستان کے قومی ترانے سے کیا گیا جس کے بعد چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) احسان مانی نے خطاب کرتے ہوئے شریک ٹیموں، آفیشلز، عملے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کا تہہ دل سے شکر ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس سال پی ایس ایل کے میچز کراچی اور لاہور میں کھیلے جا رہے ہیں اور کورونا وائرس کی وجہ سے کراچی میں صرف ساڑھے 7ہزار اور لاہور میں ساڑھے 5ہزار شائقین میدان میں آ سکیں گے۔
احسان مانی نے عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ اگر حالات بہتر ہوتے ہیں تو زیادہ لوگوں کو اسٹیڈیم لانے کی اجازت مل سکے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ہمیں حکومت پاکستان، حکومت سندھ اور حکومت پنجاب کی مدد حاصل نہ ہوتی تو پی ایس ایل کے تمام میچز ان حالات میں کراچی میں کھیلنا ناممکن ہوتا اور میں خاص طور پر سیکیورٹی، قانون نافذ کرنے والے اداروں، مقامی حکومتوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
چیئرمین پی سی بی نے ایونٹ میں شرکت کرنے والے غیرملکی بین الاقوامی کھلاڑیوں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ آپ اپنے ساتھ یہاں قیام کی خوشگوار یادیں واپس لے کر لوٹیں گے اور ہم اگلے سال دوبارہ آپ کو خوش آمدید کہنے کے منتطر ہوں گے۔
انہوں نے ملک میں کھیل کے فروغ کے لیے بورڈ سے اشتراک کرنے پر تمام فرنچائزوں کا بھی شکریہ ادا کیا اور ایونٹ میں شریک تمام چھ ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس کے بعد پاکستان سپر لیگ کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد اورنگزیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر گزرتے سال کے بہترین ٹورنامنٹ کے انعقاد پر پاکستان کرکٹ بورڈ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں کرکٹ کے جوش و جذبے کو دوبارہ سے زندہ اور ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے لیے کردار ادا کرنے پر ایچ بی ایل فخر محسوس کرتا ہے۔
اورنگزیب نے کہا کہ پی ایس ایل نے ناصرف ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا بلکہ ساتھ ساتھ نوجوانوں کرکٹرز کے خوابوں کو بھی حقیقت کا روپ دیا اور کئی کرکٹرز اس پلیٹ فارم سے بین الاقوامی کرکٹ کے ستارے بن کر ابھرے۔
انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں چاہے کوئی بھی ٹیم جیتے لیکن اصل جیت پاکستان کی ہو گی۔
اس موقع پر پاکستان کے صف اول کے پاپ اسٹار عاطف اسلم نے اپنے مشہور گانوں پر سروں کا جادو جگا کر ٹی وی اسکرین پر بیٹھے شائقین کے لطف کو دوبالا کردیا۔
تقریب کی خاص بات بہترین گرافکس اور اسیشل افیکٹس تھے جنہوں نے مداحوں پر سحر طاری کردیا۔
عاطف اسلم کے بعد بین الاقوامی اسٹار عمران خان اور حمیمہ ملک نے اپنی شاندار 'ووفر پرفارمنس' سے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔
جوش و جذبے سے بھرپور اس پرفارمنس کے بعد نصیبو لال، عائمہ بیگ اور ینگ اسٹنرز نے 'گروو میرا' کی ولولہ انگیز پرفارمنس سے شائقین کے خون کو گرما دیا۔
تقریب کے اختتام پر کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔