• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پی ایس ایل کے آغاز سے قبل ہی بڑا دھچکا، ایک کھلاڑی کورونا کا شکار

شائع February 20, 2021
پاکستان سپر لیگ کا افتتاحی میچ آج دفاعی چیمپیئن کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا— فوٹو: وائٹ اسٹار
پاکستان سپر لیگ کا افتتاحی میچ آج دفاعی چیمپیئن کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا— فوٹو: وائٹ اسٹار

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے آغاز سے قبل ہی لیگ کو بڑا دھچکا لگا ہے اور ایک فرنچائز کے کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد مذکورہ کھلاڑی کے ساتھ ساتھ ساتھ بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی پر ایک کھلاڑی اور آفیشل کو تین دن قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 6 کا آج سے آغاز، افتتاحی میچ میں کنگز اور گلیڈی ایٹرز مدمقابل

جس کھلاڑی کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اس میں علامات ظاہر ہوئی تھیں اور انہیں آئسولیشن میں رہنے کی ہدایت کردی گئی تھی، انہیں 10 دن قرنطینہ میں رہنا ہو گا اور ساتھ ساتھ دوبارہ پی ایس ایل کا حصہ بننے کے لیے کم از کم منفی ٹیسٹ لازمی قرار دیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ پروٹوکولز کی خلاف ورزی کرنے والے دو افراد کو بھی دوبارہ بائیو سیکیور ببل اور لیگ کی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے قبل دو منفی ٹیسٹ لازمی لانا ہوں گے۔

پی سی بی نے کہا کہ ہمیں انتہائی مایوسی ہے کہ ایک فرنچائز کے دو اراکین نے غیرذمے داری کا مظاہرہ کیا اور بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اس شخص سے رابطہ کیا جو ببل کا حصہ نہیں تھا۔

بورڈ نے کہا کہ پی ایس ایل سے منسلک افراد کی صحت اور حفاظت پی سی بی اور اس ٹورنامنٹ کے لیے بے انتہا اہمیت کی حامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان سپر لیگ: 6 پاکستانی کھلاڑی توجہ کا محور

اعلامیے میں کہا گیا کہ تمام کھلاڑیوں کو ایک مرتہ پھر یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ وہ پی سی بی کے کووڈ-19 پروٹوکولز کی پیروی کریں کیونکہ بورڈ کسی بھی فرد کو ٹورنامنٹ کی ساکھ اور سالمیت پر اثر انداز ہونے کی اجازت نہیں دے گا۔

گزشتہ روز چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر سے رابطے میں ہے اور پی سی بی پرامید ہے کہ تمام کرکٹرز کی مارچ تک ویکسینیشن کردی جائے گی۔

پاکستان سپر لیگ کا افتتاحی میچ آج دفاعی چیمپیئن کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024