پی ایس ایل 6 کا آج سے آغاز، افتتاحی میچ میں کنگز اور گلیڈی ایٹرز مدمقابل
اسلام آباد: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کا آج سے آغاز ہو رہا ہے اور افتتاحی میچ دفاعی چیمپیئن کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔
لیگ کے کامیاب انعقاد کے لیے تیاریاں عروج پر ہیں اور یہ پی ایس ایل کا دوسرا سیزن ہوگا جس کے تمام میچز پاکستان میں منعقد ہوں گے۔
مزید پڑھیں: پاکستان سپر لیگ: 6 پاکستانی کھلاڑی توجہ کا محور
لیگ میں چھ اسلام آباد یونائیٹڈ، دفاعی چیمپیئن کراچی کنگز، لاہور قلندرز، ملتان سلطانز، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں ٹائٹل کے لیے پنجہ آزمائی کریں گی۔
دو مرتبہ کی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم اس مرتبہ پچھلے کی ناکامیوں کو پس پشت ڈال کر ایک مرتبہ چیمپیئن کا تاج سر پر سجانے کے لیے پرعزم ہے جبکہ دفاعی چیمپیئن کراچی کنگز کی نگاہیں ٹائٹل کے دفاع پر مرکوز ہوں گی۔
2017 کی چیمپیئن پشاور زلمی اور 2019 کی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بھی ایک مرتبہ پھر وکٹری اسٹینڈ تک پہنچنے کے لیے کوشاں ہوں گی جبکہ ملتان سلطانز محمد رضوان کی قیادت میں اس سال بہتر کارکردگی دکھانے کے جذبے سے سرشار نظر آتی ہے۔
ابتدائی چار سیزن میں ناکامیوں کے بھنور میں پھنسی لاہور قلندرز کی فرنچائز نے گزشتہ سال بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا اور اس مرتبہ وہ چیمپیئن کا تاج سر پر سجانے کا خواب لیے ایونٹ میں شرکت کر رہے ہیں۔
لیگ میں چھ فرنچائزوں کے درمیان فائنل سمیت 34 میچز کھیلے جا ئیں گے جس میں سے ابتدائی 20 میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے جبکہ ناک آئوٹ اور فائنل سمیت بقیہ 14میچز کی میزبانی لاہور کا قذافی اسٹیڈیم کرے گا۔
آج رنگارنگ افتتاحی تقریب نشر کی جائے گی جس کا انعقاد ترکی میں کیا گیا اور اس میں پاکستان کے نامور فنکاروں کے ساتھ ساتھ ترکی کے فنکار بھی فن کا مظاہرہ کرتے نظر آئیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، نئے سیزن میں امکانات اور خدشات
آج ایک ہی میچ کھیلا جائے گا جس میں دفاعی چیمپیئن کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں نیشنل اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔
اس سیزن کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ عالمی شہرت یافتہ کمنٹیٹرز اس سال اپنے تبصروں سے شائقین کرکٹ کو محظوظ کریں گے جن میں رمیز راجہ، بازید خان، ایلن ولکنز، ثنا میر، عروج ممتاز، ڈومینک کارک، سائمن ڈول، ڈینی موریسن، پومی ایم بنگوا، ڈیوڈ گاوراور جین پال ڈومینی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ مقامی شائقین کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی طور پر اردو کمنٹری کا بھی اہتمام کیا گیا ہے اور ممتاز کمنٹیٹر طارق سعید اور سکندر بخت قومی زبان میں کمنٹری کے فرائض انجام دیں گے۔
کورونا وائرس کے پیش نظر اس سال ایونٹ بائیو سیکیور ببل میں منعقد کیا جائے گا اور میچز کے لیے مخصوص تعداد میں شائقین کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہو گی جنہیں ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا ہو گا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر سے جاری بیان کے مطابق اسٹیڈیم میں آنے والوں کو ایک میٹر کے فاصلے پر بیٹھنا ہو گا، تماشائیوں کے اسٹیڈیم کے کسی بھی مقام پر تھوکنے پر پابندی ہوگی جبکہ 2 افراد کے درمیان 2 سیٹیں چھوڑی جائیں گی اور ایک قطار کا فاصلہ بھی یقینی بنایا جائے گا۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل 6 اور کراچی کنگز کے امکانات
میدان میں 20 فیصد شائقین کو داخلے کی اجازت دی گئی ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ساڑھے 7 ہزار اور لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ساڑھے 5ہزار تماشائی موجود ہوں گے۔
اس کےعلاوہ پی سی بی پہلے ہی اسٹیڈیم کے پاس 5 بیڈز پر مشتمل عارضی ہسپتال قائم کر چکا ہے جس میں ہر وقت ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس اسٹاف موجود ہو گا جبکہ گراؤنڈ کے اندر اور باہر فیس ماسک پہننا لازمی ہوگا۔ لیگ کا فائنل میچ 22مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔