• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پی ایس ایل 6: ہانیہ عامر بھی پشاور زلمی کی برانڈ ایمبیسڈر مقرر

شائع February 19, 2021
پی ایس ایل کے چھٹے سیزن کا آغاز 20 فروری سے ہوگا —فوٹو: ٹوئٹر
پی ایس ایل کے چھٹے سیزن کا آغاز 20 فروری سے ہوگا —فوٹو: ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا چھٹا سیزن ایک دن بعد 20 فروری سے شروع ہورہا ہے اور شائقینِ کرکٹ کو ایونٹ شروع ہونے کا بے صبری سے انتظار ہے۔

شائقین کے جوش و خروش کو مزید بڑھانے کے لیے پی ایس ایل کی اہم ترین ٹیم پشاور زلمی نے چند روز قبل ہر سال کی طرح اداکارہ ماہرہ خان کو اپنا برانڈ ایمبیسڈر مقرر کیا تھا۔

پشاور زلمی کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے 16 فروری کو ماہرہ خان کو سفیر مقرر کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ ٹیم کے مالک جاوید آفریدی نے بھی اپنی ٹوئٹ کے ذریعے اداکارہ کو سفیر مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا۔

مزید پڑھیں: کیا 'حلیمہ سلطان‘ پشاور زلمی کی سفیر بننے والی ہیں؟

اب پشاور زلمی نے اداکارہ ہانیہ عامر کو بھی پی ایس ایل کے چھٹے سیزن کے لیے سفیر مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پشاور زلمی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کی گئی ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ہانیہ عامر کو پی ایس ایل 6 کے لیے پشاور زلمی کی سفیر مقرر کرنے پر ہمیں فخر ہے۔

اداکارہ ہانیہ عامر سال 2020 میں پشاور زلمی کے پی ایس ایل ترانے کا بھی حصہ تھیں۔

تاہم ہانیہ عامر کو پشاور زلمی کی سفیر مقرر کرنے کے بعد اب پی ایس ایل شائقین کی جانب سے یہ سوال کیا جارہا ہے کہ ترک اداکارہ اسرا بلگیچ کو برانڈ ایمبیسڈر مقرر کرنے کے حوالے سے اب تک کوئی باضابطہ اعلان کیوں نہیں کیا گیا۔

گزشتہ برس ارطغرل غازی میں کردار ادا کرنے والی ترک اداکارہ اسرا بلگیچ سے منسوب ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ٹوئٹ کی گئی تھی کہ وہ جلد پشاور زلمی سے متعلق خوشخبری شیئر کریں گی۔

جس کے بعد رواں برس جنوری میں اسرا بلگیچ نے انسٹا اسٹوری میں اسلامیہ کالج پشاور کی تصویر شیئر کی تھی اور لکھا تھا کہ 'پھولوں کا شہر' اور ان کے بعد پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یہی جملہ ٹوئٹ کیا تھا۔

جاوید آفریدی اور اسرا بلگیچ کی مبہم پوسٹس کے بعد سے مداح منتظر تھے کہ شاید اداکارہ کو پشاور زلمی کا سفیر مقرر کیا جائے گا لیکن اس حوالے سے باضابطہ طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا تھا۔

رات گئے جاوید آفریدی نے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ایک اور بڑا اعلان ہونے والا ہے اندازہ لگائیں۔

جس پر کچھ صارفین نے اندازہ لگایا کہ شاید حلیمہ سلطان پاکستان آرہی ہیں۔

تو کچھ نے بہت یقین سے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ سرپرائز اسرا بلگیچ ہیں۔

تاہم اب ہانیہ عامر کو ٹیم کا سفیر مقرر کرنےکے بعد صارفین پوچھ رہے ہیں کہ ترک اداکارہ اسرا بلگیچ سفیر ہیں یا نہیں۔

تو کچھ نے سوال کیا کہ پشاور زلمی کے کتنے برانڈ ایمبیسڈرز ہیں یہ واضح کریں۔

عبید خان نامی صارف نے کہا کہ ان لوگوں کے لیے 2 منٹ کی خاموشی ان افراد کے لیے جو اسرا بلگیچ کے برانڈ ایمبیسڈر بننے کے منتظر تھے، ہم آپ کے دکھ درد میں شریک ہیں۔

پی ایس ایل کے چھٹے سیزن کا آغاز رواں ماہ 20 کو ہوگا اور سیزن کا پہلا میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں دفاعی چیمپیئن کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

مزید پڑھیں: ماہرہ خان ’پی ایس ایل 6‘ کے لیے بھی پشاور زلمی کی سفیر مقرر

30 روزہ ٹورنامنٹ کا فائنل 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا اور 2017 کے بعد پہلی مرتبہ ہوگا کہ ایونٹ کا فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔

کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران تمام اسٹیک ہولڈرز کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر 34 میچز پر مشتمل ایونٹ صرف دو شہروں کراچی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

کورونا کے پیش نظر اس بار اسٹیڈیم پر صرف 40 فیصد شائقین کو کرکٹ دیکھنے کی اجازت ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024