• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

این سی او سی کی تمام ہیلتھ ورکرز کو ویکسینیشن کیلئے رجسٹریشن کروانے کی ہدایت

شائع February 17, 2021
وزیراعظم عمران خان نے 2 فروری کو ویکسینیشن مہم کا آغاز کیا تھا—فائل فوٹو: وائٹ اسٹار
وزیراعظم عمران خان نے 2 فروری کو ویکسینیشن مہم کا آغاز کیا تھا—فائل فوٹو: وائٹ اسٹار

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے تمام ہیلتھ ورکرز کو اپنے متعلقہ علاقوں اور مراکز میں خود کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے کے لیے رجسٹر کروانے کی ہدایت کی ہے۔

این سی او سی کے جاری کردہ بیان کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ کووِڈ 19 کے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز ہماری ترجیح ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان فرنٹ لائن ورکرز کے تحفظ کے لیے تمام کوششیں کی جائیں گی تاکہ اسی جذبے کے ساتھ قیمتی جانوں کو بچانے کے لیے کام کرسکیں۔

یہ بھی پڑھیں: 65 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کی کووڈ ویکسینیشن کیلئے رجسٹریشن کا آغاز

علاوہ ازیں این سی او سی نے ملک کے مختلف حصوں میں اب تک ویکسین لگوانے والے ہیلتھ ورکرز کے اعداد و شمار بھی جاری کیے جو درج ذیل ہیں:

سندھ: 32 ہزار 860

پنجاب: 15 ہزار 494

خیبرپختونخوا: ایک ہزار 639

گلگت بلتستان: ایک ہزار 13

آزاد کشمیر: 651

اسلام آباد: 859

بلوچستان: 252

واضح رہے کہ یکم فروری کو چین سے 5 لاکھ کورونا وائرس کی ویکسین کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچی تھی جسے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وصول کیا تھا۔

بعدازاں وزیراعظم عمران خان نے 2 فروری کو ویکسینیشن مہم کا آغاز کیا تھا جس کے بعد ملک بھر کے ہسپتالوں میں قائم 582 ویکسینیشن سینٹر برائے بالغان کے ذریعے ویکسین لگانے کا سلسلہ جاری ہے۔

مزید پڑھیں: ملک بھر میں 27 ہزار ہیلتھ ورکرز کی ویکسینیشن، 77 فیصد کا تعلق سندھ سے ہے

ابتدا میں حکومت نے ترجیحی بنیادوں پر صرف ہیلتھ ورکرز کو ویکیسن لگانے کی اجازت دی تھی تاہم 2 روز قبل 65 سال یا اس سے معمر افراد کی ویکسینیشن کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کردیا گیا تھا۔

اس ضمن میں اسد عمر نے ایک بیان میں بتایا تھا کہ دوسرے مرحلے کے گروپ کو ویکسین لگانے کا آغاز مارچ میں ہوگا۔

پاکستان میں آج 17 فروری کی سہ پہر تک کورونا وائرس کے 25 ہزار 8 مریض موجود ہیں، ملک میں اس وبا سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 65 ہزار 989 ہے جبکہ 12 ہزار 436 مریضوں کا انتقال ہوچکا ہے۔

تاہم مجموعی متاثرین میں سے 93.4 فیصد یعنی 5 لاکھ 28 ہزار 545 افراد اس وبا سے شفا حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

**

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024