'ناقص وکٹ' پر فتح، بھارت کو چمپیئن شپ پوائنٹس سے محرومی کا خطرہ
بھارت نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں ریکارڈ مارجن سے فتح حاصل کی لیکن اس فتح کے باوجود شاید انہیں ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں اس کے مکمل 3 پوائنٹس نہ مل سکیں۔
چنئی میں کھیلے گئے اس ٹیسٹ میچ کی وکٹ پر پہلے دن سے ہی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں اور کرکٹ برادری اس پر دو حصوں میں تقسیم ہو گئی ہے کیونکہ بڑی تعداد میں سابق کرکٹرز اور ماہرین نے اس وکٹ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
مزید پڑھیں: بھارت کی انگلینڈ کے خلاف سب سے بڑی فتح، سیریز برابر
مذکورہ میچ کھیل کے چوتھے دن پہلے ہی سیشن میں ختم ہو گیا تھا اور اگر میچ ریفری اس پچ کو 'خراب' قرار دیتے ہیں تو بھارت کی ٹیم آئی سی سی قوانین کے تحت تین پوائنٹس سے محروم ہو جائے گی جس سے اس کی ورلڈ چیمپیئن شپ تک رسائی کے راستے مسدود ہو سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے دوسرے ٹیسٹ میچ کی وکٹ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ چنئی ٹیسٹ کی وکٹ ایک دھچکا ہے اور یہ ٹیسٹ میچ کی وکٹ نہیں۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ میچ میں مجموعی طور پر 32 وکٹیں اسپنرز نے حاصل کیں اور حد سے زیادہ اسپنرز کے لیے سازگار وکٹ ہونے پر اس وکٹ کی حیثیت پر سوالیہ نشان لگ چکا ہے۔
واضح رہے کہ ورلڈ چیمپیئن شپ کا فائنل رواں سال جون میں کرکٹ کے گھر لارڈز میں کھیلا جائے گا جس کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلے ہی کوالیفائی کر چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل جیسا باؤلنگ کا معیار کسی اور لیگ میں نہیں، شاہد آفریدی
بھارت کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں رسائی کے لیے انگلینڈ کے خلاف سیریز کم از کم 1-2 کے مارجن سے جیتنے کی ضرورت ہے۔
اگر انگلینڈ کی ٹیم سیریز میں مزید ایک میچ جیتنے میں کامیاب رہتی ہے یا سیریز برابر ہوتی ہے تو بھارت کی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے لیے کوالیفائی نہیں کرسکے گی۔