• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

احتساب عدالت نے طیبہ گل، ان کے شوہر کو بلیک میلنگ سے متعلق ریفرنس میں بری کردیا

نیب نے دونوں ملزمان پر شہریوں کے ساتھ حساس اداروں اور چیئرمین نیب کے نام پر فراڈ کرنے کا الزام عائد کیا تھا — فائل فوٹو: نیب ویب سائٹ
نیب نے دونوں ملزمان پر شہریوں کے ساتھ حساس اداروں اور چیئرمین نیب کے نام پر فراڈ کرنے کا الزام عائد کیا تھا — فائل فوٹو: نیب ویب سائٹ

لاہور کی احتساب عدالت نے قومی احتساب بیورو (نیب) اور حساس اداروں کے نام پر بلیک میلنگ کرنے سے متعلق ریفرنس میں خاتون طیبہ گل اور ان کے شوہر فاروق کو عدم شواہد کی بنا پر بری کردیا۔

نیب کی جانب سے ادارے کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی مبینہ لیک ویڈیو میں نظر آنے والی خاتون طیبہ گل کے خلاف 25 مئی 2019 کو ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔

احتساب عدالت کے جج اسد علی نے ملزمان میاں اور بیوی کی جانب سے بریت کے لیے دائر درخواستیں منظور کر لیں۔

یہ بھی پڑھیں:چیئرمین نیب سمیت متعدد افراد کو 'بلیک میل کرنے والے گروہ' کے خلاف ریفرنس دائر

خیال رہے کہ نیب کی جانب سے احتساب عدالت میں دائر 630 صفحات کے ریفرنس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ طیبہ اور اس کے شوہر نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر خفیہ اداروں اور نیب کے اہلکار بن کر معصوم لوگوں کو لوٹا۔

ریفرنس کے متن کے مطابق ملزمان کے خلاف 36 گواہان نے نیب کو بیانات قلمبند کروائے جبکہ طیبہ گل اور فاروق کے خلاف نیب کو 6 شکایات موصول ہوئیں۔

ریفرنس میں یہ الزام بھی عائد کیا گیا تھا کہ ملزمان نے لوگوں کو ان کے ویزوں کا کام کروانے، موبائل فون ٹاور لگوانے، عدالتی مقدمات میں انہیں ریلیف دلوانے اور سستے بلڈوزر خریدنے کے بہانے لوٹا۔

احتساب عدالت کی جانب سے فیصلہ سناتے وقت کمرہ عدالت میں دونوں میاں بیوی بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیں: نیب چیئرمین سے منسلک آڈیو جعلی اور جھوٹ پر مبنی ہے، ترجمان

ریفرنس میں نیب نے دونوں ملزمان پر شہریوں کے ساتھ حساس اداروں اور چیئرمین نیب کے نام پر فراڈ کرنے کا الزام عائد کیا تھا اس کے علاوہ ان پر دو کروڑ روپے سے زائد کا فراڈ کرنے کا بھی الزام تھا۔

نیب گرفتار خواتین کی خفیہ ویڈیوز بناتا ہے، طیبہ گل

دوسری جانب طیبہ گل نے چیئرمین نیب کے خلاف ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کو درخواست ارسال کی۔

درخواست میں طیبہ گل نے الزام عائد کیا کہ نیب گرفتار ہونے والی خواتین کی خفیہ وڈیوز ریکارڈ کرتا ہے۔

خاتون نے دعویٰ کیا کہ نیب نے سابق وزیراعظم کی بیٹی کی خفیہ ویڈیو بھی ریکارڈ کی ہے اور خفیہ ویڈیوز کی ریکارڈنگ سے متعلق ثبوت موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:چیئرمین نیب سے متعلق مبینہ آڈیو، ویڈیو نشر کرنے پر نیوز ون کو شوکاز نوٹس

درخواست میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ چیئرمین نیب مجھے ہراساں کر رہے ہیں اور میرے اور میرے شوہر کے خلاف جھوٹے کیسز بنا رہے ہیں۔

طیبہ گل نے دعویٰ کیا کہ چیئرمین نیب انہیں دھمکیاں بھی دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کی آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگ میرے پاس موجود ہے، ان کے خلاف تمام شواہد پیش کرنا چاہتی ہوں۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے نام ارسال کردہ درخواست میں طیبہ گل کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہوں نے وزیراعظم شکایت سیل میں بھی درخواست کی تھی لیکن وہاں سے مسترد ہوگئی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024