• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

انگین التان نے کاشف ضمیر کے ساتھ برانڈ ایمبیسڈر کا معاہدہ منسوخ کردیا

شائع February 16, 2021
انگین التان دوزیتان نے 10 دسمبر کو پاکستان کا 2 روزہ دورہ کیا تھا — فائل فوٹو: چوہدری کاشف ضمیر فیس بک
انگین التان دوزیتان نے 10 دسمبر کو پاکستان کا 2 روزہ دورہ کیا تھا — فائل فوٹو: چوہدری کاشف ضمیر فیس بک

پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر نشر ہونے والے ترک ڈرامے 'ارطغرل غازی' میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار انگین التان دوزیتان نے کاروباری شخصیت کاشف ضمیر سے برانڈ ایمبیسڈر کا معاہدہ منسوخ کردیا۔

خیال رہے کہ ترک ڈرامے 'ارطغرل غازی' میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار انگین التان دوزیتان 2 روزہ دورے پر گزشتہ سال 10 دسمبر کو پاکستان کے شہر لاہور پہنچے تھے۔

انگین التان دوزیتان نجی کاروباری کمپنی کی دعوت پر لاہور پہنچے تھے، دورے کے دوران انہوں نے چوہدری ٹیکسٹائل انڈسٹریز کے ساتھ معاہدے بھی کیے اور مذکورہ کمپنی نے انہیں اپنا سفیر بھی مقرر کیا تھا۔

مزید پڑھیں: 'ارطغرل' کے مرکزی کردار کے پاکستان میں میزبان کاشف ضمیر کی گرفتاری اور ضمانت

پاکستان کے دورے پر 10 دسمبر کو پہنچنے کے بعد انہوں نے 11 دسمبر کو لاہور کے مختلف تاریخی مقامات کا دورہ کیا اور ایک پریس کانفرنس بھی کی تھی۔

— فوٹو: چوہدری کاشف ضمیر فیس بک
— فوٹو: چوہدری کاشف ضمیر فیس بک

جس کے کچھ روز بعد یہ خبریں گردش کرنا شروع ہوئیں کہ ترک اداکار کو پاکستان بلانے والے کاشف ضمیر ریکارڈ یافتہ ملزم ہے اور 8 مقدمات میں ملوث ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 'ارطغرل غازی' کے پاکستان آنے کی افواہیں

مختلف میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے یہ دعویٰ بھی سامنے آیا تھا کہ کاشف ضمیر کے خلاف فراڈ، امانت میں خیانت، کار چوری اور ڈکیتی سمیت سنگین مقدمات درج ہیں۔

یہ رپورٹس بھی سامنے آئی تھیں کہ کاشف ضمیر نے انگین التان کو طے شدہ رقم ادا نہیں کی جس کے بعد کاشف ضمیر نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ ترک اداکار سے معاہدے کے حوالے سے کاشف ضمیر نے کہا کہ آدھی ادائیگی انہیں پاکستان آنے پر کی گئی اور باقی شوٹنگ اور کمرشل پر دی جائے گی۔

—فائل فوٹو: ڈان نیوز
—فائل فوٹو: ڈان نیوز

کاشف ضمیر نے کہا تھا کہ ترک اداکار کے ساتھ ہونے والے ہمارے معاہدے کی ایک کاپی لیک ہوگئی ہے لیکن پورا معاہدہ میڈیا کے سامنے نہیں آیا۔

اور اب انگین التان دوزیتان نے چوہدری گروپ آف انڈسٹریز کے مینجنگ ڈائریکٹر کاشف ضمیر کے ساتھ معاہدہ منسوخ کردیا ہے۔

مزید پڑھیں: انگین التان دوزیتان دورہ پاکستان مکمل کرکے وطن واپس چلے گئے

اس حوالے سے ترکی کے سرکاری نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ انگین التان دوزیتان نے یارِ من ترکی کے اینکر پرسن ڈاکٹر فرقان حمید کو معاہدہ منسوخ کرنے سے متعلق بتایا۔

معاہدے کی منسوخی سے متعلق پریس ریلیز میں ترک اداکار نے کہا کہ میں یہ اعلان کررہا ہوں کہ میں نے پاکستانی کمپنی 'چوہدری گروپ آف انڈسٹریز' سے برانڈ ایمبسیڈر کا معاہدہ منسوخ کردیا ہے۔

—فوٹو: چوہدری کاشف ضمیر فیس بک
—فوٹو: چوہدری کاشف ضمیر فیس بک

پریس ریلیز میں کہا گیا کہ میں نے معاہدے کی شرائط و ضوابط کو حتمی شکل دینے کے لیے چوہدری گروپ آف انڈسٹریز کے مالک اور ایم ڈی میاں کاشف ضمیر اور محمد اسمٰعیل سے ملاقات کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

اداکار نے کہا کہ دورے کے دوران ہم دونوں نے ملاقات کی، معاہدے کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا اور کچھ شرائط پر اتفاق کیا۔

یہ بھی پڑھیں: 'ارطغرل غازی' کے مرکزی کردار کی پاکستان آمد

پریس ریلیز میں کہا گیا کہ کاشف ضمیر کے ساتھ کیے گئے معاہدے سے متعلق پاکستانی میڈیا کی رپورٹس کے باوجود ہم اس کی شرائط و ضوابط پر پوری طرح عملدرآمد کرتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے چوہدری گروپ آف انڈسٹریز کو اپنی پوزیشن واضح کرنے کے لیے ایک ماہ کی مہلت دینے پر اتفاق کیا تھا تاہم کاشف ضمیر کی جانب سے معاہدے سے متعلق میڈیا کو دیے گئے جھوٹے بیان اور غلط معلومات پر ہمیں بہت دکھ ہوا۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

پریس ریلیز میں کہا گیا کہ کاشف ضمیر نے طے کی گئی مدت کے باوجود معاہدے کے کسی بھی شرائط کو پورا نہیں کیا اور اسی لیے ہم نے یکطرفہ طور پر معاہدہ منسوخ کردیا ہے۔

اس میں مزید کہا گیا کہ تحریری معاہدے کے مطابق متعلقہ کمپنی، متفقہ رقم کا نصف حصہ پریس کانفرنس اور معاہدے پر دستخط کرنے سے قبل ادا کرنے کی پابند تھی لیکن ایک ماہ گزر جانے کے باوجود ابھی تک کوئی ادائیگی نہیں کی گئی۔

پریس ریلیز میں کہا گیا کہ اداکار کا اب میاں کاشف ضمیر، محمد اسمٰعیل اور ان کی کمپنی چوہدری گروپ آف انڈسٹریز سے کوئی واسطہ نہیں رہا اور نہ ہی مستقبل میں کوئی تعلق قائم ہوگا۔

مزید پڑھیں: کیا 'ارطغرل غازی' کے مرکزی کردار نے پاکستانی برانڈ سے معاہدہ منسوخ کردیا؟

پریس ریلز میں کہا گیا کہ میں پاک-ترک تعلقات کو مزید فروغ دینے اور ایک دوسرے کی ثقافتوں کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ترکی کی ڈراما سیریز میں پاکستانی عوام کی گہری دلچسپی نے مجھے بہت متاثر کیا اور میں جلد ہی ایک بار پھر پاکستان کا دورہ کروں گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں ترک اداکار اسلام آباد کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے برانڈ ایمبیسڈر بنے تھے اور ایک ویڈیو میں انگین التان دوزیتان نے کہا تھا کہ 'میں بلیو ورلڈ سٹی کا برانڈ ایمبیسڈر بننے پر بہت پرجوش ہوں اور جلد پاکستان آؤں گا'۔

تاہم ارطغرل غازی کے مرکزی کردار نے بلیو ورلڈ سٹی کو غیر قانونی قرار دیے جانے کی وجہ سے اپنا معاہدہ منسوخ کردیا تھا جس کی وجہ سے ان کا اس وقت متوقع دورہ پاکستان بھی ملتوی ہوگیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024