• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سشانت سنگھ کے ساتھی اداکار نے بھی 'خودکشی' کرلی

شائع February 16, 2021
دونوں اداکاروں نے ایم ایس دھونی، دی یونائٹڈ اسٹوری میں ایک ساتھ کام کیا تھا—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
دونوں اداکاروں نے ایم ایس دھونی، دی یونائٹڈ اسٹوری میں ایک ساتھ کام کیا تھا—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

گزشتہ برس 14 جون کو بظاہر ذہنی پریشانیوں کے باعث خودکشی کرنے والے بولی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے ساتھی اداکار نے ان کی پہلی برسی سے قبل اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا۔

سشانت سنگھ راجپوت نے 14 جون کو بظاہر ڈپریشن کے باعث خودکشی کی تھی اور ان کی خودکشی پر بھارتی شوبز انڈسٹری میں بڑے فلم سازوں و اداکاروں پر نئے اداکاروں کو نظر انداز کرکے انہیں خودکشی کے لیے مجبور ہونے جیسے معاملات کا پنڈورا باکس بھی کھلا تھا۔

سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کی تفتیش ممبئی پولیس سمیت دیگر تفتیشی اداروں نے بھی شروع کی تاہم تاحال ان کی خودکشی کی مکمل اور واضح رپورٹ سامنے نہیں آ سکی، البتہ ان کی پوسٹ مارٹم رپورٹس میں ان کی موت کا سبب دم گھٹنا بتایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بولی وڈ اداکار سُشانت سنگھ راجپوت نے خودکشی کرلی

پولیس اور زیادہ تر بولی وڈ شخصیات کے مطابق سشانت سنگھ راجپوت نے بظاہر ڈپریشن کے باعث خودکشی کی مگر ان کے ڈپریشن کا سبب مختلف حالات اور بہت سارے لوگ رہے۔

اور اب ان کی پہلی برسی سے قبل ہی ان کے ساتھ 2016 کی کامیاب فلم ’ایم ایس دھونی: دی یونائٹڈ اسٹوری‘ میں کام کرنے والے اداکار سندیپ نہر نے بھی مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔

بھارتی خبر رساں ادارے ’ایشین نیوز انٹرنیشنل‘ (اے این آئی) کے مطابق اداکار سندیپ نہر نے مبینہ طور پر اپنی رہائش گاہ پر خودکشی کرلی جب کہ پولیس نے ان کی موت کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔

اسی حوالے سے ٹائمز آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ سندیپ نہر کی لاش ممبئی میں ان کے گھر سے برآمد ہوئی۔

رپورٹ میں پولیس ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سندیپ نہر کی لاش لٹکی ہوئی تھی اور پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیق سے معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے خودکشی کرلی۔

خودکشی سے کچھ ہی دن قبل سندیپ نہر نے فیس بک پر ایک ویڈیو میں اپنے ساتھ ہونے والے مسائل پر بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ گھریلو اور پیشہ ورانہ مسائل کی وجہ سے ذہنی تناؤ کا شکار ہیں۔

اداکار نے خودکشی سے قبل فیس بک ویڈیو میں اس سے متعلق بات بھی کی تھی—فائل فوٹو: فیس بک
اداکار نے خودکشی سے قبل فیس بک ویڈیو میں اس سے متعلق بات بھی کی تھی—فائل فوٹو: فیس بک

اسی حوالے سے بولی وڈ ہنگامہ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ سندیپ نہر نے خودکشی سے قبل فیس بک پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دعویٰ کیا کہ وہ گھریلو و ازدواجی مسائل کی وجہ سے بہت پہلے خودکشی کرلیتے مگر انہوں نے خود کو بہتر ہونے کا وقت دیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ وہ خصوصی طور پر اپنی اہلیہ کے نامناسب رویے کی وجہ سے زندگی ختم کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں اور ساتھ ہی انہوں نے اپنی والدہ کے رویے کا ذکر بھی کیا۔

ویب سائٹ کے مطابق سندیپ نہر نے ویڈیو میں واضح کہا کہ ان کی خودکشی کے بعد ان کی اہلیہ کو کچھ نہ کہا جائے، البتہ ان کے ذہن کا علاج ضرور کروایا جائے۔

پولیس نے سندیپ نہر کی خودکشی کا واقعہ درج کرکے مقدمے کی تفتیش شروع کردی تاہم اس کیس میں بھی سشانت سنگھ کے کیس کی طرح کسی پیش رفت کا امکان نہیں ہے۔

سندیپ نہر نے سشانت سنگھ راجپوت کے علاوہ اکشے کمار کی فلم ‘کساری‘ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جب کہ انہوں نے دیگر چند فلموں اور ڈراموں میں بھی مختصر کردار ادا کیے۔

اداکار نے اکشے کمار کی فلم کیساری میں بھی کام کیا تھا—فائل فوٹو: ٹائمز آف انڈیا
اداکار نے اکشے کمار کی فلم کیساری میں بھی کام کیا تھا—فائل فوٹو: ٹائمز آف انڈیا

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024