• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پاکستان ٹی ٹوئنٹی میں فتوحات کی سنچری کرنے والی دنیا کی پہلی ٹیم

شائع February 15, 2021
بابراعظم کی قیادت میں قومی ٹیم نے فتوحات کی سنچری کا اعزاز پایا—فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر
بابراعظم کی قیادت میں قومی ٹیم نے فتوحات کی سنچری کا اعزاز پایا—فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر

پاکستان کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کو سیریز میں شکست کے ساتھ بین الاقوامی کرکٹ میں ٹی ٹوئنٹی میں 100 فتوحات حاصل کرنے والی پہلی ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

بابراعظم کی قیادت میں قومی ٹیم نے قذافی اسٹیڈیم میں کورونا کے باعث سخت حفاظتی اقدامات میں کھیلی گئی 3 میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں باآسانی 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

سیریز میں ٹیم کے نائب کپتان اور وکٹ کیپر محمد رضوان نے شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اسی بنا پر انہیں سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز محمد نواز کو دیا گیا۔

مزید پڑھیں: پاکستان نے جنوبی افریقہ کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی شکست دے دی

قومی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنے سفر کا آغاز 28 اگست 2006 کو انضمام الحق کی قیادت میں انگلینڈ کے خلاف 5 وکٹوں سے جیت کے ساتھ کیا تھا اور یہ سفر آج 100 میچوں کی جیت تک پہنچ گیا۔

پاکستان ٹیم نے 2007 میں جنوبی افریقہ میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی دکھائی اور فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کے ہاتھوں شکست ہوئی۔

یونس خان کی قیادت میں قومی ٹیم نے 2009 میں انگلینڈ میں منعقدہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر عالمی چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

پاکستان ایک روزہ کرکٹ کے بعد ٹی ٹوئنٹی میں بھی عالمی چمپیئن بننے والی دوسری ٹیم بن گئی۔

قومی ٹیم نے اب تک سب سے زیادہ 164 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 100 فتوحات حاصل کیں جبکہ 59 ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا، 3 میچ ٹائی ہوئے اور 2 میچ بے نتیجہ ختم ہوئے۔

اس فہرست میں بھارت کا دوسرا نمبر ہے، جس نے 137 میچوں میں 85 فتوحات حاصل کر رکھی ہیں جبکہ 45 مرتبہ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

جنوبی افریقہ 127 میچوں میں 71 فتوحات اور 54 ناکامیوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، آسٹریلیا 131 میچوں میں 69 اور نیوزی لینڈ 137 میچوں میں 65 کامیابیوں کے ساتھ بالترتیب چوتھے اورپانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی کی بات کی جائے تو سابق کپتان شعیب ملک اور محمد حفیظ بالترتیب 2 ہزار 335 اور 2 ہزار 323 رنز کے ساتھ چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔

باؤلنگ میں سری لنکا کے لاستھ ملینگا 107 وکٹوں کے ساتھ پہلے اور پاکستان کے شاہد آفریدی 98 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، اسی طرح آل راؤنڈرز کی فہرست میں شعیب ملک کا پہلا نمبر ہے۔

یاد رہے کہ عالمی سطح پر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا آغاز 5 اگست 2004 کو انگلینڈ اورنیوزی لینڈ کی خواتین ٹیموں کےدرمیان میچ سے ہوا تھا جس میں کیویز نے 9 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

آسٹریلیا اورنیوزی لینڈ کے مردوں کی ٹیموں کے درمیان تاریخ کا پہلا بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچ 17 فروری 2005 کو ایڈن پارک آکلینڈ میں کھیلا گیا تھا جو 1980 کی دہائی کے انداز میں اس دور کی کٹ میں کھیلا گیا تھا۔

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں پہلی کامیابی آسٹریلیا نے حاصل کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024