• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

چین کا 'مستقبل کا شہر' کیسا ہوگا؟

شائع February 13, 2021
— فوٹو بشکریہ او ایم اے
— فوٹو بشکریہ او ایم اے

چین میں ایک نیا 'مستقبل کا شہر' بہت جلد لوگوں کے لیے کھول دیا جائے گا جو صنعت و ٹیکنالوجی کا امتزاج ہونے کے ساتھ دیہی علاقے کی خوبصورتی سے لیس ہوگا۔

صوبہ سیچوان کے شہر چینگ ڈو کے نواح میں 4.6 اسکوائر کلومیٹر رقبے پر اس نئے شہر کو تعمیر کیا جارہا ہے جو کہ متعدد یونیورسٹیوں، لیبارٹریریز اور دفاتر کا گھر ہوگا ۔

اس شہر کو آفس فار میٹرولین آرکیٹکچر (او ایم اے) اور گرکان، مارگ اینڈ پارٹنرز (جی ایم پی) نے ڈیزائن کیا ہے۔

اس نئے شہر کو چینگ ڈو فیوچر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سٹی کا نام دیا جائے گا اور اس پراجیکٹ کو حال ہی میں اس کے مختلف خاکوں کے ذریعے لوگوں کے سامنے لایا گیا۔

اس شہر کو چینگ ڈو کے نئے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب واقع دیہی علاقے میں تعمیر کیا جائے گا اور یہ ایئرپورٹ رواں سال کے آخر تک کھول دیا جائے گا۔

او ایم اے اس شہر کے اس حصے کو تعمیر کرے گی جہاں متعدد تعلیمی سہولیات موجود ہوں گی جبکہ جی ایم پی عوامی مقامات اور ٹرانسپورٹ سہولیات والے حصوں پر کام کرے گی۔

فوٹو بشکریہ او ایم اے
فوٹو بشکریہ او ایم اے

اس شہر کے ایجوکیشنل پارک کے ڈیجیٹل خاکوں میں ایسی عمارات نظر آتی ہیں جن کی چھتوں پر سبزہ ہوگا۔

او ایم اے کے شراکت دار کرس وان ڈوجن نے بتایا کہ چین میں ماسٹر پلانز عموماً انفراسٹرکچر اور تعداد پر مبنی ہوتے ہیں اور مقامی جغرافیے کو نظرانداز کردیا جاتا ہے، جس کے باعث چین میں بیشتر منصوبے کافی حد تک ایک جیسے نظر آتے ہیں۔

جی ایم پی کی جانب سے ٹرانزٹ ہب پر بھی کام ہوگا اور مستقبل کی ضرورت کے مطابق منفرد سب وے اسٹیشن تعمیر کیے جائیں گے۔

فوٹو بشکریہ جی ایم پی
فوٹو بشکریہ جی ایم پی

چین میں اس وقت متعدد نئے شہروں کی تعمیر کی جارہی ہے کیونکہ چینی حکومت کے تخمینے کے مطابق 2035 تک شہروں میں آبادی کی تعداد ایک ارب تک پہنچ سکتی ہے۔

اسی وجہ سے حکام کی جانب سے نئے شہروں کی تعمیر پر کام کیا جارہا ہے جیسے بیجنگ سے 60 میل دور ایک شہر تعمیر کیا جائے گا جس میں 25 لاکھ افراد رہ سکیں گے۔

وان ڈوجن نے کہا کہ او ایم اے کو توقع ہے کہ اس نئے منصوبے کے ابتدائی حصوں کو 2021 کے آخر تک مکمل کرلیا جائے گا جبکہ آئندہ 2 برسوں میں شہر کی تعمیر کافی حد تک مکمل ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک روایتی شہری منصوبہ یا کسی زمین کو محفوظ بنانے والا منصوبہ نہیں، ہمیں توقع ہے کہ یہ ایک شہر اور دیہات دونوں کا تجربہ لوگوں کو فراہم کرسکے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024