• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سینیٹ انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع

شائع February 13, 2021
الیکشن کمیشن نے تاریخ میں توسیع کی—فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان
الیکشن کمیشن نے تاریخ میں توسیع کی—فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان

الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) نے سینیٹ انتخابات میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کردی، تاہم انتخابات اپنی مقررہ تاریخ 3 مارچ کو ہی ہوں گے۔

ای سی پی کے جاری اعلامیہ کے مطابق الیکشن کمیشن ذرائع ابلاغ کے ذریعے یہ بات اجاگر کی گئی کہ وقت کی کمی کی وجہ سے امیدواروں کو اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرانے میں قانونی تقاضوں کو پورا کرنے میں مشکلات ہورہی ہیں اور اسی سلسلے میں کاغذ نامزدگی جمع کرانے کے دنوں میں اضافے کی تحریری و زبانی درخواستین بھی موصول ہوئیں۔

اعلامیہ کے مطابق ای سی پی نے ان تمام حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے امیدواروں کی سہولت کے پیش نظر کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 فروری مقرر کردی۔

مزید پڑھیں: سینیٹ انتخابات کیلئے ٹکٹیں دینے پر پی ٹی آئی اور بی اے پی میں اختلافات

ای سی پی کے مطابق نامزد امیدواروں کی فہرست 16 فروری کو آویزاں کی جائے گی، مزید یہ کہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 17 اور 18 فروری کو ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں ہوگی۔

اس کے علاوہ ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کیے جانے کے فیصلوں کے خلاف ٹریبیونل میں اپیل کرنے کی حتمی تاریخ 20 فروری مقرر کی گئی ہے۔

مزید یہ کہ ان اپیلوں کو نمٹانے کی آخری تاریخ 23 فروری ہے جبکہ ٹریبیونل کے فیصلوں کی روشنی میں امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 24 فروری کو آویزاں کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ انتخابات: پی ٹی آئی نے حفیظ شیخ، ثانیہ نشتر سمیت 13 کو اُمیدوار نامزد کردیا

اعلامیہ کے مطابق کاغذات نامزدگی واپس لینے کی تاریخ 25 فروری ہے۔

واضح رہے کہ 11 فروری کو الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے پولنگ کے لیے 3 مارچ کی تاریخ مقرر کی تھی جبکہ کاغذات نامزدگی کے لیے 13 فروری آخری تاریخ تھی۔

واضح رہے کہ سینیٹ کے 104 اراکین میں سے 52 اراکین اپنی 6 سالہ مدت ختم ہونے کے بعد 11 مارچ کو ریٹائر ہوجائیں گے جس میں قبائلی اضلاع کے 8 میں سے 4 سینیٹر بھی شامل ہیں اور اب قبائلی اضلاع کے خیبرپختونخوا میں ضم ہونے کی وجہ سے یہ چار نشستیں پُر نہیں کی جاسکتیں جس سے سینیٹ کی مجموعی نشستیں کم ہو کر 100 رہ جائیں گی۔

مزید پڑھیں: سینیٹ انتخابات کیلئے پولنگ 3 مارچ کو ہوگی، الیکشن کمیشن

48 اراکین سینیٹ کو منتخب کرنے کے لیے پولنگ 3 مارچ کو ہوگی جس میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے 12، 12 سینیٹرز، پنجاب اور سندھ سے 11،11 جبکہ اسلام آباد سے 2 سینیٹرز کو منتخب کیا جائے گا۔

پولنگ میں چاروں صوبوں سے عام نشستوں پر 7 اراکین، 2 نشستوں پر خواتین، 2 نشستوں پر ٹیکنوکریٹس کو چُنا جائے گا جبکہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے اقلیتی نشست پر ایک، ایک رکن منتخب ہوگا۔

خیال رہے کہ 11 مارچ کو اپنی 6 سالہ مدت ختم ہونے پر ریٹائر ہونے والے سینیٹرز کی 65 فیصد تعداد اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024