• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

محمد رضوان تمام طرز کرکٹ میں سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بلے باز

شائع February 11, 2021
محمد رضوان نے 104 رنز بنا لیے-فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر
محمد رضوان نے 104 رنز بنا لیے-فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر

محمد رضوان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کےپہلے میچ میں شان دار سنچری بنا کر قومی ٹیم میں متعدد اعزاز اپنے نام کرلیے۔

قومی ٹیم کے نائب کپتان نے جنوبی افریقہ جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف پراعتماد بیٹنگ کی اور شروع میں ہی کپتان بابراعظم کے صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد ذمہ داری نبھاتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا۔

مزید پڑھیں: پہلا ٹی ٹوئنٹی: رضوان کی شاندار سنچری، جنوبی افریقہ کو 170 رنز کا ہدف

جنوبی افریقہ کے باؤلرز کے خلاف بلند و بالا چھکے بھی لگائے تاہم دو مرتبہ قسمت نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا اور مہمان ٹیم کے فیلڈرز نے آسان کیچز گرا دیے۔ محمد رضوان نے ان مواقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور 64 گیندوں پر آؤٹ ہوئے بغیر 104 رنز بنائے۔

ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے اور وہ ٹی ٹوئنٹی کے ایک میچ میں 6 چھکے لگانے والے پاکستان کے تیسرے بلے باز بن گئے۔

محمد رضوان اس سنچری کے ساتھ پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی میں سنچری بنانے والے دوسرے بلے باز بن گئے اور ساتھ ہی بین الاقوامی سطح پر تمام طرز کرکٹ میں سنچری بنانے والے پاکستان کے دوسرے بلے باز بن گئے۔

ان سے قبل احمد شہزاد نے 30 مارچ 2014 کو بنگلہ یش کے خلاف ناقابل شکست 111 رنز بنائے تھے اور ٹی ٹوئنٹی میں سنچری بنانے والے قومی ٹیم کے پہلے بلے باز بن گئے تھے۔

خیال رہے کہ احمد شہزاد ٹی ٹوئنٹی کےعلاوہ ٹیسٹ اور ایک روزہ کرکٹ میں بھی سنچری بنانے والے پاکستان کے واحد بلے باز تھے تاہم محمد رضوان نے اس ریکارڈ کو برابر کردیا۔

محمد رضوان نے ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل راولپنڈی میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں شان دار سنچری بنائی تھی جو ٹیسٹ کیریئر میں ان کی پہلی سنچری ہے۔

پاکستان نے رضوان کی سنچری کی بدولت دوسرا ٹیسٹ جیت کر سیریز میں کلین سوئپ میں کیا تھا۔

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے سابق کپتان محمد حفیظ نے نیوزی لینڈ کے خلاف گزشتہ سیریز کے ایک میچ میں آؤٹ ہوئے بغیر 99 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

کپتان بابراعظم 97 اور عمراکمل 94 رنز کی اننگز کھیل چکے ہیں، فخر زمان بھی ایک میچ میں 91 رنز بنا چکے ہیں۔

اس کے علاوہ سابق کپتان سرفراز احمد اور مصباح الحق نے آؤٹ ہوئے بغیر بالترتیب 89 اور 87 رنز بنائے تھے۔

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب زیادہ رنز بنانے کا اعزاز محمد حفیظ اور شعیب ملک کو حاصل ہے جنہوں نے بالترتیب 99 اور 115 میچوں میں 2 ہزار 323 رنز بنائے ہیں۔

عمر اکمل نے 84 میچوں کی 79 اننگز میں ایک ہزار 690 رنز اور بابراعظم نے 45 میچوں میں 49 سے زائد کی اوسط سے ایک ہزار 681 رنز بنائے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024