• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

پی ٹی سی ایل کا محدود ماحول میں 5 جی ٹیکنالوجی کا کامیاب ٹرائل

شائع February 11, 2021
— شٹر اسٹاک فوٹو
— شٹر اسٹاک فوٹو

پاکستان ٹیلی کمیونیکشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے اسلام آباد میں اپنے ہیڈ کوارٹرز میں 5 جی ٹیکنالوجی کی کامیاب آزمائش کی ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر ہونے والی خصوصی تقریب میں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے شرکت کی۔

یہ 5 جی ٹرائل محدود ماحول میں غیر تجارتی بنیادوں پر کیا گیا۔

ٹرائل کے دوران لائیو 5 جی استعمال کے مختلف منظرناموں کا تجزیہ کیا گیا۔

اس میں کسی اور مقام سے سرجری، کلاؤڈ گیمنگ اور پاکستان میں 5 جی ٹیکنالوجی پر مبنی ایپلیکشنز کا جائزہ شامل تھا۔

5 جی ٹرائل کے دوران محدود ماحول میں پی ٹی سی ایل نے تیز ترین ڈیٹا ریٹ کے حصول میں کامیابی حاصل کی، جس میں ڈاؤن لوڈ اسپیڈ 1.685 جی بی پی ایس تھی۔

تقریب میں شریک ہونے والے افراد — فوٹو بشکریہ پی ٹی سی ایل
تقریب میں شریک ہونے والے افراد — فوٹو بشکریہ پی ٹی سی ایل

بیان میں بتایا گیا کہ پی ٹی سی ایل گروپ نے ٹرائل کے دوران 5 جی ریموٹ سرجری کا مظاہرہ کیا جس سے لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

ایک بار ایکو سسٹم تشکیل دینے کے بعد ڈاکٹر کسی بھی جگہ سے دور دراز مقامات پر سرجریز کرسکیں گے، جس سے نئے سماجی اور معاشی مواقع پیدا ہوں گے اور ڈیجیٹل پاکستان کے خواب کو تعبیر دینا ممکن ہوسکے گا۔

بیان کے مطابق 5 جی سے پاکستان میں صنعتوں اور انفرادی طور پر لوگوں کو ترقی کرنے کے زیادہ مواقع مل سکیں گے۔

یہ ٹیکنالوجی دور دراز مقامات پر تعلیم، عوامی تحفظ، صحت، ٹرانسپورٹیشن سمیت دیگر شعبوں میں انقلاب برپا کرسکے گی۔

اس ٹیکنالوجی سے موبائل آپریٹرز سمیت فکسڈ لائن آپریٹرز جیسے پی ٹی سی ایل کو زیادہ بہتر سروسز فراہم کرنے میں مدد مل سکے گی۔

تقریب کے دوران وفاقی وزیر سید امین الحق نے کہا کہ 'میں اس اہم ایونٹ میں شرکت پر خوش ہوں اور پی ٹی سی ایل نے پاکستان میں 5 جی ٹیکنالوجی کا کامیاب ٹرائل کرکے اہم قدم اٹھایا ہے، وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان کے خواب کے حصول کے لیے پرعزم ہے، 5 جی ٹیکنالوجی سے ابھرتے ٹیکنالوجیکل ماحول و ایکو سسٹم کے تشکیل دینے میں مدد ملے سکے گی، جس سے پاکستان میں معاشی خوشحالی آسکے گی'۔

تقریب میں موجود وفاقی سیکریٹری آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکشن اور چیئرمین پی ٹی سی ایل بورڈ آف ڈائریکٹرز شعیب احمد صدیقی نے کہا کہ 'ہم ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کے پابند ہیں، پی ٹی سی ایل گروپ کا کامیاب 5 جی ٹرائل ایک اہم قدم ہے جو پاکستان کی ڈیجیٹلائزیشن کی طرف راہ ہموار کرے گا، اس ٹیکنالوجی سے تعلیم، صحت، سیکیورٹی اور کمیونیکیشن جیسے بہت سے شعبوں میں نئی راہیں کھلیں گی جو ہمارے ملک کے لیے مثبت معاشرتی اور معاشی اثرات مرتب کریں گی'۔

اس موقع پر پی ٹی سی ایل کے قائم مقام سی ای او اور چیف فنانشنل آفیسر ندیم خان نے کہا کہ 'آج محدود ماحول میں 5 جی کے کامیاب ٹرائل کے بعد ہمارا ماننا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی ای ہیلتھ، زراعت، خودکار گاڑیوں، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، انٹرنیٹ آف تھنگز، آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی)، اسمارٹ ہومز اور شہروں کے لیے نئے حقائق کھول سکے گی، ریموٹ سرجری کی کامیاب آزمائش پہلی بار پاکستان میں کی گئی، جس سے دور دراز مققامات پر رہنے والے افراد کو دنیا بھر میں دستیاب بہترین طبی سہولیات تک رسائی حاصل ہوسکے گی'۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024