• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

’زندگی تماشا‘ اور پاکستانی اداکار کی فلم ’فنی بوائے‘ آسکر دوڑ سے باہر

شائع February 11, 2021
پاکستانی فلم سمیت پاکستانی اداکار کی کینیڈین فلم بھی دوڑ سے باہر ہوگئی—پرومو فوٹو
پاکستانی فلم سمیت پاکستانی اداکار کی کینیڈین فلم بھی دوڑ سے باہر ہوگئی—پرومو فوٹو

فلمی دنیا کے سب سے معتبر ایوارڈ 'آسکر' کی انتظامیہ نے 25 سے زائد کیٹیگریز میں سے 9 کیٹیگریز کی نامزدگیوں کو شارٹ لسٹ کرلیا۔

شوبز ویب سائٹ ورائٹی کے مطابق آسکر اکیڈمی کی مختلف کمیٹیوں نے 25 سے زائد کیٹیگریز میں سے 9 کیٹیگریز کی فلموں اور شخصیات کی نامزدگیوں کا اعلان کردیا تاہم ان ہی کیٹیگریز کی حتمی نامزدگیوں کا اعلان آئندہ ماہ 15 مارچ کو ہوگا۔

آسکر ایوارڈز کے لیے جن 9 کیٹیگریز کی نامزدگیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے، ان میں غیر ملکی زبان کی فلمیں، دستاویزی فلمیں، مختصر دستاویزی فلمیں، اینیمیٹڈ شارٹ فلمیں، ہیئر اسٹائل اینڈ میک اپ، اوریجنل اسکور، اوریجنل سانگ، لائیو شارٹ فلمیں اور وژوئل افیکٹس شامل ہیں۔

مذکورہ 9 ہی کیٹیگریز کے لیے آسکر انتظامیہ نے 10 سے 15 نامزدگیاں کی ہیں تاہم ان شارٹ لسٹ ہونے والی نامزدگیوں سے بھی حتمی نامزدگیاں ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں: سرمد کھوسٹ کی فلم 'زندگی تماشا' آسکر ایوارڈز کے لیے نامزد

مذکورہ کیٹیگریز میں آسکر اکیڈمی کو سب سے زیادہ انٹریز ملتی ہیں، جس کی وجہ سے ان کیٹیگریز کو پہلے شارٹ لسٹ کیا جاتا ہے اور بعد میں ان کی حتمی نامزدگی کی جاتی ہے۔

ورائٹی کے مطابق غیر ملکی زبان کی کیٹگریز کی فلموں میں 93 میں سے محض 15 فلمیں شارٹ لسٹ کی گئی ہیں اور ان 15 میں سے بھی آئندہ ماہ 15 مارچ تک 5 فلموں کو نامزد کیا جائے گا۔

زندگی تماشا کو تاحال ریلیز بھی نہیں کیا گیا—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
زندگی تماشا کو تاحال ریلیز بھی نہیں کیا گیا—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

شارٹ لسٹ کی گئیں 15 فلموں میں پاکستانی اور بھارتی فلمیں شامل نہیں ہیں اور نہ ہی کینیڈا کی جانب سے بھجوائی گئی پاکستانی اداکار علی کاظمی کی فلم کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

پاکستان نے اس سال سرمد کھوسٹ کی فلم ’زندگی تماشا‘ جب کہ بھارت نے ملیالم زبان کی فلم ’جلی کٹو‘ کو بھیجا تھا تاہم دونوں فلموں کو پہلے مرحلے میں ہی دوڑ سے باہر کردیا گیا۔

علاوہ ازیں کینیڈا کی جانب سے پاکستانی اداکار علی کاظمی کی بھجوائی گئی فلم ’فنی بوائے‘ کو بھی پہلی ہی دوڑ میں باہر کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: علی کاظمی کی فلم 'فنی بوائے' آسکر ایوارڈ کیلئے نامزد

اس فلم کی ہدایات بھارتی ہدایت کارہ دیپا مہتا نے دی تھیں اور اس کی کہانی سری لنکن ناول نگار شیام سلوادرئی کے 1994 میں شائع ہونے والے ناول ’فنی بوائے‘ سے لی گئی تھی۔

اسی طرح غیر ملکی زبان کی کیٹیگری میں دنیا کے دیگر بڑے ممالک یعنی امریکا، برطانیہ، جرمنی، اسپین، اٹلی اور مصر سمیت دیگر 78 ممالک کی فلموں کو بھی پہلی ہی دوڑ میں باہر کردیا گیا۔

حیران کن طور پر شاٹ لسٹ کی گئی 15 غیر ملکی فلموں میں تیونس، ایران، بوسنیا و ہرگزوینیا، ہانگ کانگ، تائیوان، گوئٹے مالا، رومانیہ، روس اور میکسیکو جیسے ممالک کی فلمیں شامل ہیں۔

پاکستانی اداکار علی کاظمی کی کینیڈین فلم فنی بوائے بھی دوڑ سے باہر ہوگئی—پرومو فوٹو
پاکستانی اداکار علی کاظمی کی کینیڈین فلم فنی بوائے بھی دوڑ سے باہر ہوگئی—پرومو فوٹو

زیادہ تر فلمی ناقدین کے مطابق شارٹ لسٹ کی گئی مذکورہ 15 فلموں میں سے حتمی طور پر نامزد ہونے والی 5 غیر ملکی فلموں میں تیونس، ہانگ کانگ، تائیوان، ایران اور بوسنیا و ہرگزوینیا کی فلموں کو نامزد کیا جائے گا۔

تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے اور آسکر اکیڈمی حتمی نامزدگیوں کی فہرست آئندہ ماہ 15 مارج کو جاری کرے گی جب کہ ایوارڈز تقریب 25 اپریل کو ہوگی اور اس بار کورونا کی وجہ سے مختلف شہروں سے بھی تقریب کو آن لائن دکھایا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024