پاکستان، جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی آج کھیلا جائے گا
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 3 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز آج قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیےدونوں ٹیمیں پہلے ہی لاہور پہنچ چکی ہیں اور تیاریوں میں مصروف ہیں۔
قذافی اسٹیدیم میں سیریز کا پہلا میچ شام 6 بجے شروع ہوگا۔
مزید پڑھیں: جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی 20 سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان، محمد حفیظ باہر
دونوں ٹیمیں 13 فروری کو دوسرے اور 14 فروری کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں مدمقابل ہوں گی اور تینوں میچ فلڈ لائٹس میں کھیلے جائیں گے۔
ٹی ٹونٹی سیریز میں مہمان ٹیم کی قیادت ہنریک کلاسین کریں گے جبکہ پاکستان ٹیم بابر اعظم کی زیر قیادت میں میدان میں اترے گی۔
پاکستان کے اسکواڈ میں کپتان بابر اعظم، عامر یامین، احمد بٹ، آصف علی، دانش عزیز، فہیم اشرف، حیدر علی، حارث رؤف، حسن علی، حسین طلعت، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، عثمان قادر، ظفر گوہر اور زاہد محمود شامل ہیں۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم کے اکثر کھلاڑی ٹیسٹ سیریز کے بعد وطن واپس جا چکے ہیں جو آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاری کریں گے۔
کرکٹ جنوبی افریقہ کے ڈائریکٹر گریم اسمتھ نے کہا تھا کہ کھلاڑیوں کی سلیکشن کورونا وائرس کے سبب درپیش مشکلات کی عکاسی کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ ہمیں ٹی20 سیریز دلچسپ بنانے کے ساتھ ساتھ آسٹریلیا سے ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز کی تیاریاں یقینی بنانے کے لیے کچھ مختلف سوچنا ہو گا۔
گریم اسمتھ کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات اس بات کی مثال ہیں کہ کرکٹ کھیلنے والے کچھ ملک ان تدابیر کی بدولت تین سے چار ماہ کے عرصے میں کورونا وائرسک کی مشکلات کے باوجود ایک سے زائد دوروں کو یقینی بنا سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے جنوبی افریقہ کے اسکواڈ کا اعلان
خیال رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کھیلی گئی تھی جس میں قومی ٹیم نے 0-2 سے کامیابی حاصل کرکے سیریز میں کلین سوئپ کیا تھا۔
قومی ٹیم نے کراچی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں 7وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی اور راولپنڈی میں دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں 95 رنز سے فتح حاصل کرکے طویل عرصے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔
سیریز میں کامیابی کے بعد پاکستانی ٹیم نے آئی سی سی کی ٹیسٹ کی درجہ بندی میں ترقی پاکر پانچویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔