• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کراچی: بلدیہ میں فیکٹری میں آتشزدگی سے 3 افراد جاں بحق

شائع February 10, 2021
آتشزدگی سے عمارت بری طرح متاثر ہوئی—تصویر: ڈان نیوز
آتشزدگی سے عمارت بری طرح متاثر ہوئی—تصویر: ڈان نیوز

کراچی کے علاقے بلدیہ میں ایک دھاگا فیکٹری میں آتشزدگی سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق بلدیہ ٹاؤن میں واقع دھاگا بنانے کی فیکٹری میں رات گیارہ بجے کے قریب اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے چند لمحوں میں تین منزلہ عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی ٹیم جائے وقوع پر پہنچی اور آگ پر قابو پانے کی کوشش کی تاہم کھڑکیوں پر لوہے کی جالیوں کے باعث آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مزید پڑھیں: کراچی: سائٹ کے علاقے میں کیمیکل فیکٹری میں آگ لگ گئی، متعدد زخمی

آگ لگنے کے باعث فیکٹری کی عمارت بری طرح متاثر ہوئی جبکہ اس واقعے میں جھلس کر 3 افراد جاں بحق ہوگئے جن کی شناخت فیاض، محمد کاظم اور علی شیر کے نام سے ہوئی۔

آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا—تصویر: امتیاز علی
آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا—تصویر: امتیاز علی

ریسکیو سروس ایدھی کے مطابق آتشزدگی کا واقعہ بلدیہ سیکٹر 5 میں ایک فیکٹری میں پیش آیا۔

انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے سے 3 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے جن کی میتوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ادھر فائر بریگیڈ حکام کے مطابق رات 11 بجکر 36 منٹ پر 3 منزلہ مکہ فیبرک میں آگ لگی۔

انہوں نے بتایا کہ فائر فائٹرز نے آگ بجھانے کی بھرپور کوشش کی اور صبح تک اس پر مکمل قابو پالیا گیا۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ آتشزدگی سے ہونے والے نقصان کا اندازہ ابھی نہیں لگایا جاسکتا، مزید یہ کہ ریسکیو آپریشن کے دوران ہمارا ایک افسر زخمی ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: چلتی گاڑی میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق

دوسری جانب آتشزدگی کے بعد صوبائی وزیر اوقاف انورسیال متاثرہ فیکٹری پہنچے اور ریسکیوآپریشن کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فیکٹری میں حفاظتی اقدامات نہ ہونے کی تحقیقات کرانے اورذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔

تاہم ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق فیکٹری مالک نے ہنگامی اخراج کا راستہ نہ ہونے کے الزامات کو غلط قرار دے دیا۔

اس سے قبل جنوری میں کراچی کے علاقے سائٹ ایریا کے علاقے ہارون آباد میں کیمیکل فیکٹری کے گودام میں آگ لگ گئی تھی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے تھے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سائٹ ایریا میں کیمیکل فیکٹری میں آگ لگنے کا نوٹس لیا تھا اور انہوں نے ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد کو فوری آگ پر قابو پانے کی ہدایت کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024