• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

احساس پروگرام میں پیسوں کی تقسیم کو کوئی غیر منصفانہ نہیں کہہ سکتا، وزیراعظم

شائع February 10, 2021
وزیر اعظم نے تقریب سے خطاب کیا—فائل فوٹو: عمران خان فیس بک
وزیر اعظم نے تقریب سے خطاب کیا—فائل فوٹو: عمران خان فیس بک

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ ہم نے احساس پروگرام میں پیسوں کی تقسیم سیاسی بنیادوں یا منصفانہ طریقے سے نہیں کی، یہ ثانیہ نشتر کی ٹیم کو کریڈٹ جاتا ہے کہ کہیں سے یہ آواز نہیں آئی کہ پیسے کی تقسیم غیرمنصفانہ تھی۔

راولپنڈی میں احساس کفالت پروگرام کے دوسرے مرحلے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارا یہ پروگرام غریب لوگوں پر احسان نہیں بلکہ حکومت کا فرض ہوتا ہے کہ اپنے اس طبقے کو جو کمزور ہے اس کی حمایت کریں، ان کی مدد کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہم آپ کو ایک صحت کارڈ دیں گے، جس کا مطلب آپ ساڑھے 7 لاکھ روپے تک کسی بھی ہسپتال میں علاج کروانا چاہیں گے تو وہ مفت ہوگا۔

مزید پڑھیں: احساس پروگرام پاکستان میں مثبت تبدیلی لا رہا ہے، رپورٹ

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہماری نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم مزدوروں کے لیے ہے جو کبھی اپنا گھر نہیں خرید سکتے، ہم ایک نیا ایسا سسٹم لارہے ہیں کہ بجائے کرایہ دینے کے وہی رقم قسطوں میں چلی جائے گی اور گھر آپ کا ہوجائے گا، اس کے لیے بھی ہم کوشش کر رہے ہیں، اس کے علاوہ ہم اخوت کے ساتھ مل کام کر رہے ہیں اور انہیں ساڑھے 3 ارب روپے دے چکے ہیں اور آگے 10 ارب روپے دیں گے تاکہ مستحق لوگوں کو وہ بغیر سود کے قرضے دیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ ہم آپ کو اپنے کاروبار کرنے کے لیے مدد کریں گے، جس کے بارے میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر آگاہ کریں گی۔

اپنی گفتگو کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم پوری کوشش کر رہے ہیں کہ احساس پروگرام کے تحت 12 ہزار روپے مستحق لوگوں کو جائیں کیونکہ ہم نے ایسی فہرستیں دیکھی ہیں جس میں وہ لوگ بھی شامل تھے جو مستحق نہیں تھے، ان کی پہلے نوکریاں تھی، 8 لاکھ 20 ہزار سرکاری ملازم تھے انہیں نکالا جبکہ اب 30 ہزار ایسے لوگوں کو نکالا جو مستحق نہیں تھے کیونکہ ہماری کوشش ہے کہ یہ رقم صرف مستحق افراد کو جائے۔

اس موقع پر انہوں نے لبنان کے حوالے سے کہا کہ وہاں لوگ سڑکوں پر نکل کر مظاہرے کر رہے ہیں اور اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ لوگ کہتے ہیں کہ کورونا کے دوران سیاسی بنیادوں پر رقم تقسیم کی گئی اور یہ منصفانہ تقسیم نہیں تھی۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا احساس ایمرجنسی کیش پروگرام 144 سے بڑھا کر 203 ارب روپے کرنے کا اعلان

تاہم انہوں نے کہا کہ کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ ہم نے احساس پروگرام میں پیسوں کی تقسیم سیاسی بنیادوں یا منصفانہ طریقے سے نہیں کی، یہ ثانیہ نشتر کی ٹیم کو کریڈٹ جاتا ہے کہ کہیں سے یہ آواز نہیں آئی کہ پیسے کی تقسیم غیرمنصفانہ تھی بلکہ سندھ کی آبادی کے حساب سے ہم نے زیادہ پیسہ سندھ میں دیا، حالانکہ ہماری وہاں حکومت نہیں تاہم ہم نے میرٹ کی بنیاد پر یہ کیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم آج سے اس کا دوسرا مرحلہ شروع کر رہے ہیں جس میں 70 لاکھ خاندانوں میں ہم آج سے پیسے بانٹنا شروع کر رہے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ اس کی منصفانہ تقسیم ہو اور سیاسی بنیادوں یا من پسندوں کو پیسہ نہیں بانٹا جائے گا۔

آخر میں وزیراعظم نے یقین دلایا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ آپ کی مدد کی جائے اور ذمہ داری پوری کی جائے، یہ احساس پروگرام بڑھتا جائے گا اور ہم مزید چیزیں لائیں گے اور ہم تعلیم کے حوالے سے بھی توجہ دے رہے ہیں جس کا مقصد یہ ہے کہ آپ کے بچے بھی بڑے عہدوں کو پہنچ سکیں اور خیال رکھ سکیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024