• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پریانکا چوپڑا نے سوانح عمری میں ذاتی زندگی کے ’راز‘ بیان کردیے

شائع February 9, 2021
اداکارہ کی سوانح عمری کو 9 فروری کو فروخت کے لیے پیش کیا گیا — فوٹو: پریانکا چوپڑا انسٹاگرام
اداکارہ کی سوانح عمری کو 9 فروری کو فروخت کے لیے پیش کیا گیا — فوٹو: پریانکا چوپڑا انسٹاگرام

سابق مس ورلڈ اور بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کی سوانح عمری ’ان فنشڈ‘ فروخت کے لیے پیش کردی گئی۔

پریانکا چوپڑا گزشتہ 5 سال سے ’ان فنشڈ‘ پر کام کر رہی تھیں اور گزشتہ برس اکتوبر کے آخر میں اداکارہ نے بتایا تھا کہ انہوں نے کتاب لکھنے کا کام مکمل کرلیا۔

اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا تھا کہ انہوں نے سوانح عمری مکمل کرلی ہے اور اسے پڑھنے کے خواہش مند قبل از وقت اس کا آرڈر دے سکتے ہیں۔

خبریں تھیں کہ پریانکا چوپڑا کی سوانح عمری جنوری 2021 میں شائع ہوگی تاہم بعد ازاں اسے 9 فروری کو فروخت کے لیے پیش کرنے کا اعلان کیا گیا تھا اور اب اسے فروخت کے لیے پیش کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پریانکا کی زندگی پر مبنی کتاب پر کام جاری

پریانکا چوپڑا کی سوانح عمری پر متعدد ویب سائٹس اور نشریاتی اداروں نے ابتدائی تبصرے شائع کیے ہیں، جن کے مطابق اداکارہ نے ’ان فنشڈ‘ میں ذاتی زندگی کے تمام واقعات، حالات اور رازوں کو شائقین کے سامنے بہادری سے بیان کیا ہے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے ’ان فنشڈ‘ کے تبصرے میں بتایا کہ پریانکا چوپڑا نے اپنی سوانح عمری میں بچپن سے لے کر معروف شخصیت بن جانے اور ایشیا چھوڑ کر امریکا منتقل ہونے کے واقعات کو بیان کیا ہے۔

اداکارہ نے بہادری سے دو براعظموں میں گزاری گئی زندگی کو احسن انداز میں بیان کیا ہے اور بتایا ہے کہ انہیں کس طرح ایشیائی ہونے کی وجہ سے امریکا میں نسلی و جنسی تعصب کا سامنا کرنا پڑا۔

تبصرے کے مطابق پریانکا چوپڑا نے کتاب میں والد کے انتقال کے بعد ذہنی اضطراب میں مبتلا ہوجانے کا بھی اعتراف کیا ہے اور ساتھ ہی یہ بھی بتایا ہے کہ اگر ان کے والدین انہیں خودمختاری نہ دیتے تو وہ آج مشہور شخصیت نہ ہوتیں۔

پریانکا چوپڑا نے کتاب میں بتایا کہ بچپن میں انہیں عالمی سطح کا انجنیئر بننے کا شوق تھا تاہم ساتھ ہی انہیں انسانیت کی فلاح و بہبود کے کاموں میں بھی دلچسپی تھی مگر ایک فیصلے نے ان کی زندگی تبدیل کردی۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

اداکارہ نے بتایا کہ جب وہ 17 برس کی ہوئیں تو بھائی نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ بھارت میں ہونے والے مقابلہ حسن میں حصہ لیں اور یوں ان کی خوبصورتی نے ان کی زندگی کا رخ موڑ دیا۔

سوانح عمری میں اداکارہ نے لکھا کہ سال 2000 میں مس ورلڈ بننے اور عالمی مقابلہ حسن میں بھارت کی نمائندگی کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات تھی اور یہیں سے ان کی زندگی کا نیا دور شروع ہوا۔

مزید پڑھیں: پریانکا چوپڑا نے سوانح عمری مکمل کرلی

کتاب میں اداکارہ نے اس بات کا اعتراف بھی کیا ہے کہ نوعمری میں وہ خوبصورتی بڑھانے کے لیے فیئرنیس کریموں سمیت دیگر طریقوں کو بھی آزماتی رہیں۔

پریانکا چوپڑا نے اپنی سوانح عمری میں اپنی گہری رنگت اور ایشیائی ہونے کی وجہ سے امریکا میں پیش آنے والی مشکلات کا بھی ذکر کیا ہے اور بتایا ہے کہ جب انہیں پہلی بار امریکا میں شوبز منصوبے ملے تو انہیں نسلی تعصب کا نشانہ بنایا گیا۔

’ان فنشڈ‘ میں پریانکا چوپڑا نے امریکی گلوکار نک جونس سے محبت استوار ہونے اور شادی سے متعلق بھی کہانی بیان کی ہے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

پریانکا چوپڑا کی سوانح عمری کے حوالے سے ’یو ایس ٹوڈے‘ نے بتایا کہ پریانکا چوپڑا نے کتاب میں اعتراف کیا ہے کہ ان کی دوستی جب امریکی مڈویسٹ خطے (مڈویسٹ خطہ ریاست الینوائے، انڈیانا، مینیسوٹا، میسوری، شمالی و جنوبی ڈکوٹا سمیت 12 ریاستوں پر مشتمل ہے) کی مقابلہ حسن جیتنے والی لڑکیوں سے ہوئی تو انہیں گہری رنگت کو سمجھنے میں آسانی ملی۔

اداکارہ نے لکھا کہ مڈویسٹ کی مقابلہ حسن جیتنے والی لڑکیاں انہی کی طرح گہری رنگت کی تھیں اور انہیں دیکھنے کے بعد ہی ان کے حوصلے بلند ہوئے۔

سوانح عمری میں اداکارہ نے یہ انکشافات بھی کیے ہیں کہ انہیں ان کے ہندو عقائد کی وجہ سے بھی مشکوک نظروں سے دیکھا جاتا اور ان کا ذکر ہندو دہشت گرد کے طور پر کیا جاتا۔

یہ بھی پڑھیں: پریانکا چوپڑا کی سوانح عمری میں کیا خاص باتیں ہیں؟

خیال رہے کہ پریانکا چوپڑا کامیاب اداکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ گلوکارہ اور فلم پروڈیوسر بھی ہیں۔

انہوں نے شوبز میں اپنے کیریئر کا آغاز سال 2000 میں مس ورلڈ کا اعزاز جیت کر کیا، اس وقت وہ صرف 18 سال کی تھیں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

اس کے بعد بولی وڈ میں انہوں نے 2003 کی فلم ’دی ہیرو‘ کے ساتھ قدم رکھا، انہوں نے 2017 سے ہولی وڈ فلموں میں اداکاری کا آغاز کیا تاہم وہ 2012 میں ہی امریکی گانوں میں ماڈلنگ کر چکی تھیں۔

پریانکا چوپڑا نے 6 درجن کے قریب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، ساتھ ہی انہوں نے ایک درجن کے قریب فلموں، ڈراموں اور شوز کو پروڈیوس بھی کیا۔

شاندار اداکاری پر انہیں متعدد ایوارڈز بھی دیے جا چکے ہیں، ان کی آخری بولی وڈ فلم ’اسکائے از پنک‘ تھی جسے 2019 میں ریلیز کیا گیا، گزشتہ برس ان کی دو ہولی وڈ موویز ریلیز ہوئی تھیں۔

پریانکا چوپڑا نے 2 سال قبل دسمبر 2018 میں امریکی گلوکار نک جونس سے شادی کی تھی، امریکی گلوکار ان سے 11 سال چھوٹے ہیں۔

شادی کے بعد پریانکا چوپڑا شوہر کے ساتھ امریکا منتقل ہوگئی تھیں تاہم وہ بھارت آتی جاتی رہتی ہیں، ان کے پاس شادی سے قبل ہی امریکی شہریت بھی تھی، ان کا شمار نہ صرف بولی وڈ بلکہ امریکی شوبز انڈسٹری کی بھی اہم شخصیات میں ہوتا ہے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024