• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

’کون کس کا آدمی ہے‘ شہزاد رائے کا مزاح سے بھرپور سیاسی گانا مقبول

شائع February 9, 2021
گانے ریلیز ہوتے ہی مقبول ہوگیا — اسکرین شاٹ
گانے ریلیز ہوتے ہی مقبول ہوگیا — اسکرین شاٹ

گلوکار شہزاد رائے ماضی میں بھی سیاسی و سماجی مسائل پر گانے بناتے رہے ہیں اور ان کے گانوں نے ماضی میں بھی لوگوں کو نہ صرف سماجی مسائل کو سمجھنے بلکہ سیاسی گتھیوں کو سلجھانے میں مدد کی ہے۔

اور اب ایک بار پھر شہزاد رائے نے طویل عرصے بعد ملکی و عالمی سیاست کے تناظر میں منفرد گانا گاکر لوگوں کو سوچنے پر مجبور کیا ہے کہ وہ یہ سوچیں کہ ان کے ارد گرد گھومنے والے لوگ کس کے ہیں؟

شہزاد رائے نے ’کون کس کا آدمی ہے‘ گانا 8 فروری کو یوٹیوب پر جاری کیا، ساتھ ہی انہوں نے گانے کی ریلیز کے وقت جیو نیوز کے پروگرام ’کیپیٹل ٹاک‘ میں بھی شرکت کی اور بتایا کہ انہیں یہ گانا بنانے کی ضرورت کیوں پیش آئی۔

’کیپیٹل ٹاک‘ میں بات کرتے ہوئے شہزاد رائے کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر شخص کو مشکوک نظروں سے دیکھا جاتا ہے اور ایسا لگتا ہے جیسے ملک میں 22 کروڑ مشکوک لوگ گھوم رہے ہیں۔

’کون کس کا آدمی ہے‘ گانے کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں شہزاد رائے کے بیٹے کو بھی میوزک بجاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

شہزاد رائے نے حامد میر سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ گانے میں ڈرم بجانے والا بچہ ان کا ہی بیٹا ہے، جس کی عمر ساڑھے 6 سال ہے اور انہیں گانے میں دکھانے کا آئیڈیا اداکار فیصل قریشی کا تھا، جو گانے کے آغاز میں ہی شہزاد رائے کے ساتھ دکھائی دیتے ہیں۔

’کون کس کا آدمی ہے‘ اگرچہ سیاسی تناظر میں بنا ہوا گانا ہے تاہم اسے اس طرح مزاحیہ انداز میں بنایا گیا ہے کہ ہر ایک کو سیاستدانوں کی گٹھ جوڑ سمجھ نہیں آئے گی۔

گانے میں مختلف طرح کے سیکولر اور تنگ نظر افراد سمیت خواتین کے کرداروں کو بھی دکھایا گیا ہے اور سب ہی کردار ایک طرح سے ایک دوسرے کے ساتھ دھوکا کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

گانے کی دوسری اہم بات یہ ہے کہ اس میں پاک فضائیہ کی جانب سے بھارتی طیارے کو گراکر بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کیے جانے اور ان کی مہمان نوازی کرنے کو بھی دکھایا گیا ہے۔

گانے میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی تنگ نظر اور خطے میں بے امنی پھیلانے کی سیاست کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔

تین منٹ سے کم دورانیے کی ویڈیو میں تمام کرداروں کو میوزک پر ڈانس کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جس کی وجہ سے گانے کو نہ صرف عام شائقین بلکہ سیاستدان، صحافی و شوبز شخصیات بھی سراہتی دکھائی دے رہی ہیں۔

’کون کس کا آدمی ہے‘ محض چند گھنٹوں میں ہی سوشل میڈیا پر مقبول ہوگیا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024