• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

صنم سعید نے کس تکلیف کے باعث فلم ’کیک‘ میں حقیقی آنسو بہائے؟

شائع February 8, 2021 اپ ڈیٹ February 9, 2021
اداکارہ کے مطابق والدہ کے انتقال سے چند دن پہلے تک وہ فلم کی شوٹنگ کر رہی تھیں —فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ کے مطابق والدہ کے انتقال سے چند دن پہلے تک وہ فلم کی شوٹنگ کر رہی تھیں —فائل فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ صنم سعید نے انکشاف کیا ہے کہ تین سال قبل ریلیز ہونے والی فلم ’کیک‘ میں رونے کے مناظر کے دوران انہوں نے مصنوعی نہیں بلکہ حقیقی آنسو بہائے تھے۔

’کیک‘ 2018 میں ریلیز ہوئی تھی اور اس فلم کو عالمی فلم فیسٹیولز میں بھی دکھایا گیا تھا۔

اسی فلم کو پاکستانی جیوری نے ’آسکر‘ کے لیے بھی غیر ملکی زبان کی کیٹیگری کے لیے بھیجا تھا تاہم فلم ایوارڈ جیت نہ سکی۔

’کیک‘ کو اس کی کہانی کی وجہ سے کافی سراہا گیا تھا، فلم کی کہانی ایک ایسے سندھی خاندان کے گرد گھومتی ہے جو بڑے شہر میں آکر مسائل کا شکار ہوجاتا ہے اور فلم میں انتہائی خوبصورتی سے چھوٹے چھوٹے گھریلو مسائل کو دکھایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں؛ ’کیک‘ نے ایشن فلم فیسٹیول میں ایوارڈ جیت لیا

فلم میں صنم سعید نے مرکزی خاندان کے ایسے فرد کا کردار ادا کیا تھا، جو زندگی کے مسائل سامنے آنے پر متعدد بار روتی دکھائی دیتی ہیں۔

ماضی میں اگرچہ صنم سعید نے یہ بھی اعتراف کیا تھا کہ ’کیک‘ کی کہانی ان کی اصل حقیقی خاندانی زندگی سے کافی ملتی جلتی ہے تاہم اب انہوں نے اعتراف کیا ہے کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران وہ حقیقی طور پر روئی تھیں۔

صنم سعید نے ماہرہ خان کے ساتھ ’میشن‘ کے لیے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے زندگی کے مسائل، پیشہ ورانہ زندگی اور شوبز سمیت سماجی مسائل پر کھل کر بات کی۔

مزید پڑھیں: ‘کیک’ آسکر ایوارڈ کے لیے منتخب

طویل دورانیے کے پروگرام میں صنم سعید نے پہلی بار کھل کر اپنے خاندان اور خصوصی طور پر والدہ کی صحت اور انہیں کینسر کے باعث کھونے کی داستان بھی بتائی۔

صنم سعید نے بتایا کہ جس وقت وہ ’کیک‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھیں، ان ہی دنوں میں ان کی والدہ کینسر سے جنگ لڑ رہی تھیں۔

اداکارہ کے مطابق انہیں والدہ کو ہسپتال میں چھوڑ کر شوٹنگ کے لیے لندن جانا پڑا تھا اور ان ہی دنوں میں ان کی تازہ طلاق بھی ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی فلم ’کیک‘ آسکر کی دوڑ سے باہر

اداکارہ کے مطابق والدہ کی بیماری اور طلاق جیسے مسائل سمیت دیگر گھریلو مسائل کی وجہ سے وہ فلم کے مناظر شوٹ کرواتے وقت حقیقی طور پر روئی تھیں اور ان کے آنسو مصنوعی نہیں تھے۔

اداکارہ نے بتایا کہ ان کے والدین نے زندگی کے 34 سال ایک ساتھ گزارے تھے اور والدہ کی وفات کے بعد انہوں نے پہلی بار والد کو روتے ہوئے دیکھا۔

کیک کے مناظر میں بہائے گئے آنسو حقیقی تھے، اداکارہ—پرومو فوٹو
کیک کے مناظر میں بہائے گئے آنسو حقیقی تھے، اداکارہ—پرومو فوٹو

صنم سعید والدہ کی بیماری اور گھریلو حالات پر بات کرتے ہوئے جذباتی بھی ہوگئیں اور کہا کہ ان کی دعا ہے کہ کبھی کوئی شخص اپنے پیاروں کو نہ کھوئے۔

اسی دوران ماہرہ خان نے ایک واقعہ بتایا کہ ان کی ایک دوست کی بہن کی موت ہوئی تو اس کے والد نے کہا کہ زندگی اور موت حقیقت ہے مگر کبھی کسی والد کو اپنے بچوں کو دفن کرنے کا وقت نہ دیکھنا پڑے۔۔

مزید پڑھیں: ’کیک‘ کا ایک سال بعد نیٹ فلکس پر پریمیئر

طویل پروگرام میں صنم سعید نے سماجی مسائل اور خصوصی طور پر خواتین کو درپیش مسائل پر بھی کھل کر بات کی اور ساتھ ہی پیشہ ورانہ زندگی پر بھی بات کی۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

اس سے قبل 2018 میں صنم سعید نے ثمینہ پیرزادہ سے گفتگو کرتے ہوئے اپنی ذاتی زندگی سے متعلق بتایا تھا کہ ان کی شادی کے چند سال بعد ہی ان طلاق ہوگئی تھی۔

اداکارہ کے مطابق وہ شادی کے بعد دبئی چلی گئی تھیں، جہاں ان کی زندگی گھر میں فارغ بیٹھے رہنے کی وجہ سے فضول بن گئی تھی اور بعد ازاں والدہ کی طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے بھی ان کی ازدواجی زندگی متاثر ہوئی، جس کی وجہ سے انہوں نے طلاق لی۔

انہوں نے یہ اعتراف بھی کیا تھا کہ انہوں نے محبت کی شادی کی تھی مگر شادی کے بعد کے حالات ان کی توقعات کے برعکس نکلے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024