• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستان میں کورونا وائرس سے اموات 12 ہزار سے متجاوز، فعال کیسز 32 ہزار سے کم

شائع February 8, 2021
پاکستان میں اموات کی تعداد 12 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے—فائل فوٹو: اے پی
پاکستان میں اموات کی تعداد 12 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے—فائل فوٹو: اے پی

پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں کورونا وائرس کی صورتحال قدر بہتر رہی اور یہاں بڑی تعداد میں لوگ صحتیاب ہوگئے۔

ملک میں اس عالمی وبا کی اگرچہ دوسری لہر جاری ہے تاہم گزشتہ چند روز سے کیسز کی تعداد میں کمی دیکھی جارہی ہے اور 31 اکتوبر یعنی 3 ماہ سے زائد عرصے کے بعد آج سب سے کم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

کورونا وائرس سے متعلق سرکاری اعداد و شمار فراہم کرنے والے پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید ایک ہزار 37 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ مزید 59 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

ان نئے کیسز اور اموات کے بعد ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 5 لاکھ 55 ہزار 511 ہوگئی ہے جبکہ اموات 12 ہزار 26 تک پہنچ گئیں۔

تاہم ایک ہزار 260 مریض ایسے خوش نصیب تھے جنہوں نے اس وائرس کو شکست دی اور صحتیاب ہوگئے، جس کے بعد یہ تعداد 5 لاکھ 11 ہزار 502 ہوگئی جبکہ ملک میں فعال کیسز کی مجموعی تعداد 31 ہزار 983 رہ گئی۔

اس عالمی وبا کی بات کریں تو اس کا پاکستان میں پہلا کیس گزشتہ سال کے اوائل یعنی 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد مارچ کے مہینے سے ملک میں لاک ڈاؤن سمیت مختلف پابندیاں دیکھنے میں آئی تھیں۔

ابتدائی طور پر یہ وائرس آہستہ آہستہ شدت اختیار کرنا شروع ہوا اور مئی اور جون میں یہ وائرس اپنی بلندیوں کو پہنچا اور اس وقت ملک میں صورتحال کافی تشویشناک حد تک دیکھنے میں آئی۔

جولائی میں وائرس کے پھیلاؤ میں کمی آنا شروع ہوئی اور اگست میں معمولات زندگی بحال ہونے لگیں جس کے بعد ستمبر میں تعلیمی ادارے بھی 6 ماہ کے بعد دوبارہ کھل گئے تھے۔

تاہم اکتوبر اور بعد ازاں نومبر میں یہ وائرس دوبارہ تیزی پکڑنے لگا اور حکومت ایک مرتبہ پھر نومبر کے آخر میں تعلیمی ادارے بند کرنے پر مجبور ہوئی جبکہ ساتھ ہی مختلف پابندیاں بھی عائد کی گئیں۔

دسمبر 2020 میں وائرس کے پھیلاؤ میں کچھ حد تک کمی دیکھنے میں آئی جس کا سلسلہ نئے سال 2021 کے پہلے مہینے میں بھی دیکھنے کو ملا جس کے بعد تعلیمی اداروں کو ایک مرتبہ پھر مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔

جنوری میں اگرچہ کورونا کی صورتحال قدرِ بہتر رہی اور فروری کے آغاز سے ملک میں تعلیمی سرگرمیاں مکمل بحال ہوگئیں تاہم اس کے باوجود اموات کی تعداد اب بھی درجنوں میں دیکھی جارہی ہیں۔

اگر آج 8 فروری کی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

پاکستان کے صوبہ سندھ میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 399 کیسز کا اضافہ ہوا جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 51 ہزار 47 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں اس عالمی وبا کے باعث مزید 32 مریضوں کے انتقال کر جانے سے اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 119 تک پہنچ گئی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 355 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 60 ہزار 933 ہوگئی۔

علاوہ ازیں صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 20 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 900 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں مزید 193 افراد کو کورونا وائرس نے متاثر کیا، یوں وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد 68 ہزار 531 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 5 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 957 تک جا پہنچی۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 10 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی کیسز 18 ہزار 869 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور اس طرح اموات کی مجموعی تعداد 196 پر برقرار ہے۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 60 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 41 ہزار 994 تک جا پہنچی۔

وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 2 مریض انتقال کرگئے، یوں مجموعی اموات 480 تک پہنچ گئیں۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری اعداد وشمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا وبا نے مزید 20 افراد کو اپنا شکار بنایا جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 9 ہزار 219 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید کسی مریض کے انتقال کی تصدیق نہیں ہوئی اور اس طرح وہاں اموات 272 پر برقرار ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا اور اس طرح یہ تعداد 4 ہزار 916 پر موجود ہے۔

مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید کوئی ہلاکت بھی رپورٹ نہیں ہوئی اور وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 102 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 260 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 5 لاکھ 11 ہزار 502 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 555511

صحتیاب: 511502

اموات: 12026

فعال کیسز: 31983

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 51 ہزار 47 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 60 ہزار 933 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 68 ہزار 531 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 18 ہزار 869 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 41 ہزار 994، آزاد کشمیر میں 9 ہزار 219 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 916 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 4119

پنجاب: 4900

خیبرپختونخوا: 1957

بلوچستان: 196

اسلام آباد: 480

آزاد کشمیر: 272

گلگت بلتستان: 102

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024