• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 53 اموات، مجموعی تعداد 12 ہزار کے قریب

شائع February 7, 2021
ملک میں اموات 12 ہزار کے قریب پہنچ گئیں — فائل فوٹو: فہیم صدیقی/وائٹ اسٹار
ملک میں اموات 12 ہزار کے قریب پہنچ گئیں — فائل فوٹو: فہیم صدیقی/وائٹ اسٹار

دنیا بھر میں طرز زندگی تبدیل کرکے رکھ دینے والا مہلک کورونا وائرس جہاں کروڑوں لوگوں کو متاثر اور لاکھوں کو ہلاک کرچکا ہے وہیں پاکستان میں بھی اس سے متاثرین کی تعداد لاکھوں اور اموات ہزاروں میں پہنچ چکی ہے تاہم یہاں ایک بڑی تعداد اس سے صحتیاب بھی ہوچکی ہے۔

کورونا وائرس سے متعلق سرکاری اعداد و شمار فراہم کرنے والے پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید ایک ہزار 346 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ مزید 53 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

ان نئے کیسز اور اموات کے بعد ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 5 لاکھ 54 ہزار 474 ہوگئی ہے جبکہ اموات 11 ہزار 967 تک پہنچ گئیں۔

تاہم ایک ہزار 542 مریض ایسے خوش نصیب تھے جنہوں نے اس وائرس کو شکست دی اور صحتیاب ہوگئے، جس کے بعد یہ تعداد 5 لاکھ 10 ہزار 242 ہوگئی جبکہ ملک میں فعال کیسز کی مجموعی تعداد 32 ہزار 265 رہ گئی۔

اس عالمی وبا کی بات کریں تو اس کا پاکستان میں پہلا کیس گزشتہ سال کے اوائل یعنی 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد مارچ کے مہینے سے ملک میں لاک ڈاؤن سمیت مختلف پابندیاں دیکھنے میں آئی تھیں۔

ابتدائی طور پر یہ وائرس آہستہ آہستہ شدت اختیار کرنا شروع ہوا اور مئی اور جون میں یہ وائرس اپنی بلندیوں کو پہنچا اور اس وقت ملک میں صورتحال کافی تشویشناک حد تک دیکھنے میں آئی۔

جولائی میں وائرس کے پھیلاؤ میں کمی آنا شروع ہوئی اور اگست میں معمولات زندگی بحال ہونے لگیں جس کے بعد ستمبر میں تعلیمی ادارے بھی 6 ماہ کے بعد دوبارہ کھل گئے تھے۔

تاہم اکتوبر اور بعد ازاں نومبر میں یہ وائرس دوبارہ تیزی پکڑنے لگا اور حکومت ایک مرتبہ پھر نومبر کے آخر میں تعلیمی ادارے بند کرنے پر مجبور ہوئی جبکہ ساتھ ہی مختلف پابندیاں بھی عائد کی گئیں۔

دسمبر 2020 میں وائرس کے پھیلاؤ میں کچھ حد تک کمی دیکھنے میں آئی جس کا سلسلہ نئے سال 2021 کے پہلے مہینے میں بھی دیکھنے کو ملا جس کے بعد تعلیمی اداروں کو ایک مرتبہ پھر مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔

جنوری میں اگرچہ کورونا کی صورتحال قدرِ بہتر رہی تاہم اس کے یومیہ کیسز اب بھی ہزار سے زائد ہیں جبکہ اموات بھی درجنوں میں رپورٹ ہورہی ہیں۔

اگر آج 7 فروری کی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

پاکستان کے صوبہ سندھ میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 605 کیسز کا اضافہ ہوا جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 50 ہزار 648 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں اس عالمی وبا کے باعث مزید 21 مریضوں کے انتقال کر جانے سے اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 87 تک پہنچ گئی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 418 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 60 ہزار 580 ہوگئی۔

علاوہ ازیں صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 26 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 880 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں مزید 158 افراد کو کورونا وائرس نے متاثر کیا، یوں وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد 68 ہزار 338 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 4 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 952 تک جا پہنچی۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 10 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی کیسز 18 ہزار 859 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور اس طرح اموات کی مجموعی تعداد 196 پر برقرار ہے۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 115 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 41 ہزار 934 تک جا پہنچی۔

وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا، یوں مجموعی اموات 478 پر برقرار ہیں۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری اعداد وشمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا وبا نے مزید 39 افراد کو اپنا شکار بنایا جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 9 ہزار 199 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید 2 مریضوں کے انتقال کی تصدیق ہوئی اور اس طرح مجموعی تعداد 272 ہوگئی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کا ایک نیا کیس سامنے آیا اور اس طرح یہ تعداد 4 ہزار 916 تک پہنچ گئی۔

مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید کوئی ہلاکت بھی رپورٹ نہیں ہوئی اور وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 102 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 542 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 5 لاکھ 10 ہزار 242 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 554474

صحتیاب: 510242

اموات: 11967

فعال کیسز: 32265

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 50 ہزار 648 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 60 ہزار 580 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 68 ہزار 338 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 18 ہزار 859 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 41 ہزار 934، آزاد کشمیر میں 9 ہزار 199 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 916 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 4087

پنجاب: 4880

خیبرپختونخوا: 1952

بلوچستان: 196

اسلام آباد: 478

آزاد کشمیر: 272

گلگت بلتستان: 102

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024