اذان سمیع 63 موسیقاروں کے ساتھ پہلا میوزک ایلبم ریلیز کرنے کو تیار
گلوکار عدنان سمیع اور اداکارہ زیبا بختیار کے بیٹے موسیقار، لکھاری و اداکار اذان سمیع خان یوں تو چند فلموں کے لیے موسیقی ترتیب دینے سمیت گلوکاری بھی کر چکےہیں۔
تاہم اب جلد ہی وہ پہلا میوزک سولو ایلبم ریلیز کرنے والے ہیں، جس میں دنیا کے 5 ممالک کے 63 موسیقار ان کے ساتھ کام کرتے دکھائی دیں گے۔
اذان سمیع خان نے جلد ہی ریلیز ہونے والے اپنے پہلے میوزک سولو ایلبم ’میرا تیرا‘ سے متعلق اگرچہ انسٹاگرام سمیت دیگر سوشل میڈیا پوسٹس کے حوالے سے بھی آگاہ کیا، تاہم انہوں نے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے پہلے میوزک ایلبم میں 9 گانے شامل ہیں۔
اذان سمیع خان نے بتایا کہ انہوں نے اپنے پہلےمیوزک ایلبم پر کافی محنت کی ہے اور ان کے ایلبم کو سننے والوں کے لیے بہتر تحفہ بنانے کے لیے ان کا دنیا کے 5 ممالک کے 63 موسیقاروں و تکنیکی عملے کے ارکان نے ساتھ دیا ہے۔
اذان سمیع خان کے مطابق ان کے پہلے میوزک ایلبم کو ’ہم میوزک‘ کے بینر تلے ریلیز کیا جا رہا ہے اور ان کے 9 گانوں کے ایلبم کے زیادہ تر گانوں کو فلم ہدایت کار احتشام الدین نے ڈائریکٹ کیا ہے۔
اذان سمیع خان نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ ان کے پہلے سولو ایلبم کے پہلے گانے ’میں تیرا‘ کی ویڈیو 10 فروری کو ریلیز کی جائے گی جب کہ ان کے ایلبم کو رواں ماہ کے اختتام سے قبل ریلیز کردیا جائے گا۔
ان کے پہلے سولو میوزک ایلبم میں ’میں تیرا‘ سمیت ’ماہیا، ڈھولنا، جادوگری، عاشقی، میرے سجنا رے، زما، تو اور دیگر گانے شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے پہلے میوزک ایلبم کو شائقین کے لیے یادگار بنانے کے لیے ان کے ساتھ پاکستان کے علاوہ بھارت، ترکی، مکدونیا اور برطانیہ کے موسیقاروں اور تکنیکی افراد نے کام کیا ہے۔
اذان سمیع خان نے بتایا کہ ان کے ساتھ ’میں تیرا‘ میں کینیڈین نژاد پاکستانی ماڈل ماہین صدیقی رومانس کرتی دکھائی دیں گی اور وہ ان کے گانے سے ہی ڈیبیو کر رہی ہیں۔
انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ جس طرح شائقین نے ان کے ’پرے ہٹ لو اور پرواز ہے جنون سمیت سپر اسٹار‘ کے گانے پسند کیے تھے، اسی طرح شائقین کو ان کا ایلبم بھی پسند آئے گا۔
خیال رہے کہ اذان سمیع خان نے دسمبر 2020 میں ہونے والے لکس اسٹائل ایوارڈز کے لیے بھی کلام ’الٰہی تو ہے میرا‘ ترتیب دیا تھا، جسے شائقین نے بہت سراہا تھا۔
’الٰہی تو ہے میرا‘ میں کم سن گلوکارہ ہادیہ ہاشمی، حدیقہ کیانی، علی طارق، فرید ایاز اور محمد قوال نے آواز کا جادو جگایا تھا۔