• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، دفتر خارجہ

شائع February 6, 2021
—فائل فوٹو: اے پی
—فائل فوٹو: اے پی

اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے تنازع پر پاکستان کے اصولی مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کوٹلی آزاد جموں و کشمیر میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے خطاب میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے پاکستان کے دیرینہ موقف اور حمایت کا اعادہ کیا۔

مزیدپڑھیں: کشمیریوں کو حق دیں گے کہ وہ پاکستان کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں یا آزاد، عمران خان

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے متعدد مرتبہ جموں و کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے بارے میں بات کی اور ان قراردادوں پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اقوام متحدہ کے زیر نگرانی آزادانہ اور غیرجانبدارانہ استصواب رائےکے ذریعے جموں و کشمیر تنازع کے حل کے لیے پُرعزم ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کوٹلی میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ مقبوضہ اور آزاد کشمیر کے لوگ جب اپنے مستقبل کا پاکستان کے حق میں فیصلہ کریں گے تو پاکستان کشمیر کے لوگوں کو حق دے گا کہ آپ آزاد رہنا چاہتے ہیں یا پاکستان کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیریوں کا حوصلہ ابھی زندہ ہے، ابھی امید باقی ہے!

ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیر کے لوگوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لیے حق ملنا تھا تو آج میں سب سے پہلے دنیا کو یاد کرانا چاہتا ہوں کہ جو حق دیا گیا تھا کشمیر کے لوگوں کو وہ پورا نہیں ہو سکا جبکہ اسی اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل نے مشرقی تیمور، انڈونیشیا جیسے مسلمان ملک میں، جہاں ایک جزیرہ تھا اور وہاں عیسائی زیادہ تھے، مشرقی تیمور کو وہ حق دیا اور وعدہ جلدی پورا کیا گیا، ریفرنڈم کرا کر ان کو آزاد کردیا۔

عمران خان نے کہا تھا کہ میں مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو ایک پیغام دینا چاہتا ہوں، آج صرف سارا پاکستان ہی مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ نہیں کھڑا بلکہ مسلمان دنیا آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اقوام متحدہ کو یاد کرانا چاہتا ہوں کہ آپ نے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا اور کشمیر کے لوگوں کو یہ کہنا چاہتا ہوں کہ جب آپ کو یہ حق ملے گا اور مقبوضہ اور آزاد کشمیر کے لوگ جب اپنے مستقبل کا پاکستان کے حق میں فیصلہ کریں گے تو اس کے بعد پاکستان کشمیر کے لوگوں کو حق دے گا کہ آپ آزاد رہنا چاہتے ہیں یا پاکستان کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024