ماورا حسین کو بھارتی فلم ’صنم تیری قسم‘ میں کیوں کاسٹ کیا گیا تھا؟
بولی وڈ کی 5 سال قبل 5 فروری 2016 کو ریلیز ہونے والی رومانٹک ٹریجڈی فلم ’صنم تیری قسم‘ کے ہدایت کاروں نے پہلی بار انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ہندو تیلگو لڑکی کے کردار کے لیے مسلمان لڑکی کیوں کاسٹ کی؟
’صنم تیری قسم‘ میں ہندو تیلگو لڑکی کا کردار ادا کرنے سے پاکستانی اداکارہ ماورا حسین نے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
’صنم تیری قسم‘ ماورا حسین کی نہ صرف پہلی بولی وڈ فلم تھی بلکہ وہ ان کی پہلی فلم بھی تھی اور اس فلم کے بعد ہی انہوں نے پاکستانی فلموں میں بھی کام کیا۔
اگرچہ ’صںم تیری قسم‘ کو اتنی شہرت نہیں ملی، تاہم اس باوجود فلم شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ماورا کی فلم 'صنم تیری قسم' کی پہلی جھلک
اور اب فلم کی ریلیز کو 5 سال مکمل ہونے کے بعد اس کے ڈائریکترز نے بتایا ہے کہ کیوں انہوں نے ہندو تیلگو لڑکی کے کردار کے لیے مسلمان لڑکی کا انتخاب کیا۔
بھارتی ویب سائٹ انڈیا ٹی وی نیوز نے خبر رساں ادارے آئی اے این ایس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ’صنم تیری قسم‘ کے ڈائریکٹرز نے فلم کے 5 سال مکمل ہونے کے بعد پہلی بار بتایا کہ انہوں نے پاکستانی اداکارہ کو فلم میں کیوں کاسٹ کیا تھا؟
رپورٹ کے مطابق فلم کی تکمیل کو 5 سال مکمل ہونے پر رادھیکا راؤ اور وینے سپرو نے بتایا کہ فلم کی کہانی اور کرداروں کی وجہ سے وہ کسی نئی اداکارہ کو کاسٹ کرنا چاہتے تھے اور انہوں نے مکمل طور پر پہلے منصوبہ نہیں بنایا تھا کہ وہ ماورا حسین کو ہی کاسٹ کریں گے۔
دونوں فلم سازوں کے مطابق نئی اداکارہ کی تلاش کرنے کے دوران ہی انہیں پاکستانی مسلمان اداکارہ ماورا حسین کا خیال آیا اور انہوں نے انہیں تیگلو ہندو برہمن لڑکی کے کردار کے لیے کاسٹ کیا۔
دونوں فلموں نے بتایا کہ ماورا حسین نے تو تیلگو ہندو برہمن کمیونٹی کی روایات سے واقف تھیں اور نہ ہی انہیں اس طرح کے کسی کردار کا کوئی آئیڈیا تھا، تاہم انہوں نے کردار کو انتہائی اچھے انداز میں کر دکھایا۔
مزید پڑھیں: ماورا کی فلم کا پہلا ٹریلر ’رونے کا مقابلہ‘؟
فلم کے ہدایت کار وینے سپرو کے مطابق فلم کی مرکزی اداکارہ ماورا حسین کا کردار کسی حد تک ان کی شریک ہدایت کارہ رادھیکا راؤ کی حقیقی زندگی سے ملتا ہے، کیوں کہ وہ تیلگو برہمن خاندان سے تعلق رکھتی ہیں جب کہ مرکزی ہیرو کا کردار کسی نہ کسی طرح ان کی حقیقی زندگی سے مطابقت رکھتا ہے۔
اگرچہ دونوں فلم سازوں نے بتایا کہ انہوں نے ماورا حسین کو صرف اس لیے کاسٹ کیا، کیوں کہ وہ فلم میں کسی نئے چہروں کو کاسٹ کرنا چاہتے تھے، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ آخر انہوں نے ماورا کو ہی کیوں منتخب کیا اور اسے کاسٹ کرنے کے لیے انہوں نے کس طرح اداکارہ سے رابطہ کیا؟
یہ بھی پڑھیں: صنم تیری قسم: سنجیدہ لوگوں کیلئے 'نقصان دہ' فلم
’صنم تیری قسم‘ میں ماورا حسین کی اداکاری کو سراہا گیا تھا، اس فلم کی کہانی 1970 میں شائع والے ایرک سیگل کے ناول ’لو اسٹوری‘ سے ماخوذ تھی۔
اسی ناول پر پہلے بھی بولی وڈ فلمیں کم از کم دو فلمیں بنائی جا چکی تھیں، جن میں 1982 میں کمل ہاسن اور رینا رائے جب کہ سال 2000 میں سیف علی خان اور پوجا بھٹ کی اسی نام سے بنائی گئی فلمیں شامل ہیں۔