• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

آمنہ الیاس کی غریب افراد کی تضحیک کے خلاف ’شعور‘ اجاگر کرنے کی کوشش

شائع February 6, 2021
اداکارہ کی مختصر ویڈیو کی تعریفیں کی جا رہی ہیں—اسکرین شاٹ
اداکارہ کی مختصر ویڈیو کی تعریفیں کی جا رہی ہیں—اسکرین شاٹ

اداکارہ و ماڈل آمنہ الیاس ہمیشہ ہی سماجی مسائل کو سامنے لانے اور انہیں حل کرنے سے متعلق منفرد انداز میں تجاویز پیش کرتی رہتی ہیں۔

اور اسی سلسلے میں حال ہی میں انہوں نے انسٹاگرام پر مختصر ویڈیو شیئر کی، جو کہ دراصل غریبوں کی مدد کے بدلے ان کی تضحیک کیے جانے کے مسائل کو اجاگر کرنے سے متعلق تھی۔

آمنہ الیاس نے 5 فروری کو انسٹاگرام پر مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ دو غریب افراد کو 5 ہزار روپے کا نوٹ دے کر ان کے ساتھ تصاویر و ویڈیوز بناتی دکھائی دیں۔

مختصر ویڈیو میں اداکارہ کے ساتھ تنویر گل اور ثانی فاروق دکھائی دیے، جنہوں نے بکھاریوں کا روپ دھارا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

مختصر ویڈیو میں آمنہ الیاس کو رعبدار انداز میں ایک بھکاری کو 5 ہزار روپے کا نوٹ دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور بھکاری 5 ہزار روپے دیے جانے پر ان کا شکریہ ادا کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

بھکاری کی جانب سے شکریہ ادا کرنے کے منفرد انداز پر آمنہ الیاس کو انہیں تھپڑ رسید کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ساتھ ہی اداکارہ کو کہتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک تو بھکاری اور اوپر سے اوور ایکٹنگ۔

یہ بھی پڑھیں: آمنہ الیاس کی ’بھرم کلچر‘ کے خلاف شعور اجاگر کرنے کی کوشش

ویڈیو میں اداکارہ کو دوسرے بھکاری کو بھی وہی پانچ ہزار روپے کا نوٹ دیتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور ساتھ ہی اداکارہ ویڈیو میں یہ کہتی سنائی دیتی ہیں کہ اب تصویر اچھے طریقے سے نکالیں۔

ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے آمنہ الیاس نے غریبوں کی مدد کے بدلے ان کے ساتھ نامناسب انداز میں تصاویر یا ویڈیوز بنوانے والے افراد کے لیے پیغام لکھا کہ اگلی بار وہ جب کسی کی مدد کریں تو کیمرا کو نہ نکالیں۔

آمنہ الیاس سماجی مسائل پر بات کرتی رہتی ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
آمنہ الیاس سماجی مسائل پر بات کرتی رہتی ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

انہوں نے غریبوں کی مدد کے بدلے تصاویر و ویڈیوز کی صورت میں ان کی تضحیک کرنے والے افراد کے لیے لکھا کہ وہ یاد رکھیں کہ وہ کسی دوسرے کی ضرورت پوری کر رہے ہیں اور وہ اس عمل کو ایسے سر انجام دیں، کہ ایسا نہ لگے کہ وہ اپنی ضرورت پوری کر رہے ہیں۔

ساتھ ہی کیپشن میں انہوں نے ایک حدیث کا جملہ بھی لکھا کہ ’صدقہ ایسے دیں کہ اگر دائیں ہاتھ سے دے رہے ہیں تو بائیں ہاتھ کو بھی پتہ نہ چلے‘۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

اداکارہ کی جانب سے غریبوں کی مدد کے بدلے ان کی تضحیک کرنے والے افراد کے خلاف ’شعور‘ اجاگر کرنے کی ویڈیو کو سراہا جا رہا ہے، تاہم بعض افراد یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ ویڈیو میں دکھائے گئے غریب کو تھپڑ مارنے کی ضرورت نہیں تھی۔

مذکورہ ویڈیو سے قبل بھی آمنہ الیاس سماجی مسائل پر شعور اجاگر کرنے کی ویڈیوز یا تصاویر شیئر کرتی رہی ہیں۔

گزشتہ ماہ جنوری کے اختتام پر انہوں نے ٹریفک قوانین پر عمل نہ کرنے والے افراد کے ’بھرم کلچر‘ پر شعور اجاگر کرنے کی مختصر ویڈیو بھی شیئر کی تھی۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024