مکس مارشل آرٹس مقابلے میں پاکستان نے بھارت کو شکست دے دی
پاکستان سمیت دنیا بھر میں بھارت کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم پر کشمیریوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کا دن منایا جا رہا ہے اور اس موقع پر سنگاپور میں پاکستان کے احمد مجتبیٰ نے بھارت کو مکس مارشل آرٹس کےمقابلے میں شکست دے دی۔
سنگاپور میں ہوئے مقابلے میں احمد مجتبی بھارت کے راہول راجو کو ناک آؤٹ کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ون چمپیئن شپ کی جانب سے مقابلے کی ویڈیو بھی جاری کی گئی جس میں احمد مجتبیٰ کی جانب سے بھارتی حریف کو ناک آؤٹ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
احمد مجتبی نے اپنی کامیابی کو کشمیر کے مظلوم عوام کے نام کرنے کا اعلان کیا تھا۔
جیت کے بعد اپنے پیغام میں احمد مجتبیٰ نے کہا کہ 'پہلے مرحلے میں بھارتی حریف راہول راجو کو ناک آؤٹ کردیا ہے، میں نےسب سے وعدہ کیا تھا کہ یہ فائٹ ضرور جیتوں گا اور میں نے اپنا وعدہ پورا کیا ہے، اب دیکھنا ہے کہ حکومت اور مداحوں سے کیا ردعمل آتا ہے'۔
انہوں نے کہا کہ 'میں یہ فائٹ اپنے تمام کشمیری بھائیوں اور کشمیر کے لوگوں کے ساتھ ساتھ، پاک آرمی کے جوانوں، اپنے لوگوں، اپنے مداح، اپنے پاکستان اوردنیا بھر میں اپنے مداحوں کے نام کرتا ہوں'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'محنت رنگ لائی اور آگے بھی جیتیں گے اورپاکستان کا پرچم بلند کریں گے'۔
خیال رہے کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں، ادارے اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے طلم و جبر کا نشانہ بننے والے کشمیری عوام کی حمایت کے لیے یوم یکجہتی کشمیر منایا۔
وزیراعظم عمران خان، اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں شامل جماعتوں کے قائدین نے بالترتیب کوٹلی اور مظفر آباد میں یوم یک جہتی کشمیر کے سلسلے میں بڑے اجتماعات سے خطاب کیا۔