• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ماں کے علاج کیلئے پیسے مانگنے پر 'دوست نے جنسی ہراساں' کیا، راکھی ساونت

شائع February 5, 2021
بگ باس کی حالیہ قسط میں راکھی ساونت نے یہ انکشاف کیا —فائل فوٹو: فیس بک
بگ باس کی حالیہ قسط میں راکھی ساونت نے یہ انکشاف کیا —فائل فوٹو: فیس بک

بھارت کے متنازع ترین ریئلٹی شو 'بگ باس' کے سیزن 14 کا حصہ بننے والی اداکارہ راکھی ساونت آئے روز اپنے متنازع بیانات کی وجہ سے خبروں میں رہتی ہیں اور بگ باس کی حالیہ قسط میں راکھی ساونت نے اپنی ذاتی زندگی کے مسائل اور جنسی ہراسانی کا شکار ہونے کا انکشاف بھی کیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایک دوست نے ان کی والدہ کے علاج کے لیے رقم دینے کے بہانے گاڑی میں انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا۔

بگ باس میں راہول ویدیا کے ساتھ گفتگو کے دوران راکھی ساونت نے انکشاف کیا کہ جب انہوں نے شوبز انڈسٹری میں اپنا کیریئر شروع کیا تھا تو ان کی والدہ کو دل کا دورہ پڑا تھا۔

انہوں نے کہا کہ 'میں بہت چھوٹی تھی، مجھے پتا چلا میں ہسپتال گئی تو انہوں نے کہا کہ بہت رقم لگے گی'۔

مزید پڑھیں: بولی وڈ اداکارہ راکھی ساونت نے آخر کار شادی کرلی

راکھی ساونت نے بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ والدہ کے علاج کے لیے انہوں نے اپنے ایک دوست سے مدد مانگی اور بتایا کہ مجھے پیسوں کی ضرورت ہے تو اس نے مجھے اگلے دن ملنے کا کہا۔

انہوں نے کہا کہ 'میں نے اس کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں پیسے واپس کردوں گی، تو اس نے کہا کہ واپس کرنے کی ضرورت نہیں ہے ماں سے بڑھ کر کیا ہے اور ایسے الفاظ کہہ کر اس نے میرا بھروسہ جیت لیا'۔

—فوٹو: کلرز ٹی وی ٹوئٹر
—فوٹو: کلرز ٹی وی ٹوئٹر

راکھی ساونت نے مزید کہا کہ گاڑی امپورٹڈ تھی اور مجھے اندر سے لاک کھولنا بھی نہیں آتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: دپیکا اور پریانکا کے بعد راکھی ساونت کا بھی شادی کا اعلان

انہوں نے کہا کہ 'اس دوست نے کہا کہ راکھی میں تمہیں اتنے پیسے دے رہا تو تم مجھے کیا دو گی؟ میں نے کہا کہ میں کچھ نہیں دے سکتی، مجھے اتنی عقل نہیں تھی'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'جب میں نے اسے کہا کہ میں اسے کچھ نہیں دے سکتی تو اس نے مجھے بے لباس ہونے کا کہا، میں چیخی چلائی، اسی روکنے کی کوشش کی اور جب میں نے انکار کیا تو اس نے مجھے گاڑی سے نیچے سڑک پر پھینک دیا اور چلا گیا'۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

راکھی ساونت نے کہا کہ 'میری روح کانپ جاتی ہے، یہ بات میں نے ابھی تک اپنی ماں یا کسی اور کو بھی نہیں بتائی'۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'میں اس رات کے بعد اکیلی نہیں سوپاتی، مجھے ڈر لگتا ہے، اس دن کے بعد وہ کبھی نہیں ملا'۔

بعدازاں جب راہول ویدیا نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا کہ وہ ہمیشہ خوش رہیں اور ایک اچھی ماں بنیں تو راکھی ساونت روپڑیں۔

راکھی ساونت نے روتے ہوئے بتایا کہ ان کا شوہر رتیش پہلے سے شادی شدہ ہے اور وہ ان سے شادی سے پہلے یہ نہیں جانتی تھیں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

انہوں نے کہا کہ مجھے پتا نہیں چلا بلکہ مجھے دھچکا لگا اور اس کے بعد سے میری ماں بیمار رہنے لگی۔

راہول ویدیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ 'میں بھی انسان ہوں، کتنا درد برداشت کروں، میرے شوہر کا ایک بچہ ہے، وہ مجھے 5 مرتبہ طلاق کی دھمکی دے چکا ہے اور میں اپنی شادی بچانا چاہتی ہوں'۔

مزید پڑھیں: تنوشری دتہ نے راکھی ساونت کے’ریپ‘ الزامات پر خاموشی توڑ دی

خیال رہے کہ راکھی ساونت نے برطانیہ سے تعلق رکھنے والے ایک بزنس مین ریتیش سے 28 جولائی 2018 کو شادی کی تھی تاہم اس کا اعلان تقریباً ایک ہفتے بعد کیا تھا۔

بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے راکھی نے انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے اپنے ایک مداح سے شادی کرلی ہے جس کا تعلق برطانیہ سے ہے اور یہ دونوں ایک دوسرے سے بےحد محبت کرتے ہیں۔

تاہم انہوں نے اپنی شادی کی خبر کو خفیہ رکھنے کے ساتھ ساتھ اس موقع کی تصاویر اور ویڈیوز کو بھی دنیا سے چھپایا تھا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024