• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

دوسرے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ 4وکٹیں گنوا کر مشکلات سے دوچار

شائع February 5, 2021
محمد رضوان کو آؤٹ کرنے کے بعد اینرچ نوکیا خوشی کا اظہار کررہے ہیں— فوٹو: اے پی
محمد رضوان کو آؤٹ کرنے کے بعد اینرچ نوکیا خوشی کا اظہار کررہے ہیں— فوٹو: اے پی
آل راؤنڈر فہیم اشرف نے نصف سنچری اسکور کی — فوٹو: اے ایف پی
آل راؤنڈر فہیم اشرف نے نصف سنچری اسکور کی — فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کے پہلی اننگز کے اسکور 272 رنز کے جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 4 وکٹیں گنوا کر مشکلات سے دوچار ہے۔

راولپنڈی میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان نے 145 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو فواد عالم اور بابر وکٹ پر موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی ٹیسٹ کا پہلا دن بابر اور فواد عالم کے نام

پاکستان کے لیے دن کا آغاز زیادہ اچھا نہ تھا اور بابر اعظم گزشتہ روز کے اسکور 77 رنز میں کسی اضافے کے بغیر ہی دن کی دوسری گیند پر اینرج نوکیا کی وکٹ بن گئے۔

ابھی پاکستان کی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ چار رنز کے اضافے سے فواد عالم وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں رن آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 45 رنز بنائے۔

149 رنز پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد محمد رضوان کا ساتھ دینے فہیم اشرف آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 41 رنز جوڑے۔

ایک مرتبہ پھر نوکیا نے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے 8 رنز بنانے والے محمد رضوان کو چلتا کردیا۔

مزید پڑھیں: سری لنکن ہیڈ کوچ آرتھر اور تھریمانے کورونا وائرس کا شکار

دوسرے اینڈ سے فہیم اشرف نے اپنی عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی لیکن کھانے کے وقفے سے قبل کیشپ مہاراج نے حسن علی کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

کھانے کے وقفے کے بعد یاسر شاہ اور فہیم اشرف نے جنوبی افریقی باؤلرز کے خلاف مزاحمت کرتے ہوئے 30 رنز کی ساجھے داری قائم کی جس کے بعد یاسر شاہ 8 رنز بنا کر ویان ملڈر کی گیند پر انہی کو کیچ دے بیٹھے۔

فہیم اشرف اور نعمان علی نے نویں وکٹ کے لیے 21 رنز جوڑے جس کے بعد نوکیا نے نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی کو چلتا کر کے 272 رنز پر پاکستان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

فہیم اشرف 12 چوکوں سے مزین 78 رنز کی اننگز کھیل ناقابل شکست رہے جبکہ پاکستان کے 6 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے اینرچ نوکیا نے 5 جبکہ کیشپ مہاراج نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

جنوبی افریقی اوپنرز نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 26 رنز کا آغاز فراہم کیا ہی تھا کہ حسن علی نے لگاتار دو گیندوں پر ڈین ایلگر اور راسی وین ڈر ڈوسن کی وکٹیں بکھیر دیں۔

ایڈن مرکرم کا ساتھ دینے تجربہ کار فاف ڈیو پلیسی آئے اور دونوں نے ٹیم ککی نصف سنچری مکمل کرائی لیکن 55 کے مجموعی اسکور پر فہیم کی باہر جاتی گیند کو کھیلنے کی پاداش میں ڈیو پلیسی وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔

مرکرم اور ٹیمبا باووما نے اسکور کو 81 تک پہنچایا لیکن نعمان علی نے 32 رنز بنانے والے مرکرم کو پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔

نئے بلے باز کپتان کوئنٹن ڈی کوک نے وکٹ پر آتے ہی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 5 چوکے جڑ کر دباؤ کسی حد تک کم کردیا۔

جب خراب روشنی کے سبب دن کا کھیل 10اوورز قبل ختم کیا گیا تو جنوبی افریقہ نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 106رنز بنائے تھے، باووما 15 اور ڈی کوک 11 گیندوں پر 24 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔

جنوبی افریقہ کو پاکستان کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 166 رنز درکار ہیں۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی نے دو جبکہ نعمان اور فہیم نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا لیکن یہ فیصلہ اس وقت غلط ثابت ہوا تھا جب پاکستانی ٹیم 22 رنز پر تین وکٹیں گنوا بیٹھی تھی۔

اس کے بعد فواد عالم اور بابر اعظم کی جوڑی نے ٹیم کو سنبھالا دیا اور چوتھی وکٹ کے لیے 123 رنز کی شراکت قائم کی اور بارش سے متاثرہ پہلے دن کے اختتام تک کوئی وکٹ نہ گرنے دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں کونسی تاریخ رقم ہوگی؟

واضح رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو 0-1 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔

پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کے بعد تین ٹی20 میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024