• KHI: Maghrib 6:02pm Isha 7:22pm
  • LHR: Maghrib 5:19pm Isha 6:44pm
  • ISB: Maghrib 5:19pm Isha 6:47pm
  • KHI: Maghrib 6:02pm Isha 7:22pm
  • LHR: Maghrib 5:19pm Isha 6:44pm
  • ISB: Maghrib 5:19pm Isha 6:47pm

کشمیری عوام کی حمایت کیلئے آج یوم یکجہتیِ کشمیر منایا جارہا ہے

شائع February 5, 2021
اسلام آباد، مظفر آباد، گلگت اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں یکجہتی واکس کا بھی اہتمام کیا جائے گا—فائل فوٹو: اے ایف پی
اسلام آباد، مظفر آباد، گلگت اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں یکجہتی واکس کا بھی اہتمام کیا جائے گا—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جارہا ہے جس کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت ان کے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کی حمایت کا اظہار کرنا ہے۔

اس دن مقبوضہ کشمیر میں عوام پر بھارت اور اس کی افواج کی جانب سے ڈھائے جانے والے سنگین مظالم کو بھی اجاگر کیا جاتا ہے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے آزاد جموں وکشمیر میں کوٹلی کے مقام پر منعقدہ جلسہ عام سے خصوصی خطاب کیا۔

علاوہ ازیں ملک بھر میں صبح دس بجے سائرن بجائے گئے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی جبکہ اسلام آباد، مظفر آباد، گلگت اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں یکجہتی واکس کا بھی اہتمام کیا گیا۔

علاوہ ازیں پاکستان اور آزاد کشمیر کو ملانے والے کوہالہ پل اور دوسرے اہم مقامات پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی جبکہ ملک کے مختلف حصوں میں ریلیوں، جلسوں، سیمینارز اور دیگر تقاریب کا انعقاد اور بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج بھی کیا گیا۔

یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں ریڈیو پاکستان، پاکستان ٹیلی ویژن اور نجی ٹی وی چینلز مقبوضہ میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے خصوصی پروگرام نشر کیے گئے۔

واضح رہے کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو اپنے آئین کے آرٹیکل 370 کا خاتمہ کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کو اس کی خصوصی حیثیت سے محروم کردیا تھا جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کو تقسیم کرتے ہوئے اسے 2 وفاقی اکائیوں میں تبدیل کردیا تھا جس کا اطلاق گزشتہ سال 31 اکتوبر سے ہوگیا تھا۔

پاکستان کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا، وزیراعظم

آج کے دن کی مناسبت سے اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت ملنے تک کشمیری عوام کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔

ساتھ ہی انہوں نے 5 اگست 2019 کے بعد سے مسلسل مواصلاتی بندشوں اور غیر انسانی فوجی محاصروں کا سامنا کرنے والے کشمیری بہن بھائیوں کی حمایت کے پاکستانی عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی تفتیش کے لیے بین الاقوامی اداروں اور میڈیا کو رسائی دی جائے۔

جنوبی ایشیا کے امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے، صدر مملکت

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے تحت حل جنوبی ایشیا میں امن کے لیے ضروری ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے چارٹر میں حقِ خود ارادیات کو بنیادی حق قرار دیا گیا ہے اور اس حق کا نا ملنا اور کشمیری عوام کے حقوق کو سبوتاژ کرنا انسانی وقار کی نفی ہے۔

عارف علوی نے مزید کہا کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے آبادیاتی امتیاز بین الاقوامی قوانین کی مزید خلاف ورزی ہے جبکہ کشمیریوں کی اکثریت کو ان کی اپنی ہی سرزمین پر اقلیت بنا دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود سب سے پرانے تنازعات میں سے ہے، یہ تنازع بھارتی ہٹ دھرمی، وعدوں کی پاسداری سے انکار، بنیادی انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی بے توقیری کی وجہ سے حل نہیں ہوسکا۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھارت کے انسانیت کے خلاف سنگین جرائم پر اسکا محاسبہ کرے، بھارت خطے کی سلامتی کے لیے نقصان دہ یک طر فہ اور غیر قانونی کارروائیوں اور مقبوضہ کشمیر میں آر ایس ایس کے ”ہندوتوا“ ایجنڈے کے نفاذ سے باز رہے۔

مسئلہ کشمیر پر پوری پاکستانی قوم کی سوچ ایک ہے، وزیر خارجہ

دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کے تمام مکاتب فکر،سیاسی جماعتیں اور ادارے مسئلہ کشمیر پر ایک سوچ رکھتے ہیں، اس منزل کے حصول تک ہم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

وزیرخارجہ کی قیادت میں کشمیر یکجہتی ریلی نکالی گئی—تصویر:ڈان نیوز
وزیرخارجہ کی قیادت میں کشمیر یکجہتی ریلی نکالی گئی—تصویر:ڈان نیوز

انہوں نے یہ بات کشمیر یکجہتی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس کا آغاز ان کی قیادت میں وزارت خارجہ سے ہوا اور پارلیمنٹ ہاؤس تک جانے والی اس ریلی میں گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ،اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وفاقی وزیر برائے اطلاعات شبلی فراز ،وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی، اراکین پارلیمنٹ کے علاوہ مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر ظلم و ستم جاری ہے مگر کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں ہوئے، یہی حوصلہ ہے جس کی وجہ سے پاکستانی آپ کے ساتھ یکجہتی کر رہے ہیں۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ آج پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے سڑکوں پر ہے، کشمیریوں کی لازوال قربانیوں اور ان کی جرات کو سلام پیش کرتا ہوں۔

کشمیری دنیا کا ضمیر جاگنے کے منتظر ہیں، شیخ رشید

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ کشمیریوں کو ظلم و جبر سے مزید قید نہیں رکھا جا سکتا، آج کا کشمیری نوجوان اپنی آزادی کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے، انشااللہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیری اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کریں گے۔

اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان سے آزادی مظلوم کشمیریوں کا مقدر ہے، آج پوری قوم مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر رہی ہے، پاکستان نے ہمیشہ ہر فورم پر کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کی ہے۔

شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمشہ ہندوستان کے فاشسٹ چہرے کو بے نقاب کیا ہے، لیکن سات دہائیوں سے ایک کروڑ مظلوم کشمیری دنیا کا ضمیر جاگنے کے منتظر ہیں، آج غاصب ہندوستان کے خلاف عملی اقدامات کا وقت آ چکا ہے۔

وقت آگیا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کیا جائے، آرمی چیف

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایک پیغام میں کشمیریوں کو ان کی بہادرانہ جدوجہد پر سلام پیش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ٹوئٹ کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ کشمیری عوام مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے زیر سایہ سنگین مظالم، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور لاک ڈاؤن کا سامنا کررہے ہیں۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ اس انسانی المیے کو ختم کرنے اور مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کا وقت آگیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 12 جنوری 2025
کارٹون : 9 جنوری 2025